کرونا وائرس پر خدشات، جنیوا موٹر شو 2020ء منسوخ کردیا گیا
کرونا وائرس پر خدشات کی وجہ سے 2020ء جنیوا موٹر شو منسوخ کر دیا گیا ہے کیونکہ سوئس حکومت نے ملک میں 1،000 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی لگا دی ہے۔
دنیا بھر میں پھیلتے ہوئے کرونا وائرس کی وجہ سے 2020ء جنیوا انٹرنیشنل موٹر شو (GIMS) کو سوئس حکومت کی احتیاطی تدابیر کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس نے ملک بھر میں فوری طورپر 1،000 سے زیادہ افراد کے کسی بھی اجتماع پر پابندی لگا دی ہے۔ جنیوا انٹرنیشنل موٹر شو (GIMS) کا 90واں ایڈیشن 5 مارچ 2020ء سے شروع ہونا تھا۔ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والا GIMS دنیا بھر کے بڑے آٹو شوز میں سے ایک ہے کہ جہاں ہائی-اینڈ اور غیر معمولی گاڑیوں کے نئے ماڈلز کی رونمائی ہوتی ہے اور مستقبل کی گاڑیوں کے concepts پیش کیے جاتے ہیں۔ یہ ایک عوامی ایونٹ ہے کہ جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے بڑے ادارے آٹو انڈسٹری کے حوالے سے اپنے منصوبے سامنے لاتے ہیں۔ GIMS کا منسوخ ہونا بلاشبہ کئی آٹومیکرز کے لیے بڑا دھچکا ہوگا، کیونکہ اب انہیں اپنے ارادوں کو دوبارہ تشکیل دینا ہوگا اور حکمت عملیوں پر دوبارہ غور کرنا ہوگا۔
اس اعلان سے پہلے جنیوا موٹر شو کی انتظامیہ مہمانوں کو ہدایت دے رہی تھی کہ بیمار افراد اس میگا ایونٹ میں آنے سےگریز کریں۔ لیکن اس آٹو شو کے دوران کھچاکھچ بھرے ہوئے ہالز میں ایسا تقریباً ناممکن ہے۔ اب حکام نے واضح کر دیا ہے کہ اپنے تمام شرکا ء اور نمائش کرنے والوں کی صحت ان کی اوّلین ترجیح ہے۔ اس لیے وہ ایسا فیصلہ کرنے پر مجبور ہوا ہے جو سب کے لیے مایوس کُن ہے، خاص طور پر سرمایہ کاروں کے لیے کہ جنہوں نے ایونٹ میں بھاری سرمایہ لگا رکھا تھا اور آٹومیکرز کے لیے بھی کہ جنہیں اب اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا پڑے گی۔ بہرحال، سب کو اس موجودہ صورت حال کو سمجھنا چاہیے کہ جس میں سب کی حفاظت کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ بھی واپس کیے جائیں گے۔
چین کے شہر ووہان سے نکلنے والا کرونا وائرس اب تک دنیا بھر میں تقریباً 3،000 اموات کا سبب بن چکا ہے، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق چین سے ہے۔ اب تک دنیا بھر میں 80،000 سے زیادہ افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ یہ فوری طور پر ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہو سکتاہے، جس کی وجہ سے سوئس حکومت کا فیصلہ قابلِ فہم لگتا ہے۔ حال ہی میں ہم نے نئی 2021ء پورشَ992 ٹربو S کی لِیک ہونے والی تصویریں دیکھیں کہ جس کی رُونمائی رواں سالGIMS میں ہونا تھی۔ چین میں کچھ موٹر اسپورٹنگ ایونٹ بھی منسوخ ہوئے ہیں، جن میں مشہور فارمولا وَن ریس بھی شامل ہے۔ دوسری جانب 2020ء نیو یارک انٹرنیشنل آٹو شو (NYIAS) 10 اپریل سے شروع ہونا ہے اور 19 اپریل تک جاری رہے گا۔ فی الحال اِس میگا ایونٹ کی منسوخی کی کوئی خبر نہیں ہے۔
کیا ہماری حکومت کو بھی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے ایسے اجتماعات پر پابندی لگانی چاہیے؟ پاکستان میں پہلے ہی 4 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ اپنی رائے نیچے تبصروں میں دیجیے اور آٹوموبائل انڈسٹری کی مزید خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