نئی سوِک اوریئل ٹربو بمقابلہ سوِک آر ایس ٹربو: ایک مختصر تقابل

0 4,986

ہونڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ (HACPL) نے 21 جنوری 2020ء کو اپنی سوِک لائن اپ میں چوتھے ویرینٹ شامل کر دیا  ہے، جو ایسا قدم ہے جو ہونڈا سوِک سیریز کو بڑھائے گا اور اس کی گرتی ہوئی فروخت کو سہارا دے گا۔ یہ موجودہ جنریشن میں بنایا جانے والا ہونڈا سوِک کا دوسرا ٹربو ویرینٹ ہے۔ ہونڈا سوِک 1.5L RS ٹربو پہلے ہی مقامی مارکیٹ میں موجود ہے، یعنی  اب صارفین کے پاس ٹربو لائن اَپ میں دو انتخاب ہوں گے۔ نئی 1.5L سوِک VTEC ٹربو اوریل ٹربو سیریز کا بنیادی ویرینٹ بھی شمار ہوگی۔ زیادہ تفصیل میں جائے بغیر آئیے ہونڈا سوِک کے دونوں ٹربو ویرینٹس میں بنیادی فرق کو دیکھتے ہیں۔ 

دونوں کاریں یکساں انجن رکھتی ہیں: 

ہونڈا سوِک VTEC ٹربو اوریل اور RS ٹربو دونوں ‘ارتھ ڈریمز ٹیکنالوجی’ رکھنے والے 1.5L DOHC VTEC ٹربو انجن سے لیس ہیں جو CVT ٹرانسمیشن کے ساتھ 5500 rpm پر زیادہ سے زیادہ 170 hp اور 4500-5500 rpm پر 220 Nm کا زیادہ سے زیادہ ٹارک پیدا کرتا ہے ۔ ہونڈا سوِک اوریل ٹربو کروز کنٹرول فیچر سے بھی لیس ہے، جو سوِک RS ٹربو میں پہلے ہی فراہم کیا جا چکا ہے۔ کمپنی نے ایکسٹیریئر باڈی اور انٹیریئر کے معاملے میں دونوں ماڈلز میں کچھ فرق رکھا ہے۔ 

ایکسٹیریئر: 

نئی سوِک ٹربو اوریل میں ریئر ٹرنک اسپوائلر LED کے ساتھ نہیں ہے، جو کہ سوِک RS ٹربو میں موجود ہے۔ پیڈل شفٹرز آپشن بھی نئے لانچ کیے گئے ماڈل میں نہیں ہے۔ دونوں کاروں کے ٹائر/رِم سائز میں بھی فرق ہے۔ ہونڈا سوِک اوریل ٹربو 215/55 R16 ٹائر سائز میں آتی ہے جبکہ RS ٹربو 215/50 R17 کے ٹائر سائز میں پیش کی گئی ہے۔ ساتھ ہی نیا ویرینٹ 16 انچ کے الائے ویلز رکھتا ہے جبکہ RS ٹربو ورژن اپنے ٹائر سائز کے مطابق 17 انچ الائے ویلز سے لیس ہے ۔ 

البتہ سوِک ٹربو اوریل کا اسپیئر ویل ایک 16 انچ اسٹیل ویل کے ساتھ فراہم کیا گیا ہے جبکہ RS ٹربو ویسے ہی 17  انچ اسٹینڈرڈ الائے ویل کے ساتھ آتی ہے۔ 

انٹیریئر: 

دونوں ماڈلز میں کیبن کے اندر موجود فرق دیکھا جائے تو  سوِک ٹربو اوریل چمڑے کی عمدہ سیٹیں رکھتی ہے وہ بھی خاکی رنگ میں، جبکہ RS ٹربو میں بھی چمڑے کی سیٹیں تو ہیں لیکن یہ کالے رنگ کی ہیں۔ فرنٹ نیوی گیشن سسٹم نئے متعارف کیے گئے ورژن میں ایک آپشنل فیچر کے طور پر آتا ہے، جو کہ RS ٹربو میں بطور اسٹینڈرڈ موجود  ہے۔ اسی طرح ریئر انٹرٹینمنٹ سسٹم RS ٹربو میں اسٹینڈرڈ accessory کے طور پر آتا ہے، جو سوِک ٹربو اوریل ورژن میں فراہم نہیں کیا گیا۔ 

مکمل فرق نیچے دیکھیں:

قیمت، وارنٹی اور دستیابی: 

جیسا کہ اوپر بتایا گیا ہے کہ سوِک VTEC ٹربو اوریل اِس کار کی ٹربو سیریز کا بیس گریڈ ماڈل ہے اور RS ٹربو کے مقابلے میں نسبتاً کم قیمت میں آتا ہے۔ کمپنی نے ہونڈا سوِک ٹربو اوریل کی قیمت 42,49,000 روپے رکھی ہے جبکہ RS ٹربو مارکیٹ میں 44,79,000 روپے میں دستیاب ہے۔ واضح رہے کہ یہ تمام قیمتیں ایکس-فیکٹری ہیں اور دونوں ماڈل 3 سال یا 75,000 کلومیٹرز وارنٹی کے ساتھ آتے ہیں۔  نیا لانچ کیا گیا ماڈل پہلے ہی ہونڈا اٹلس کی 3S ڈیلرشپس پر دستیاب ہے۔ یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ہونڈا سوِک کے تمام ویرینٹس کی قیمتوں پر 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) لاگو ہوتی ہے جو حکومت کی جانب سے لگائی گئی ہے۔ 

بہرحال، سوِک ٹربو سیریز کا یہ نیا ویرینٹ متعارف کروانا کمپنی کا ایک اسمارٹ قدم ہے۔ کمپنی پہلے ہی جاری مالی سال ‏2019-20ء‎ کی پہلی ششماہی میں ہونڈا سوِک اور سٹی کی مشترکہ فروخت میں 68 فیصد سے زیادہ کمی کا سامنا کر چکی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ کاروں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں ہیں، خاص طور پر مقامی مارکیٹ میں بڑی گاڑیوں  کے معاملے میں اور صارفین کی قوتِ خرید میں کمی کی وجہ سے۔ کیا یہ قدم کمپنی کی ہونڈا سوِک کی فروخت بہتر کرنے میں مدد دے گا یا صارفین کا بڑی گاڑیاں خریدنے کا رحجان بدستور زوال پذیر ہی رہے گا؟ اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے اور گاڑیوں کے حوالے سے مزید خبروں کے لیے پاک ویلز کے ساتھ رہیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.