پاک سوزوکی نے موٹر سائیکلوں کی قیمتیں ایک مرتبہ پھر بڑھا دیں!

0 5,489

حالانکہ ملک میں ڈالر کی قیمت کم ہو رہی ہے لیکن پاک سوزوکی نے ایک مرتبہ پھر اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ کمپنی نے اپنے چار ماڈلز کی قیمتوں میں 3,000 روپے کا اضافہ کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمپنی یکم نومبر 2020 سے قیمتیں نافذ کرے گی۔

کمپنی کا نوٹیفکیشن کہتا ہے کہ GS110S کی نئی قیمت 3,000 روپے کے اضافے کے بعد اب 1,78,000روپے کے بجائے 1,81,000روپے ہوگی۔ اسی طرح GR 150 اب 2,87,000 روپے کی پڑے گی، جس کی قیمت پہلے 2,84,000 روپے تھی۔

اس کے علاوہ GS 150کی نئی قیمت 1,93,000 روپے ہے، جس کی قیمت میں بھی 3,000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جو پہلے 1,90,000 روپے تھی۔ GS 150SE کی قیمت اب 2,07,000 کے بجائے 2,10,000 روپے ہوگی۔

Pak Suzuki

کمپنی نے قیمتوں میں اس اضافے کی کوئی خاص وجہ بیان نہیں کی ہے۔

نوٹیفکیشن مزید کہتا ہے کہ ریٹیل قیمت میں ایکس-فیکٹری اور فریٹ چارجز شامل ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ “یہ قیمتیں بھی بغیر کسی نوٹس کے تبدیل کی جا سکتی ہیں۔”

یہ چوتھا موقع ہے کہ پاک سوزوکی نے موٹر سائیکلوں کی قیمتیں بڑھائی ہیں۔ اس سے پہلے ستمبر میں کمپنی نے 20,000 روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔ آخری  اضافے میں کمپنی نے GS-150 SE اور GR-150 کی قیمتوں میں 5,000 روپے کا اضافہ کیا تھا جس سے یہ بالترتیب 1,90,000 اور 2,84,000 روپے تک پہنچی تھیں۔

اس کے علاوہ GD-110 S کی قیمت نے بھی 3,000 کا اضافہ دیکھا ہے جس کے ساتھ یہ 1,78,000 روپے تک جا پہنچی ہے۔

پاک سوزوکی کے منافع میں کمی:

پچھلے مہینے پاک سوزوکی نے مسلسل آٹھویں سہ ماہی میں خسارے کا سامنا کیا ہے۔ ڈیٹا کے مطابق آلٹو کی فروخت میں کمی اور مہران کی عدم موجودگی اس زوال کی دو بنیادی وجوہات بنیں۔

کمپنی نے 2020 کی تیسری سہ ماہی میں آمدنی میں 12 فیصد کی کمی ظاہر کی۔ ڈیٹا کے مطابق سوزوکی نے 22.60 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا، جبکہ پچھلے سال کے اسی عرصے میں یہ 25.63 ارب روپے تھا۔ یہ واضح کمی گاڑیوں خاص طور پر آلٹو کی فروخت میں کمی کی وجہ سے  ہوئی۔

سیلز:

کمپنی نے جولائی سے ستمبر 2020 کے دوران 17,485 یونٹس فروخت کیے، جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصے میں 23,147 تھے۔ کمپنی کو 1000cc اور 800cc کی کیٹیگری میں کِیا پکانٹو، یونائیٹڈ براوو اور پرنس پرل سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

اپنے مالیاتی نتائج میں کمپنی نے سہ ماہی کے دوران 136.38 ملین روپے کے نقصان کا اعلان کیا، جو کہ 88.30 فیصد بحالی ہے۔ پچھلے سال کار مینوفیکچرنگ کمپنی کو 1.16 ارب روپے کا خسارہ ہوا تھا۔

اگر ہم کمپنی کے 9 مہینے کے نقصان کو دیکھیں تو یہ 2020 میں 2.59 ارب روپے ہے، جو 2019 میں 2.68 ارب تھا، جو سال بہ سال کی بنیاد پر 3.40 فیصد کی کمی ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.