مارچ 2021ء میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیاں

0 6,410

گزشتہ سال سے پاکستان کی کار مارکیٹ نے کئی نئے اداروں کا خیر مقدم کیا ہے، پروٹون، MG، ہیونڈائی، DFSK پرنس، یونائیٹڈ موٹرز، کِیا اور دیگر۔ یہ سب پاکستان میں گاڑیوں کے خریداروں کے دِل جیتنے اور بگ 3، یعنی سوزوکی، ٹویوٹا اور ہونڈا، کی اجارہ داری کا خاتمہ کرنے کے لیے لوکل مارکیٹ میں آئے ہیں۔ چند نئے ادارے دوسروں سے زیادہ مقبول ہوئے ہیں اور ان کی مقبولیت وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ محض ایک اچھا آغاز ہے اور بگ 3 کی جگہ لینے کی منزل ابھی بہت دُور ہے۔

پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی ماہانہ کار سیلز رپورٹ کے مطابق تمام اداروں کے لیے یہ فروخت کا مہینہ تھا۔ پھر بھی سوزوکی اور ٹویوٹا سب سے آگے رہے۔ آئیے مارچ کے مہینے میں مسافر گاڑیوں اور SUVs کی فروخت کے اعداد و شمار دیکھتے ہیں۔

مارچ 2021 میں مسافر گاڑیوں کی فروخت

PAMA کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2021 میں سب سے زیادہ یہ گاڑیاں فروخت ہوئیں:

Suzuki Alto

۔ سوزوکی آلٹو

مسلسل تیسرے مہینے سب سے زیادہ فروخت کے ساتھ ایسا لگتا ہے کہ سوزوکی آلٹو نے مہران کی جگہ اب باقاعدہ طور پر حاصل کر لی ہے۔ ہزاروں پاکستانی ہر مہینے اپنے خاندان کے لیے یہ ننھی ہیچ بیک خرید رہے ہیں۔ سوزوکی نے مارچ 2021 میں اس کے 4,745 یونٹس فروخت کیے۔ فروری میں یہ تعداد 4,245 اور جنوری میں 3,827 تھی۔

 

Toyota Yaris

 

 

۔ ٹویوٹا یارِس

لانچ کے وقت ٹویوٹا یارِس کو بہت بحث مباحثے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیکن یہ گاڑي تمام تر منفی رویّے کے باوجود زبردست انداز میں آگے بڑھی اور مارچ 2021 میں 3,317 یونٹس کی فروخت کے ساتھ دوسری سب سے زيادہ فروخت ہونے والی گاڑی رہی۔ فروری میں یارِس نے 2,566 اور جنوری 2021 میں 2,992 یونٹس فروخت کیے تھے۔

 

Toyota Corolla Altis Grande

۔ ٹویوٹا کرولا

گو کہ یارِس نے اپنی بڑی ساتھی ٹویوٹا کرولا کو کئي مہینوں سے پیچھے چھوڑ دیا ہے، لیکن یہ پریمیم سیڈان اب بھی پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔ مارچ میں 2,126 یونٹس، فروری میں 1,177 یونٹس اور جنوری 2021 میں 1,525 یونٹس کے ساتھ کرولا کی فروخت ہر مہینے بڑھتی جا رہی ہے۔

 

Suzuki Cultus

 

 

۔ سوزوکی کلٹس

آلٹو کے بعد سوزوکی کی ایک اور ہیچ بیک، سوزوکی کلٹس، جو ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہے۔ مارچ 2021 میں اس فیملی کار کے 1,637 یونٹس فروخت ہوئے، جو فروری میں 1,484 کسے 10 فیصد اور جنوری 2021 میں فروخت ہونے والے 1,470 یونٹس سے 11 فیصد زیادہ ہیں۔

 

Suzuki Wagon R

 

