نئے انداز کی حامل 2017 آوڈی A3 کی بُکنگ شروع

0 179

اب سے تقریباً دو مہینے پہلے اگست 2016 میں آوڈی پاکستان (Audi) نے A3 سیڈان کی بکنگ بند کردی تھی جسے دیکھتے ہوئے پاک ویلز پر پیشن گوئی کی گئی تھی کہ یہ فیصلہ دراصل آوڈی A3 کے نئے انداز کو پاکستان میں متعارف کروانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اب جبکہ پاکستانی کار ساز ادارے نت نئی گاڑیاں پیش کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں آوڈی پاکستان نے بھی آئندہ سال کے لیے A3 کے نئے انداز (facelift) کی بکنگ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: 2017 آوڈی A3 – نئی دلکش سیڈان جلد پاکستان آیا چاہتی ہے

A3 2017

آوڈی A3 کے نئے انداز میں کیا نیا ہے؟

ظاہری اور اندرونی حصہ
گاڑی کو نئے انداز سے روشناس کروانے اور جدید تبدیلیوں کے ساتھ پیش کرنے کی روایت پر عمل کرتے ہوئے آوڈی نے A3 کا بنیادی ڈیزائن، پیمائش اور خصوصیات گزشتہ سال والی ہی رکھی ہیں۔ البتہ قابل ذکر تبدیلیوں میں اگلی جانب پہلے سے زیادہ چوڑی گِرل اور نئے ڈیزائن کا حامل بمپر شامل ہیں۔ گِرل اور بمپر کی خوبصورت میں A3 کی نئی LED ہیڈلائٹس مزید اضافہ کرتی ہیں۔ پرانے ماڈل کے ہیلوجن ہیڈلیپمس کی جگہ لینے والی نئی LED ہیڈلائٹس کا انداز چپٹا سا ہے یعنی ان کی لمبائی خاصی کم جبکہ چوڑائی زیادہ ہے۔

Audi A3 LED headlights 2017 update

دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی نئے انداز کی حامل A3 میں سب سے زیادہ تبدیلیاں پچھلے حصے میں کی گئی ہیں۔گاڑی کے عقب میں موجود اسٹاپ لائٹس کے علاوہ انڈکیٹرز کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آوڈی پاکستان میں گاڑیوں کی تیاری پر غور کرے گا

Audi A3 2017 rear lights

پاک ویلز پر اگست کے مہینے میں شائع ہونے والا مضمون لکھتے ہوئے میں نے آوڈی A3 کے نئے اور پرانے دونوں ہی ماڈلز کے اندرونی حصے کے بارے میں کہا تھا کہ ان میں واحد بنیادی فرق آوڈی ورچوئل کاک پٹ کی موجودگی کا ہے۔ آوڈی کا ورچوئل کاک پٹ دراصل 12.3 انچ کا رنگین ڈسپلے ہے جو روایتی انفارمیشن کلسٹر کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ تاہم پاکستان میں آوڈی کے مداحوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ پاکستان میں یہ اپڈیٹ فراہم نہیں کی جارہی۔ آوڈی پاکستان کے نمائندے نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آوڈی A3 کے نئے انداز میں آوڈی ورچوئل کاک پٹ شامل ہے نہ ہی اسے اضافی قیمت ادا کرکے لگوایا جاسکتا ہے۔ تو اگر آپ نئی آوڈی A3 لینا چاہتے ہیں تو کچھ سالوں کے لیے مزید روایتی انفارمیشن کلسٹر ہی کو دیکھنا پڑے گا۔

