پاکستان میں موٹرسائیکل کی فروخت؛ مالی سال 2015-16 میں 20 فیصد اضافہ

0 1,042

عموماً پاک ویلز پر گاڑیوں کا ہی ذکر زیادہ رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ اعداد و شمار وغیرہ سے متعلق بات کرتے ہوئے بھی گاڑیوں کی فروخت اور درآمد جیسے موضوعات ہی زیر بحث رہتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہم پاکستان میں موٹر سائیکل کے شعبے کو فراموش کر چکے ہیں۔ عوام کی ایک بڑی تعداد موٹر سائیکل پر سفر کرتی ہے اس لیے انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہزاروں نہیں لاکھوں شہری روز مرہ سفر کے لیے موٹر سائیکلیں استعمال کرتے ہیں جس سے اس شعبے کی اہمیت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

دلچسپ اور باعث مسرت خبر یہ ہے کہ گاڑیوں کی طرح مالی سال 2015-16 کے دوران موٹر سائیکل کی فروخت میں بھی قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ جولائی 2015 سے جون 2016 کے دوران مجموعی طور پر 13,58,643 موٹر سائکلیں فروخت ہوئیں جبکہ گزشتہ مالی سال 2014-15 کے دوران یہ تعداد 11,32,887 رہی تھی۔ اس اعتبار سے مالی سال 2015-16 کے دوران موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 19.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں اس شعبے کا مستقبل کتنا روشن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت: مالی سال 2015-16 کا جائزہ

اب آئیے موٹر سائیکل ساز اداروں کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لیتے ہیں۔

ایٹلس ہونڈا (Atlas Honda)

مالی سال 2015-16 کے دوران ایٹلس ہونڈا نے سب سے زیادہ 8,11,034 موٹر سائیکلیں فروخت کیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ ہے۔ یاد رہے کہ مالی سال 2014-15 کے دوران 5,47,609 ہونڈا موٹر سائیکلیں فروخت ہوئی تھیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں فروخت کرنے والے ادارے نے اس حوالے سے معلومات فراہم نہیں کیں کہ ہونڈا کا کونسا ماڈل کتنی تعداد میں فروخت ہوا۔ اگر یہ اعداد و شمار بھی دیئے جاتے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملک میں موٹر سائیکل خریدنے والوں کا رجحان کس جانب ہے۔ بہرحال، عام خیال یہی ہے کہ ہونڈا CD70 ہی فروخت ہونے والی موٹرسائیکلوں میں سرفہرست رہے گی۔

Honda_CD70_2015

Honda-CG-125-Deluxe

یاماہا (Yamaha) اور سوزوکی (Suzuki)

ایک نوآموز موٹر سائیکل ساز ادارے کی حیثیت سے یاماہا نے کافی مناسب پیش رفت کا مظاہرہ کیا ہے۔ جاپانی موٹر سائیکل ساز ادارے نے جولائی 2015 سے جون 2016 کے دوران 16,109 موٹر سائیکلیں فروخت کیں۔ دوسری جانب یاماہا کے ہم وطن ادارے سوزوکی نے اسی عرصے میں 17,456 موٹرسائیکلیں فروخت کیں۔ان دونوں اداروں کا موازنہ کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ یاماہا نے کئی سالوں پرانی اور جانی مانی کمپنی سوزوکی کا زبردست مقابلہ کیا ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ مالی سال 2014-15 کے مقابلے میں سوزوکی موٹر سائیکلوں کی مجموعی فروخت 22,703 کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال 2015-16 کے دوران 5,247 موٹر سائیکل کم فروخت ہوئیں ہیں۔

Yamaha YBR 125G Pakistan  (23)

suzuki gs150

یونائیٹڈ آٹو موٹر سائیکل (United Auto Motorcycle)

پاکستان میں موٹر سائیکلوں کے شعبے میں ایک غیر معروف ادارے کا اچانک پروان چڑھنا واقعی حیرت کی بات ہے۔ یونائیٹڈ پاکستان میں سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں فروخت کرنے والے اداروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ مجموعی طور پر مالی سال 2015-16 کے دوران 2,62,773 یونائیٹڈ موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 13.57 فیصد زیادہ ہے۔ یونائیٹڈ نے پچھلے مالی سال 2014-15 میں 2,30,999 موٹرسائیکلیں فروخت کی تھیں۔

United US125

روڈپرنس (Road Prince)

ایٹلس ہونڈا اور یونائیٹڈ موٹر سائیکل کے بعد سب سے زیادہ بائیکس روڈ پرنس ہی نے فروخت کیں۔ جولائی 2015 سے جون 2016 تک مجموعی طور پر 1,67,247 روڈ پرنس موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں جبکہ گزشتہ مالی سال 2014-15 میں یہ تعداد 1,34,562 رہی تھی۔ یوں روڈ پرنس نے 24.3 فیصد زائد موٹر سائیکلیں فروخت کر کے اپنے صارفین کی مزید تعداد میں اضافہ کیا ہے۔

Road Prince RP70

گذشتہ مالی سال 2015-16 کے دوران موٹر سائیکلوں کی فروخت کا ایک مختصر جائزہ آپ نے پڑھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نئی آٹو پالیسی کی منظوری اور نفاذ کے بعد گاڑیوں کے ساتھ موٹر سائیکل کے شعبے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ رواں مالی سال کا جائزہ لیتے ہوئے ہمیں مزید بہتر اور حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوں گے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.