اپنی مدد آپ: ہونڈا CG125 کی کِک ڈھیلی ہوجانے کا مسئلہ خود حل کریں!

0 790

پرانی موٹر سائیکلوں بشمول ہونڈا CG125 میں پیش آنے والے مسائل میں سے ایک کِک کا ڈھیلا ہوجانا بھی ہے۔ چند سال پہلے میرے پاس 2005 ہونڈا CG125 تھی جس کے ساتھ بھی یہی مسئلہ تھا۔ اس کی وجہ جاننے کے لیے جب لوگوں سے مشورہ کیا تو علم ہوا کہ پرانی 125 موٹرسائیکلوں میں یہ مسئلہ بہت عام سی بات ہے۔ جب آپ نئی نویلی بائیک خریدتے ہیں تو ہر چیز بالکل ٹھیک کام کرتی ہے لیکن تھوڑے ہی وقت کے بعد جو مسائل سر اٹھاتے ہیں ان میں کِک خراب یا ڈھیلی ہوجانا سر فہرست ہے۔

بائیک میں کِک ڈھیلی ہوجانے پر میں نے موٹر سائیکل کے پرزے فروخت کرنے والی دکان سے 40 روپے کا اسپرنگ لے کرلگا لیا تھا جس سے یہ مسئلہ کچھ وقت کے لیے حل ہوگیا۔ اسپرنگ لگانے کا طریقہ بہت ہی آسان ہے۔ بس پیر رکھنے والی جگہ یعنی پیڈل پر لگے ہوئے ربڑ کو باہر نکالیں، اسپرنگ لگائیں اور پھر پیڈل پر دوبارہ ربڑ چڑھا دیں۔ دفتر میں میرے ساتھ کام کرنے والے ساتھی کو بھی یہی مسئلہ درپیش ہوا تو میں نے اسے یہی طریقہ بتایا۔ مگر وہ کسی قسم کی جگاڑ استعمال کرنے کے بجائے کمپنی کے بتائے گئے طریقے سے اس مسئلہ کو حل کرنا چاہتے تھے۔ لہٰذا انہوں نے کِک کو ٹھیک کرنے والی مکمل کِٹ خریدی۔ اس کِٹ میں ایک عدد اسپرنگ، ایک بیئرنگ بال، ایک واشر اور لاک شامل تھا۔ میرے ساتھی نے یہ کِٹ موٹر سائیکل کے پرزے فروخت کرنے والی عام دکان سے صرف 20 روپے میں خریدی تھی۔

آیئے، اب اس کے ذریعے ہونڈا CG125 میں ڈھیلی کِک کا مسئلہ حل کرتے ہیں۔ گو کہ اس کِٹ کے ذریعے آپ موٹر سائیکل کی کِک نکالے بغیر بھی کام کرسکتے ہیں لیکن یہ طریقہ خاصہ مشکل ہے۔ لہٰذا بہتر یہی ہے کہ کِک کو موٹر سائیکل سے علیحدہ کر کے تمام کام انجام دیں اور آخر میں کِک واپس لگادیں۔ آگے چل کر میں آپ کو یہ بھی بتاؤں گا کہ کِک علیحدہ نہ کرنے کی وجہ سے کہاں مسئلہ درپیش ہوا۔ چونکہ میرے ساتھی کی موٹر سائیکل میں کِک کے ساتھ کوئی واشر نہیں تھا اس لیے وہ باآسانی نکل آئی۔ اس کے ساتھ پرانی بیئرنگ بال بھی باہر آگئی جس کی چمک بالکل ختم ہوچکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی مدد آپ کے تحت ٹویوٹا FJ کروزر کے اسپارک پلگز تبدیل کریں

پرانی بال بیئرنگ تو باہر آگئی مگر اس کے پیچھے موجود اسپرنگ اندر ہی رہ گیا۔ اور اس پورے مرحلے میں اسے باہر نکالنا ہی سب سے مشکل اور وقت طلب کام رہا۔

honda-cg125-kick-diy-(14)a

honda-cg125-kick-diy-(14)

