ہونڈا CG 125 بمقابلہ یاماہا YBR 125 – کون کس سے بہتر؟

3 851

طویل عرصے تک پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھنے کی کوششوں کے بعد بالآخر یاماہا جاپان اپنی پہلی 125cc انجن کی حامل موٹرسائیکل YBR 125 متعارف کروانے میں کامیاب ہو ہی گیا۔ موٹر سائیکل کے شعبے میں ہونڈا کی اجارہ داری کو چیلنج کرنے کے لیے یاماہا نے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یاماہا کی پہلی موٹر سائیکل منظر عام پر آنے کے بعد بائیک کے شوقین افراد ہونڈا CG 125 اور یاماہا YBR 125 کا موازنہ کر رہے ہیں۔ تو آئیے ہم ان دونوں موٹر سائیکلوں کا غیر جانبدار جائزہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور جانتے ہیں کہ یہ دونوں موٹر سائیکلیں کن کن چیزوں میں ایک دوسرے سے بڑھ کر ہیں۔

ہونڈا اور یاماہا موٹر سائیکلوں کو موازنہ شروع کرنے سے پہلے قارئین کو بتانا چاہوں گا کہ میں نے کچھ عرصے قبل ہی YBR 125 خریدی ہے اور پاک ویلز بلاگ پر اس بابت مفصل تجزیہ بھی لکھا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس تحریری اور تصویری موازنے سے ان لوگوں کو ضرور مدد ملے گی جو مستقبل قریب میں 125cc موٹر سائیکل خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انداز (Look)
یاماہا YBR 125 اپنے انداز سے 150cc یا 200cc موٹر سائیکل معلوم ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر یہ اپنی طرف متوجہ کرنے والی موٹر سائیکل ہے۔ اگر آپ اس کے اصلی ٹائرز کو زیادہ چوڑے ٹائرز سے تبدیل کردیں اور چھوٹی موٹی مزید تبدیلیاں کرلیں تو یہ کسی ہیوی بائیک سے کم معلوم نہیں ہوگی۔ جبکہ ہونڈا CG 125 کا انداز ہیوی بائیک سے قریب بھی نہیں ہے۔ اور ہو بھی کیسے سکتا ہے؟ ہونڈا CG 125 لگ بھگ 40 سال (1976 سے تاحال) پرانے ڈیزائن کی حامل موٹر سائیکل ہے۔ یوں اندازکے معاملے میں YBR 125 کوہونڈا سے آگے قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

کارکردگی (Performance)
سچ پوچھیں تو کارکردگی کی بنیادی پر ان دونوں میں سے کسی ایک کو بہتر قرار دینا بہت مشکل ہے۔ ہونڈا اور یاماہا کی موٹر سائیکلیں بہترین ایکسلریشن اور رفتار کی حامل ہیں۔ البتہ CG 125 اور YBR 125 میں ہائی آکٹین ایندھن استعمال کیا گیا تو یاماہا کی موٹر سائیکل بازی لے گئی۔ اس کی بنیادی وجہ یاماہا کی موٹر سائیکل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔

آرامدے (Comfort)
یاماہا YBR 125 میں چند کلومیٹر سفر کرنے کے بعد ہی میں اس کے آرامدے سفری تجربے سے متاثر ہوگیا۔ YBR 125 میں آرامدے نشست کے علاوہ بہترین معیاری شاکس بھی شامل ہیں جو ہونڈا CG 125 سے کہیں زیادہ آرامدے سفر کا لطف فراہم کرتے ہیں۔

آواز (Sound)
یہ وہ حصہ ہے کہ جہاں یاماہا YBR 125 نے کسی حد تک مجھے مایوس کیا۔ اس کا جاندار انداز کہیں سے بھی اس کی منمناتی آواز سے میل نہیں کھاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں ہونڈا CG 125 کی آواز بہت گرجدار معلوم ہوتی ہے باوجودیکہ اس کا انداز بہت پرانا ہے نیز رفتار اور آواز میں اضافے سے تھرتھراہٹ میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ ہونڈا CG 125 کے پرزوں سے آنے آواز نے بہت سے لوگوں کو سوزوکی 150 کے انتخاب پر مجبور کردیا اور میرے خیال سے اب لوگ YBR 125 کا بھی رخ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یاماہا YBR 125 اور YBR 125G ماہانہ اقساط پر بھی دستیاب!

