پاکستان میں آوڈی Q2 کراس اوور پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا

0 124

اب سے چند روز قبل ہم نے آپ کو یہ خبر بتائی تھی کہ آوڈی پاکستان نے سرمایہ کاری بورڈ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں پاکستان کے اندر گاڑیوں کی تیاری شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔ اور اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جرمن کار ساز ادارہ اپنے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں گاڑیوں کے خریداروں کو متوجہ کرنے کی شروعات کر چکا ہے۔ اس حوالے سے تازہ ترین پیش رفت آوڈی کی جانب سے پاکستان میں کم قیمت کراس اوور متعارف کروائے جانے کی خبر سے سامنے آئی ہے۔ آوڈی پاکستان کے فیس بک صفحے پر آئندہ سال 2017 کے اوائل میں آوڈی Q2 متعارف کروانے کا باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

Audi Pakistan

آوڈی پاکستان کی تیز پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ کار ساز ادارہ آٹو پالیسی 2016-21 سے بھرپور فوائد سمیٹنا چاہتا ہے۔ اس سے قبل آوڈی کے پاکستانی شراکت دار ادارے پریمیئر سسٹمز پرائیوٹ لمیٹڈ کے سربراہ علی خان نے بتایا تھا کہ پاکستان میں سالانہ 900 سے زائد آوڈی گاڑیاں فروخت ہورہی ہیں جبکہ کم قیمت اور سستی گاڑیوں کی پیشکش کے بعد اس تعداد میں قابل ذکر اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں دستیاب آوڈی Q3 کی قیمت میں کمی کردی گئی

آوڈی Q2

آوڈی Q2 پر نظر دوڑائیں تو یہ اپنے انداز کی وجہ سے منفرد کہی جاسکتی ہے لیکن اس کا حجم/پیمائش آوڈی Q3 سے کافی کم ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کے تین ماڈلز متعارف کروائے گئے ہیں جنہیں SE، S لائن اور ایڈیشن #1 کے نام سے پیش کیا گیا ہے۔ آوڈی Q2 کو 1600cc ڈیزل انجن (114 بریک ہارس پاور) اور 1400cc پیٹرول انجن (148 بریک ہارس پاور) کے علاوہ 1000cc ٹربوچارجڈ پیٹرول انجن (114 بریک ہارس پاور) کے ساتھ بھی پیش کیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آوڈی پاکستان اس کراس اوور کو 3-سلینڈر 1000cc ٹربو چارجڈ انجن کے ساتھ پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس سے نہ صرف گاڑی درآمد کرنے بلکہ اس کی رجسٹریشن اور ٹیکس کی مد میں بھی کم اخراجات آئیں گے۔ یوں آوڈی Q2 کو کم قیمت پر فروخت کیا جاسکے گا جو کہ ایک اندازے کے مطابق 27 سے 30 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں آوڈی Q2 کو مختلف حریفوں کا سامنا کرنا پڑے گا جن میں ہونڈا وزل، HR-V اور گزشتہ ماہ متعارف کروائی جانے والی بی ایم ڈبلیو X1 بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: بی ایم ڈبلیو X1 بمقابلہ آوڈی Q3 – دو جرمن گاڑیاں کا ٹاکرا

2016-آوڈی Q2-Side

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.