پرانا اسرپنگ نکالنے کے لیے آپ باریک نوک والا پلاس یا چمٹا (pliers) استعمال کرسکتے ہیں لیکن افسوس کہ ہمارے پاس وہ موجود نہیں تھا۔ اس کام کو انجام دینے کے لیے جو سامان ہمارے پاس دستیاب تھا اس کی تصویر یہ ہے:

honda-cg125-kick-diy-(24)

چونکہ پرانا اسپرنگ سوراخ کے اندر ہی میل کچیل کے باعث جم گیا تھا اس لیے میرے ساتھی نے پیٹرول کے چند قطرے ڈال کر میل صاف کرنے کی کوشش کی۔ یہ کوشش کامیاب ثابت ہوئی اور اسپرنگ سوراخ کے اندر حرکت کرنے لگا تاہم باہر نہیں نکلا۔ پرانے اسپرنگ کو باہر نکالنے کے میرے ساتھی نے اسکرو کی مدد لی۔ پہلے اسے اسپرنگ کے اندر داخل کیا اور پھر دستیاب پلاس کی مدد سے باہر کی طرف کھینچ لیا۔ یوں زنگ آلود اسپرنگ باہر آ گیا۔

honda-cg125-kick-diy-(15)

honda-cg125-kick-diy-(16)

پرانے اسپرنگ کو باہر نکالنے کے بعد اس کے سوراخ میں چند قطرے آئل کے ڈال کر نیا اسپرنگ لگا دیا۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ایسے چھوٹے سوراخوں پر گریس استعمال کرنی چاہیے لیکن چونکہ ہمارے پاس وہ دستیاب نہیں تھی اس لیے ہم نے آئل ہی استعمال کرلیا۔ اس کے بعد سوراخ میں بیئرنگ بال رکھ کر کِک واپس لگانے کی کوشش کی جو قدرے مشکل ثابت ہوئی۔ نئے اسپرنگ کی وجہ سے بیئرنگ بال اچھل کر باہر آرہی تھی جس کی وجہ سے تھوڑی مشکل پیش آئی۔ بہرحال، کِک کو اپنی جگہ پر رکھ کر اسے دونوں طرف سے کَس دیا گیا۔

honda-cg125-kick-diy-(17)

یہاں ہمیں اندازہ ہوا کہ کِک کے ساتھ جڑے ہوئے پرزے (knuckle/holster) کو پہلے علیحدہ کرلینا چاہیے تھا۔ کِٹ میں دیا گیا لوہے کے واشر کو کِک میں ہتوڑی سے ٹھوک کر لگانے کی کوشش کی جو بارآور ثابت نہ ہوئی۔ پھر ہم نے کِک اور اس کے ساتھ جڑے پرزے کو علیحدہ کیا اور واشر کو لگایا۔ بدقسمتی سے اس مرحلے پر میں اور میرا ساتھی اتنے مصروف ہوگئے کہ تصاویر لینا یاد نہ رہا ورنہ اپنے قارئین کے ساتھ ضرور شیئر کرتے۔ بہرحال پھر دوبارہ کِک واپس لگائی اور موٹر سائیکل اب سفر کے لیے تیار ہوگئی۔

ہونڈا (Honda) موٹر سائیکل میں ڈھیلی ڈھالی کِک کا مسئلہ حل کرنے میں تقریباً 30 منٹ کا وقت صرف ہوا۔ اگر ہمارے پاس درکار سامان ہوتا تو شاید ہم یہ کام اس سے بھی کم وقت میں مکمل کرسکتے تھے۔ اس کے علاوہ پرانے اسپرنگ کو نکالنے اور کِک میں واشر لگانے کی وجہ سے بھی کچھ اضافی وقت لگا۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے قارئین یہ مضمون پڑھنے کے بعد موٹر سائیکل کے اس دیرینہ مسئلہ کو اپنی مدد آپ کے تحت حل کرسکیں گے۔ گو کہ یہ کام عام مکینک 50 روپے کے عوض بھی کردے گا لیکن اپنی چیز کو خود ٹھیک کرنے سے جو تسلی اور اطمینان مل سکتا ہے وہ کسی اور سےکام لینے میں تھوڑا ہی آسکتا ہے۔

honda-cg125-kick-diy-(23)

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.