Audi A3 Driver Information System and Audi Virtual Cockpit compared

نئی آوڈی A3 کا انجن
فی الوقت آوڈی پاکستان کی جانب سےنئے انداز کے ساتھ صرف 1200cc انجن دیا جارہا ہے۔ گو کہ اس TFSI انجن کو کم قیمت ہونے کی وجہ سے پاکستان میں خاصی پزیرائی حاصل ہوئی لیکن ساتھ ہی اس کی محدود قوت کی وجہ سے بھی تنقید برداشت کرنا پڑی۔ جہاں تک بات ہے نئی آوڈی A3 کی تو پرانے ماڈل والا ہی انجن رکھنے کے باوجود پہلے سے 4-5 ہارس پاور زیادہ تقریباً 109 ہارس پاور فراہ کرسکے گا البتہ ٹارک پہلے کی طرح 175 نیوٹن میٹر ہی رہے گا۔آوڈی A3 کے نئے انداز میں شامل اس واحد انجن کے ساتھ 7-اسپیڈ S-ٹرانک گیئر باکس دیا جارہا ہے۔ جہاں تک بات ہے سبک رفتاری کی تو آوڈی پاکستان دعوی کرتا ہے کہ یہ 9.5 سیکنڈز میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑسکتی ہے یوں اسے پرانے ماڈل کے مقابلے میں 0.5 سیکنڈ تیز قرار دیا جاسکتا ہے۔ایندھن کی کھپت سے متعلق آوڈی پاکستان کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پرانے انداز کے مقابلے میں یہ 0.1 لیٹر فی 100 کلومیٹر زیادہ ایندھن خرچ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک 2016 بمقابلہ آوڈی A3 – کس کا پلڑا بھاری ہے؟

Audi A3 facelift specifications

خصوصیات، دستیابی اور قیمت
دو ماہ قبل نئے انداز کی پیشکش سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے ہم نے قارئین کو قیمت میں اضافے کے امکانات سے بھی آگاہ کیا تھا۔ ہمارے اندازے کے عین مطابق آوڈی A3 کا نیا انداز 1,50,000 روپے اضافی قیمت کے ساتھ 40,00,000 روپے میں پیش کیا گیا ہے۔ البتہ اس گاڑی میں شامل کی جانے والی خصوصیات کا جائزہ لیں تو قیمت میں ڈیڑھ لاکھ روپے کا اضافہ زیادہ برا معلوم نہیں ہوتا بالخصوص اگر آپ کو 40 لاکھ روپے والی گاڑی میں LED ہیڈلائٹس بھی مل رہی ہوں کہ جنہیں پرانے ماڈل میں شامل کرنے کے لیے 3 لاکھ روپے اضافہ ادا کرنا پڑتے تھے۔

2017 Audi A3 in Pakistan

گو کہ گاڑی میں شامل خصوصیات بظاہر بہت زیادہ تبدیل نہیں کی گئیں البتہ اس میں شامل کی جاسکنے والی سہولیات کی فہرست میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ ان میں سے ایک آوڈی ڈرائیور سلیکٹ (Drive Select) بھی ہے جسے 1,50,000 روپے اضافی ادا کر کے گاڑی میں شامل کروایا جاسکتا ہے۔ آوڈی کا یہ جدید نظام تکنیکی نوعیت کا ہے اور اس کے ذریعے ڈرائیور کو مکتلف موڈز مثلاً کمفرٹ، آٹو اور ڈائنامک میں سے کسی ایک کے انتخاب کرنے میں آسانی میسر آتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں: حقیقت یا نظر کا دھوکا؟ ہونڈا سِوک 2016 بی ایم ڈبلیو 3 سیریز جتنی بڑی ہے!

Options available in Audi A3 in Pakistan

اس کے علاوہ آوڈی پاکستان نے پچھلے ماڈل کے ساتھ پیش کیے جانے والے “فنکشن پیکیج 2” کو ختم کر کے “ایکسکلوسیو لائن” متعارف کروایا ہے جس کی قیمت 7,50,000 روپے رکھی گئی ہے۔ اس پیکیج میں بہت سی چیزیں شامل کی گئی ہیں جن میں پارکنگ سسٹم پلس، بینگ اینڈ آلفسن ساؤنڈ سسٹم اور کمفرٹ قابل ذکر ہیں۔ آوڈی پاکستان نے ایک مرتبہ پھر “کمفرٹ کی” (ریموٹ کنٹرل) کی سہولت کو انتخابی سہولیات کی فہرست میں ہی رکھا ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے 40 لاکھ کے علاوہ 2 لاکھ روپے مزید ادا کرنا ہوں گے۔

اس وقت آوڈی پاکستان نے نئے انداز کی حامل A3 کی بُکنگ شروع کی گئی ہے اور توقع ہے کہ رواں سال دسمبر کے مہینے تک ان گاڑیوں کی دستیابی ممکن ہوسکے گی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.