ٹویوٹا کرولا 2017: یورپ اور امریکا میں نئے انداز کے ساتھ پیش کی جائے گی

0 351

جب بات ہو ٹویوٹا کرولا یا ہونڈا سِوک کی تو گاڑیوں کا ہر شوقین کچھ نیا دیکھنے کے لیے جذباتی ہوجاتا ہے۔ جاپانی کار ساز ادارے کی فروخت ہونے والی تمام گاڑیوں میں کرولا 20 فیصد کی حصہ دار ہے۔ ٹویوٹا کے مطابق دنیا میں ان کے 16 کارخانے کرولا کی تیاری میں مصروف عمل ہیں۔ اس سال ٹویوٹا کرولا کے 50 سال بھی مکمل ہورہے ہیں۔ دنیا بھر میں 150 سے زائد ممالک میں کرولا کی گیارہویں جنریشن فروخت ہورہی ہے۔نئی جنریشن کی آمد کو تین سال کا عرصہ گزرچکا ہے لیکن صارفین پر اس کا سحر کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ نہ صرف اس کا امریکی ماڈل بلکہ یورپی ماڈل بھی فروخت کے نئے ریکارڈ بنا رہا ہے۔ دوسری طرف ہونڈا سِوک (Honda Civic) کی نئی جنریشن نے کافی لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرلیا ہے۔ گوکہ یہ پاکستان میں ابھی تک پیش نہیں کی گئی لیکن یہاں موجود ہونڈا کے شائقین بہت بے صبری سے اس کے منتظر ہیں۔ نئی ہونڈا سِوک کی آمد کے بعد سب سے زیادہ خطرہ روایتی حریف ٹویوٹا کرولا کو ہوسکتا ہے۔ اسی لیے ٹویوٹا اپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی میں نت نئی تبدیلیاں کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس سے صارفین پر کرولا کا جادو برقرار رکھا جاسکے۔اس حوالے سے انٹرنیٹ پر کرولا کے نئے انداز کی خفیہ تصاویر بھی گردش کر رہی تھیں لیکن آج ٹویوٹا یورپ نے نئے انداز یعنی فیس لفٹ کی تصاویر باضابطہ طور پر پیش کردی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں دستیاب ٹویوٹا کرولا اب متعدد خصوصیات کے ساتھ!

پہلی نظر میں آپ شاید کرولا میں کچھ نیا محسوس نہ کرسکیں لیکن اگلے حصے میں نئی ایل ای ڈی لائٹس کے ساتھ کروم پر غور کریں تو کافی تبدیلی نظر آئے گی۔ اس کے علاوہ دروازوں کے ہینڈل میں بھی کروم محسوس کیا جاسکتا ہے۔ 17 انچ کے الائے ویلز بھی کافی نمایاں ہیں۔ اندرونی حصے اور انجن میں تبدیلیوں سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتایا گیا البتہ اس میں ٹویوٹا سیفٹی سینس پروگرام شامل کیئے جانے کی خبریں کافی حوصلہ افزا ہیں۔ اس سسٹم میں لین کی خلاف ورزی پر مطلع کرنے، گاڑی کو کسی شہ یا پیدل چلنے والےکی ٹکر سے بچانے،سڑکوں پر لگے نشانات کو پڑھنے کے علاوہ روشنیوں کو خود کار انداز سے تیز یا مدھم کرنےجیسی خصوصیات شامل ہیں۔ یورپ میں نئے انداز کی حامل ٹویوٹا کرولا (Toyota Corolla) کو رواں سال موسم سرما میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

شمالی امریکا میں ٹویوٹا (Toyota) نے کرولا کی گولڈن جوبلی کے موقع پر لمیٹڈ ایڈیشن اور نئے انداز کی حامل کرولا پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ کرولا لمیٹڈ ایڈیشن کے تحت صرف 8 ہزار گاڑیاں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی ۔ البتہ نئے انداز کی حامل کرولا کی بات کریں تو امریکا میں پیش کی جانے والی کرولا میں بھی متعدد خصوصیات شامل کی جارہی ہیں۔ اس کے اگلے حصے میں ایل ای ڈی لائٹس کے علاوہ نئی گِرل اور دھند میں نظر آنے والی خصوصی لائٹس شامل کی گئی ہیں۔ یہ خصوصی لائٹس چوڑائی میں پھیلی ہوئی ہیں جس سے عام کرولا کے مقابلے میں اس کا انداز کچھ منفرد اور مزید جذباتی ہوگیا ہے۔ اندرونی حصے پر نظر ڈالیں تو آپ کو نئی سٹس اور 7 انچ کا ملٹی میڈیا سسٹم نظر آئے گا جس کے ساتھ پریمیم آڈیو سسٹم بھی موجود ہے۔ نیوی گیشن کے ساتھ ٹویوٹا کی ایپ E-tune بھی منسلک کی جاسکتی ہے۔ یورپ کی طرح امریکا میں بھی کرولا کے نئے انداز میں 17 انچ کے رمز کے علاوہ کئی حفاظتی سہولیات جیسے لین کی خلاف ورزی پر اطلاع، گاڑی کو کسی چیز یا پیدل چلنے والےکی ٹکر سے بچان اور روشنیوں کو خود کار انداز سے تیز یا مدھم کرنے کی خصوصیت بھی شامل ہے۔ انجن اور ٹرانسمیشن میں کسی قسم کی تبدیلی سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔

ٹوکوٹا نے کرولا کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ایک نئی ویب سائٹ Corolla50 بھی متعارف کروائی ہے جہاں کرولا کے مداح اس برانڈ سے جڑی اپنی یاد داشتیں تحریر کرسکتے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ پاکستان میں بھی بہت سے لوگوں کے لیے کرولا کا نام کئی خوشگوار یادوں سے جڑا ہوگا اور وی اسے دنیا بھر میں پھیلے ٹویوٹا کرولا کے دیگر مداحوں سے ضرور بانٹنا چاہیں گے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.