کیا نئی اِسوزو ایم یو-ایکس پاکستان میں لانچ ہونی چاہیے؟
اِسوزو نے نئی MU-X کی رونمائی کر دی ہے، جو 3 قطاریں رکھنے والی SUV ہے۔ یہ گاڑی تیسری جنریشن کی نئی Dmax رکھتی ہے جو پچھلے سال/اکتوبر 2019ء میں تھائی لینڈ اور دوسرے علاقوں کے لیے لانچ کی گئی تھی۔ اب تک نئی MU-X تھائی لینڈ میں دستیاب ہے لیکن جلد ہی دوسری مارکیٹوں میں بھی فروخت کی جائے گی۔
اسوزو MU-X کے فیچرز:
MU-X اسی فارمولے سے استفادہ کر رہی ہے جو ٹویوٹا نے اپنی فورچیونر کے لیے استعمال کیا ہے، اور وہ ہے پک اپ ٹرک پلیٹ فارم کا استعمال۔ یہ 3 قطاروں والی SUV کی دوسری جنریشن ہے جسے نئی تیسری جنریشن کے DMax لَیڈر فریم چیسی پر لگایا گیا ہے۔ پیمائش کے لحاظ سے یہ 4850mm لمبی، 1870mm چوڑی، 1875mm اونچی ہے اور 2855mm کا وِیل بیس رکھتی ہے۔
فرق کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ فورچیونر 4795mm لمبی، 1855mm چوڑی اور 1835mm اونچی ہے جبکہ اس کا وِیل بیس تقریباً 2750mm کا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ MU-X ایکسٹیریئر میں فورچیونر کے مقابلے میں ہر لحاظ سے بڑی ہے۔
اسوزو MU-X کا ایکسٹیریئر:
MU-X کی فرنٹ گرِل نئی Dmax جیسی لگتی ہے لیکن LED ہیڈلائٹس + DRLs اور بمپر میں فوگ لیمپس کے ساتھ اس کی فرنٹ اسٹائلنگ کو ذرا کم کیا گیا ہے۔ سائیڈ پروفائل کسی بھی عام SUV جیسا ہے اور فرنٹ سے ریئر کی جانب ایک اہم کریکٹر لائن موجود ہے۔ D پِلر پر بڑی سائیڈ وِنڈوز تیسری قطار کی سیٹوں کو بھی اچھے نظارے دیتی ہیں۔ پچھلے حصے میں سلم ہیڈلائٹس کے ساتھ ذرا نیچے موجود لائسنس پلیٹ پوزیشن اسے ماڈرن لُک دیتی ہے۔
انٹیریئر:
انٹیریئر میں ڈیش بورڈ اور انسٹرومنٹ کلسٹر Dmax پک اپ جیسا ہی ہے۔ کچھ معمولی تبدیلیاں ہیں جیسا کہ MU-X میں 4 ویل ڈرائیو سلیکٹر نوب Dmax کی طرح کلائمٹ کنٹرول یونٹ کے نیچے فرنٹ میں ہونے کے بجائے سینٹرل کونسول میں ہے۔ MU-X آٹو بریک ہولڈ کے ساتھ ساتھ Dmax کی طرح الیکٹرانک پارکنگ بریک کے ساتھ بھی آتی ہے۔
سیٹوں کی دوسری قطار 60:40 اسپلٹ رکھتی ہے جبکہ تیسری قطار 50:50 اسپلٹ اوپننگ کے ساتھ آتی ہے۔ دوسری اور تیسری قطار کے لیے رُوف ماؤنٹڈ ایئر وینٹی لیشن وینٹس بھی دستیاب ہیں۔
پاور ٹیل گیٹ، 7 یا 9 انچ انفوٹینمنٹ سسٹم ایپل کار پلے/اینڈرائیڈ آٹو کے ساتھ، ملٹی فنکشن اسٹیئرنگ ویل پیڈل شفٹرز کے ساتھ، 8-وے ڈرائیور سیٹ، ambient لائٹنگ، ڈوئل زون کلائمٹ کنٹرول، ریموٹ انجن اسٹارٹ، کی لیس انٹری فیچرز بھی دستیاب ہیں، البتہ اس کا انحصار ویرینٹ پر ہے۔
اسوزو MU-X میں سیفٹی فیچرز:
