کراچی: اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 1.5 ارب روپے کی منظوری

0 378

شہر کراچی میں اہم شاہراہوں کی ابتر حالت کو بہتر بنانے کے لیے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے 1.5 ارب روپے کا خصوصی پیکیج منظور کرلیا ہے۔ ہفتے کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی سفارش پر یہ رقم منظور کی گئی ہے۔ منظور شدہ رقم کو شہر کے مختلف چوراہوں، فٹ پاتھ اور شاہراہوں کی مرمت پر خرچ کیا جائے گا۔ ان شاہراہوں میں کلفٹن، طارق روڈ، اولڈ نیشنل ہائے وے اور گولیمار انڈرپاس شامل ہیں۔

وزیر اعلی ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم دین بلو، صوبائی وزیر خزانہ و منصوبہ بندی سید مراد علی شاہ، قائم مقام چیف سیکریٹری رضوان میمن، کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں “نئے” مگر “نامکمل” پُل پر دراڑیں پڑگئیں!

ویز اعلی سندھ نے گولیمار انڈر پاس کی تعمیر میں غیر معمولی التوا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ جواب میں کمشنر کراچی نے فرمایا کہ انہیں گولیمار انڈر پاس منصوبے کی تکمیل کے لیے فوری طور پر 30 کروڑ روپے درکار ہیں۔ قائم علی شاہ نے صوبائی وزیر خزانہ کو یہ رقم جلد از جلد فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

golimar-underpass-initiate

یاد رہے کہ رضویہ سوسائٹی کے نزدیک گولیمار چورنگی پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اپریل 2015 میں ایک پُل ( فلائی اوور) کی تعمیر شروع کی گئی تھی تاہم تمام تر انتظامات مکمل ہوجانے کے بعد اس پُل کو گرین لائن بس منصوبے سے جوڑ دیا گیا اور یہاں گولیمار انڈر پاس تعمیر کیے جانے کا اعلان کردیا گیا۔ گزشتہ ماہ سندھ کے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گولیمار انڈر پاس تین ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے چند تکنیکی امور اور گرین لائن منصوبے کے لیے جاری تعمیرات پر سارا ملبہ ڈالتے ہوئے اسے گولیمار انڈر پاس کے کام میں رکاوٹ قرار دیا تھا۔ تاہم اب کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ وہ انڈر پاس 30 جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سالانہ 30 ہزار ٹریفک حادثات ہوتے ہیں: ڈی آئی جی ٹریفک

وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے اہم شاہراہوں پر کچرے اور گندگی کے ڈھیر کی موجودگی پر بھی شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کو اپنی ذمہ داریاں یاد کرواتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل تمام شاہراہوں کی صفائی مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائی۔ علاوہ ازیں انہوں نے اس مسئلے کا مستقل حل نکالنے کے لیے طویل المعیاد طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.