ٹویوٹا انڈس آلٹس گرینڈ لائن-اَپ میں نیا ویرینٹ متعارف کروائے گا

0 374

ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی (IMC) نئے سال کے آغاز پر اپنی مقبول 1.8-لٹر آلٹس گرینڈ کا نیا ویرینٹ متعارف کروائے گا جسے آلٹس گرینڈ X کا نام دیا جا رہا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق آلٹس گرینڈ X کی کئی تصویریں انٹرنیٹ پر سامنے آئی ہیں کہ جو ظاہر کرتی ہیں کہ کمپنی اپنے صارفین کے لیے مارکیٹ میں ٹویوٹا کرولا کا ایک اور ویرینٹ لا رہا ہے۔ وائرل تصاویر سے کار میں کوئی واضح تبدیلی ظاہر نہیں ہوتی۔ لیکن بظاہر لگتا ہے کہ اس سیڈان کے اگلے اور پچھلے بمپرز میں کچھ ڈیزائن تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ کار کے پچھلے حصے میں سرخ رنگ کا X کا نشان لگایا گیا ہے۔ آلٹس گرینڈ X ریئر پارکنگ سینسرز سے بھی لیس ہے اور یہیں پر گاڑی کی ظاہری شکل و صورت کی کہانی مکمل ہو جاتی ہے۔ جہاں تک نئے ویرینٹ کے انٹیریئر کا تعلق ہے، توقع ہے کہ اسے بھی کچھ بہتر بنایا جائے گا۔ 

آلٹس گرینڈ X کی خصوصی تصاویر پر ایک نظر: 

یہ امر یہاں قابلِ ذکر ہے کہ ٹویوٹا انڈس 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں کرولا لائن-اَپ کے 1.3 لٹر ویرینٹس کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کی جگہ ٹویوٹا یارِس کو دی جائے گی جو ملک میں پہلی بار اپنے قدم رکھے گی۔ کمپنی کو ملک میں معاشی سُست روی کی وجہ سے بھی سنگین بحران کا سامنا ہے۔ کاروں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے اِس مالی سال ‏2019-20ء کے آغاز سے ہی کاروں کی فروخت کو بُری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں آنے والی کمی اور حکومت کی جانب سے کئی ایڈیشنل ٹیکس اور ڈیوٹیز لگانا ہے۔ 

موجودہ مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں کمپنی کو فروخت کے معاملے تقریباً 57 فیصد کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میں سے 60 فیصد کمی تو صرف ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں دیکھی گئی ہے جو بہت زیادہ ہے، بالخصوص اس لیے کیونکہ یہ ملک کی مقبول ترین سیڈان ہے۔ آٹومیکر نے سیلز کو بہتر بنانے کے لیے کرولا کے مختلف ویرینٹس پر رعایتیں بھی دی ہیں۔ مارکیٹ میں کم طلب کی وجہ سے آٹو مینوفیکچرر نے جولائی سے نومبر کے عرصے میں کئی غیر پیداواری ایام (NPDs) کا بھی سامنا کیا۔ فروخت نہ ہو پانے والی گاڑیوں کا بڑا ذخیرہ جمع ہونے کی وجہ سے کمپنی نے اپنی پیداواری گنجائش کو آدھے سے بھی کم کر لیا ہے۔ 

واضح رہے کہ ٹویوٹا کرولا کے مختلف ویرینٹس کی قیمتوں میں 2019ء میں 23 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ویسے یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کمپنی نئی آلٹس گرینڈ X میں کون سے نئے فیچرز متعارف کروائے گی۔ اس حوالے سے مزید خبروں کے لیے پاک ویلز کے ساتھ رہیے اور اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.