سیفٹی کے لیے اسٹیبلٹی کنٹرول، ہل اسٹارٹ اسِسٹ، EBD، ABS، ہل ڈیسنٹ کنٹرول اور ٹریکشن کنٹرول فیچرز کے ساتھ ساتھ آپشنل ایکٹو سیفٹی فیچرز جیسا کہ بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ، ریئر کراس ٹریفک، فارورڈ کولیژن وارننگ اور autonomous بریکنگ، لین ڈپارچر، پارکنگ سینسرز، آٹومیٹک ہائی بیم بھی موجود ہیں۔
تیسری جنریشن کی Dmax کی طرح MU-X دو انجن آپشنز میں دستیاب ہے اور دونوں ٹربو ڈیزل ہیں۔ پہلا انجن RZ4E/1.9 لیٹر 4 سلنڈر ہے جو 148HP اور 350NM ٹارک پیدا کرتا ہے۔ یہ ویرینٹ 6-اسپیڈ مینوئل یا 6-اسپیڈ آٹومیٹک کے ساتھ دستیاب ہے۔ یہ ورژن صرف ریئر ویل ڈرائیو میں ہے۔ دوسرا انجن ویرینٹ 4JJ3/3.0 لیٹر 4 سلنڈر انجن کی صورت میں ہے۔ یہ انجن 187HP اور 450NM ٹارک پیدا کرتا ہے۔ 6-اسپیڈ آٹومیٹک واحد آپشن ہے اور یہ ورژن بھی 4WD کے ساتھ آتا ہے۔
قیمت:
جہاں تک قیمت کا معاملہ ہے تو تھائی لینڈ میں بَیس ماڈل کی قیمت 1.109 ملین بھات (57 لاکھ پاکستانی روپے) سے شروع ہوتی ہے جبکہ فلی لوڈڈ کی قیمت 1.579 ملین بھات (81 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔
کیا گندھارا موٹرز کو اسے پاکستان میں لانچ کرنا چاہیے؟
جہاں تک پک اَپ ٹرکوں کی بات ہے تو پاکستان میں صارفین کے لیے ہائی لکس/ریوو اور Dmax کے آپشنز دستیاب ہیں۔ ٹویوٹا کے لیے آپ کے پاس 3 قطاروں والی SUV فورچیونر کا آپشن بھی ہے جو ریوو پک اپ ٹرک کی بَیس رکھتی ہے، جس کے ساتھ وہ پلیٹ فارم، انجن، دیگر میکانیکی اور دیگر پرزے بھی شیئر کرتی ہے۔
مارکیٹ ٹرینڈ کراس اوورز/SUVs کی طرف جاتا دیکھ کر میرے خیال میں گندھارا موٹرز کے لیے اس سیگمنٹ میں آنے کا یہ بہترین موقع ہوگا۔ پاکستان میں موجودہ Dmax پہلے ہی پرانا ماڈل ہے، اور Dmax کی نئی جنریشن لانے سے MU-X کو ڈیولپ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
کیونکہ نئی MU-X نئی Dmax پر مبنی ہے اور دونوں ایک جیسی بنیاد رکھتی ہیں، دونوں ماڈلز بیک وقت اسی اسمبلی لائن پر اسمبل کیے جا سکتے ہیں۔ جہاں تک سَیلز کے اعداد و شمار کا تعلق ہے، ہو سکتا ہے کہ پاکستان میں اس وقت دستیاب Dmax ہٹ نہ ہوئی ہو۔ اس کے باوجود میرے خیال میں 3 قطاروں والی SUV ایک اچھا سودا ہوگی، خاص طور پر حقیقی آف روڈ صلاحیتوں کے ساتھ ہو تو۔ نئی Dmax نے بھی پچھلے ماڈل کے مقابلے میں بہتری ظاہر کی اور اگر اسے پاکستان میں متعارف کروایا جاتا ہے تو سیلز میں فرق پڑ سکتا ہے۔
یہ ذہن میں رکھیں کہ کِیا بھی جلد ہی 3 قطاروں والا ماڈل (سورنتو) لانے کا پلان بنا رہا ہے اور فورچیونر تو پہلے سے موجود ہے ہی، اس صورت میں 80 لاکھ سے کم قیمت کی MU-X ایک اچھا مقابلہ کر سکتی ہے۔ بہرحال، اس کا انحصار گندھارا پر ہے کہ اگر وہ اس حوالے سے مثبت سوچ رکھیں تو۔
تو آپ کے خیال میں کیا MU-X ایک بہتر مقابل ہے؟