عرب امارات: 2020 میں پاکستانی محفوظ ترین ڈرائیور قرار

0 10,837

متحدہ عرب امارات بہت سی ثقافتوں کا سنگم ہے۔ دنیا بھر کے لوگ متحدہ عرب امارات میں رہتے ہیں اور یہ سب کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے۔ ایک حالیہ تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ پاکستانی 2020 میں عرب امارات کی سڑکوں پر محفوظ ترین ڈرائیور رہے۔ گزشتہ سال ہونے والے تمام ٹریفک حادثات میں سے صرف 2.5 فیصد میں ہی کوئی پاکستانی ڈرائیور شامل رہا۔

مشرق وسطیٰ کی ایک معروف فائنانس کمپیریزن سائٹ Yallacompare نے 2020 میں عرب امارات میں تمام انشورنس کلیمز کا جامع کمپیریزن کیا ہے۔ کمپنی نے شہریوں کی قومیت کے لحاظ سے اعداد و شمار پیش کیے اور پایا کہ پاکستانی گزشتہ سال ہونے والے ٹریفک حادثات کے سب سے کم ذمہ دار رہے۔

عرب امارات میں پاکستانیوں کے بعد لبنانی دوسرے نمبر پر، فلپائنی تیسرے، شامی چوتھے اور اردنی پانچویں بہترین اور محفوظ ترین ڈرائیور رہے۔

‏Yallacompare کے CFO جوناتھن رولنگ نے امارات کی سڑکوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پاکستانی ڈرائیوروں کو سراہا اور کہا کہ “یہ دیکھنا دلچسپ ہے کہ ہمارے ڈیٹا کے مطابق انشورنس کلیمز کے لحاظ سے پاکستانی ڈرائیور 2020 میں سب سے بہترین تھے۔”

مجموعی طور پر Yallacompare کے کسٹمرز میں سے صرف 3.8 فیصد نے 2020 میں اپنی کار انشورنس کلیم کی۔ یہ تعداد 2019 کے مقابلے میں کہیں کم تھی جب 8 فیصد انشورنس کلیمز کیے گئے تھے۔ رولنگ نے کہا کہ 2020 میں کم انشورنس کلیمز کی وجہ “وائرس لاک ڈاؤن، لگائے گئے کرفیو اور گھر سے کام کرنے کی وجہ سے گاڑیوں کا ہونے والا کم استعمال اور کم سفر ہے۔”

مختصر یہ کہ عرب امارات میں رہنے والے پاکستانیوں نے زبردست روڈ ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے ہم سب کو سیکھنا چاہیے اور اپنے ملک کو محفوظ اور بہتر بنانا چاہیے۔ آئیے سب مل کر بہتر ڈرائیور بننے کی کوشش کرتے ہیں چاہے ہم جہاں بھی ہو، پاکستان میں، عرب امارات میں یا دنیا میں کہیں بھی!

آپ خود کو محفوظ ڈرائیور کے طور پر کس جگہ دیکھتے ہیں؟ خود کو 1 سے لے کر 10 تک نمبر دیں۔ سڑک پر اپنے بہترین اور بدترین ڈرائیونگ تجربے کے بارے میں ہمیں کمنٹس سیکشن میں بتائیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.