سوزوکی سوِفٹ 2017 کی تصاویر منظر عام پر آگئیں

2 175

کسی بھی دوسرے ہم پلہ ملک کے مقابلے میں پاکستان میں دستیاب گاڑیوں کی تعداد بہت محدود ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے یہاں صرف تین کار ساز ادارے گاڑیاں تیار و فروخت کر رہے ہیں جن کی اجارہ داری طویل عرصے سے جاری ہے۔ ان جاپانی کار ساز اداروں کی گاڑیوں میں چند ایک ہی ایسی ہیں جنہیں صارفین اور ماہرین قدر کی نگاہ سے نگاہ دیتے ہیں۔ انہی میں سے ایک سوزوکی سوِفٹ (Suzuki Swift) بھی ہے۔ پاک ویلز نے پاکستان میں دستیاب سوزوکی سوِفٹ سے متعلق بہت عمدہ ویڈیو تبصرہ ریکارڈ کیا تھا جو اس تحریر کے آخر میں موجود ہے۔

یہ ویڈیو تبصرہ سوزوکی سوِفٹ کی پہلی جنریشن پر کیا گیا ہے جو پاکستان میں اب تک فروخت کی جارہی ہے۔ جبکہ عالی سطح پر سوزوکی سوِفٹ کی تیسری جنریشن بھی پیش کی جاچکی ہے بلکہ اب تو 2010 میں پیش کی جانے والی سوِفٹ کا بھی نیا انداز پیش کیا جانے والا ہے۔ صارفین کی من پسند گاڑی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سوزوکی کافی محنت کر رہا ہے۔ توقع یہی ہے کہ سوِفٹ کی نئی جنریشن آئندہ سال 2017 میں پیش کی جائے گی۔ البتہ اس کا نیا انداز کیسا ہوگا؟ اس بارے میں سوزوکی کچھ بتانے سے پرہیز کر رہا ہے۔ لیکن انٹرنیٹ پر دستیاب خفیہ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوِفٹ کے انداز میں کوئی قابل ذکر تبدیلی نہیں کی جارہی بلکہ پہلے سے موجودہ ڈیزائن میں چند ایک جگہ بہتری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی سوِفٹ اسپورٹس کی جھلک ٹوکیو موٹر شو میں متوقع

نئی جنریشن کی سوزوکی سوِفٹ کے اگلے حصے میں موجود گِرل کا ڈیزائن نیا معلوم ہوتا ہے۔ نیز اگلی جانب موجود لائٹس اور دھند میں قابل استعمال خصوصی لائٹس کو بھی نیا انداز دیا گیا ہے۔ اوپر کی جانب سے چھت کا انداز پہلے سے زیادہ ترچھا بنایا گیا ہے اور اس کے کنارے مزید گولائی میں کردیئے گئے۔ نئے الائے ویلز اور ان کے فینڈرز بھی واضح دیکھے جاسکتے ہیں۔ پچھلی جانب ڈگی کے دروازے کے قریب موجود لائٹس میں بھی تھوڑی بہت تبدیلی محسوس کی جاسکتی ہے۔

نئی سوزوکی سوِفٹ کے اندرونی حصے میں بھی بہت معمولی تبدیلیاں نظر آرہی ہیں۔ البتہ اسے بیان کرنے کے لیے درکار معلومات فی الوقت دستیاب نہیں ہیں۔ انجن کی اگر بات کریں تو نئی سوِفٹ میں 1 ہزار سی سی بوسٹر جیٹ ٹربو چارجڈ پیٹرول انجن شامل کی جانے کی توقع ہے۔ کم ایندھن خرچ کرنے کی وجہ سے مشہور یہ انجن اس سے قبل بلینو (Baleno) میں بھی دستیاب ہے۔ سوِفٹ کا RS ماڈل 1400 سی سی پیٹرول انجن کا حامل ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی دیگر انجن کے ساتھ سوِفٹ کی پیش کش متوقع ہے تاہم اس حوالے سے حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔

مختصر یہ کہ نئی سوِفٹ بیرونی یا اندرونی انداز سے بالکل نئی نہیں ہوگی جس سے سوزوکی کے مداحوں کو کافی مایوسی ہوسکتی ہے۔ اسے یورپ میں 2017 اور پھر بھارت کے بعد دنیا بھر میں پیش کیا جائے گا۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.