2

منٹی نینس (Maintenance)
چونکہ یاماہا YBR 125 کو پاکستان میں متعارف ہوئے کچھ ہی ماہ ہوئے ہیں اس لیے پرزے خال خال اور اضافی قیمت میں دستیاب ہیں بنسبت ہونڈا CG 125 کے۔ ایک دوست نے مجھے بتایا کہ مارکیٹ میں یاماہا YBR 125 کی LED ہیڈلائٹس 600 روپے میں مل رہی ہے۔ میں نے بذات خود لاہور میں ساز و سامان کی مارکیٹ کا چکر لگایا تو اندازہ ہوا کہ انڈیکیٹرز کی جوڑی تقریباً 1300 روپے میں دستیاب ہے۔ توقع ہے کہ وقت کے ساتھ یاماہا موٹر سائیکل کی مقبولیت کے ساتھ پرزوں کی اضافی درآمد اور مقامی سطح پر تیاری کے بعد ان کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

ایندھن کی کفایت (Fuel Economy)
یاماہا کی YBR 125 کم ایندھن میں زیادہ سفر کرنے کی خاصیت رکھتی ہے۔ 1000 کلومیٹر کے بعد پہلی ٹیوننگ سے قبل میں نے ایک لیٹر ہائی آکٹین میں 55 کلومیٹر جبکہ ایک لیٹر سپریم میں 40 کلومیٹر تک سفر کیا۔ پہلی ٹیوننگ کے بعد YBR 125 ایک لیٹر ہائی آکٹین میں 60 کلومیٹر اور ایک لیٹر سپریم میں 48 کلومیٹر تک سفر کرنے کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ جبکہ ہونڈا CG 125 کے بارے میں سب ہی جانتے ہیں کہ یہ ایندھن کے معاملے میں زیادہ کفایتی نہیں۔ کم از کم YBR 125 جتنی تو بالکل بھی نہیں۔

قابل استعمال (Practicality)
مجموعی طور پر CG 125 کا انداز اسے YBR 125 سے زیادہ مفید بناتا ہے۔ عام پاکستانی سے اگر پوچھے تو YBR 125 کے متعلق اس کا تبصرہ ہوگا کہ “اس پر ایک بیوی اور 3 بچے نہیں بیٹھ سکتے”۔ اور یہ بات بالکل درست ہے۔ YBR 125 ایک فیملی بائیک ہرگز نہیں۔ اس کا انداز پچھلی نشست پر روایتی انداز میں بیٹھنے والی خواتین کے بالکل بھی موزوں نہیں۔ اس کے علاوہ آپ موٹر سائیکل کی ٹنکی پر بچوں کو بٹھا کر بھی سفر نہیں کرسکتے۔ یہی وجہ ہے کہ چھوٹی فیملی کے ساتھ سفر کرنے والے CG 125 کو بہتر خیال کرتے ہیں۔ گو کہ اس پر ایک خاتون اور تین بچوں کے ساتھ سفر کرنا بہت خطرناک ہے لیکن ہم ‘پاکستانی’ ہیں جن کے لیے ایسے خطرات کوئی معنی نہیں رکھتے۔

بعد از استعمال فروخت (Resale)
گو کہ میں اس سوچ پر بالکل یقین نہیں رکھتا کہ موٹر سائیکل اور گاڑی خریدتے ہوئے بعد از استعمال فروخت اچھی قیمت پر فروخت دیکھی جانی چاہیے لیکن عام آدمی کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایک چیز 5 سال تک استعمال کرے اور پھر اسے مزید منافع کے ساتھ فروخت کرے۔ بہرحال، اس حوالےسے دیکھا جائے تو YBR 125 کی بنسبت CG 125 کی بعد از استعمال اچھی قیمت مل سکتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ YBR 125 سے متعلق بہت کم لوگ جانتے ہیں جبکہ ہونڈا کا نام زبان زد عام ہے۔ مستقبل میں یاماہا کو اچھی شہرت حاصل ہوئی تو کوئی بعید نہیں کہ YBR 125 بھی اچھی قیمت پر فروخت ہونے والی استعمال شدہ موٹر سائیکلوں میں شمار کی جانے لگے۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا 125 کی غیر معمولی مقبولیت کی 5 وجوہات

1

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.