۔ سوزوکی ویگن آر

سوزوکی کی ایک اور گاڑی جس نے مارچ 2021 میں ٹاپ 5 میں جگہ حاصل کی ہے۔ سوزوکی ویگن آر نے مارچ میں 1,259 یونٹس کے ساتھ واپسی کی ہے۔ اس گاڑی کو گزشتہ مہینے میں صرف 814 یونٹس کی فروخت کی وجہ سے مسائل کا سامنا تھا۔

 

Honda Civic

۔ ہونڈا سوِک/سٹی

‏PAMA رپورٹ ہونڈا کی دونوں مشہور سیڈانز، ہونڈا سوِک اور سٹی ، کی مشترکہ فروخت ظاہر کرتی ہے  جو جن کے مارچ میں 2,603 یونٹس فروخت ہوئے۔ ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے ہیں اس تعداد کی وجہ سے ہونڈا کی گاڑیوں کو مارچ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں چھٹے نمبر پر ہونا چاہیے۔ لیکن ان اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے ہمیں سوِک اور سٹی کا حوالہ دینا پڑا۔ ریکارڈ دیکھیں تو ان گاڑیوں نے اِس سال کافی اچھی کارکردگی دکھائی ہے، فروری میں 2,192 اور جنوری میں 2,063 یونٹس کی فروخت کے ساتھ۔

 

 

Suzuki Bolan

۔ سوزوکی بولان

پاکستان کا مشہور ‘کیری ڈبہ’ مارچ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مسافر گاڑیوں میں آیا ہے جس کے 1,017 یونٹس فروخت ہوئے۔ سوزوکی بولان کو اِس سال مشکل حالات کا سامنا رہا ہے اور اس کی اوسط ماہانہ فروخت 500 رہی ہے۔ لیکن یہ گاڑی اب 2021 کے تینوں مہینوں میں تقریباً دو گنی فروخت کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر دوڑتی دکھائی دے رہی ہے۔

 

 

Suzuki Swift

۔ سوزوکی سوئفٹ

پاک سوزوکی گاڑیوں کی ایک طویل لائن اپ رکھتی ہے اور ان میں سوزوکی سوئفٹ سب سے سست رفتاری سے بڑھ رہی ہے۔ سوزوکی مارچ میں سوئفٹ کے صرف 355 یونٹس فروحت کر پرایا۔ لیکن یہ حیرت کی بات نہیں، کیونکہ سوزوکی کی گاڑیوں میں سب سے کم فروخت اسی کی ہوتی ہے، فروری میں 179 اور جنوری 2021 میں 364 یونٹس۔

 

Hyundai Elantra

۔ ہیونڈائی ایلانٹرا

آخری نمبر پر پاکستان کی مسافر گاڑیوں کی لائن اپ میں ایک نیا اضافہ ہے۔ ہیونڈائی ایلانٹرا نے 24 مارچ کو پریمیم سیڈان گاڑیوں کے کلب میں قدم رکھا۔ PAMA کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے آخری 8 دنوں میں ہیونڈائی نے ایلانٹرا کے 46 یونٹس فروخت کیے۔ یہ ایک شاندار آغاز ہے!

یاد رکھیں کہ کِیا پکانٹو، پروٹون ساگا، چنگان ایلسوِن، یونائیٹڈ براوو، یونائیٹڈ الفا اور دیگر کئی گاڑیاں اس فہرست کا حصہ نہیں کیونکہ یہ ادارے PAMA سے منسلک نہیں ہیں۔ اگر ان گاڑیوں کی فروخت کے اعداد و شمار دستیاب بھی ہوتے تو ہمارے خیال میں یہ سب اس فہرست میں ٹاپ 5 سے نیچے ہی ہوتیں۔

تو مختصر یہ کہ نئے ادارے پاکستان کی کار مارکیٹ پر اثرات ڈال رہے ہیں۔ لیکن فی الحال یہ محض چھوٹی موٹی لہریں ہیں۔ ایک طوفان برپا کرنے کے لیے انہیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.