ہیونڈائی نشاط نے پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2020ء میں کراس اوور ٹکسن متعارف کروا دی
اِس سال پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو میں ہیونڈائی نشاط موٹرز بہت نمایاں ہے کیونکہ گاڑیاں بنانے والے اس ادارے نے ایونٹ میں اپنی چند آئندہ گاڑیوں کی رُونمائی کی ہے۔
جنوبی کوریائی کمپنی کا پاکستان کے سب سے بڑے آٹو شو میں شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا ۔ یہ ایونٹ آج لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں شروع ہوا اور 23 فروری تک جاری رہے گا۔ کمپنی سہ روز ایونٹ میں اپنی جن آئندہ گاڑیوں کی نمائش کر رہی ہے ان میں شامل ہیں:
ہیونڈائی ٹکسن (کراس اوور SUV)
ہیونڈائی ٹکسن کو لاہور کی سڑکوں پر کئی بار تجرباتی مراحل سے گزرتے دیکھا گیا ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی یہ گاڑی ہیونڈائی لائن اَپ میں شامل ہو جائے گی۔ یہ 2.0-لیٹر MPI انجن سے لیس ہے کہ جو 6200 RPM پر زیادہ سے زیادہ 155 hp اور 4000 RPM پر 192 Nm کا زیادہ سے زیادہ ٹارک پیدا کرتا ہے۔ ہیونڈائی ٹکسن ایک آل-وِیل-ڈرائیو گاڑی ہے جو ABS بریکنگ سسٹم سے لیس ہے۔ یہ 172 mm کی گراؤنڈ کلیئرنس اور 225/55 R18 کا ٹائر سائز رکھتی ہے۔
PAPS 2020 میں ہیونڈائی ٹکسن کی تصاویر اور خصوصیات یہاں دیکھیں:
ہیونڈائی ایلانٹرا (کومپیکٹ سیڈان کار)
ہیونڈائی ایلانٹرا ایک کومپیکٹ سیڈان کار ہےجس کی رُونمائی پاکستان کے سب سے بڑے آٹو شو میں کی گئی ہے۔ یہاں پیش کیا گیا یونٹ 1.6 ملٹی-پوائنٹ انجکشن (MPI) گیما انجن رکھتا ہے کہ جس میں 6-اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن موجود ہے۔ یہ 6300 RPM پر زیادہ سے زیادہ 126 hp اور 4850 RPM پر 154 Nm کا زیادہ سے زیادہ ٹارک پیدا کرتا ہے۔ 1591 cc کی ایلانٹرا فرنٹ-وِیل-ڈرائیو سسٹم رکھتی ہے اور ایکو، اسپورٹس اور مینوئل سمیت ڈرائیونگ کے متعدد موڈز رکھتی ہے۔ یہ ایک اینٹی-لاک بریکنگ سسٹم (ABS) کی بھی حامل ہے جو اگلے حصے میں وینٹی لیٹڈ ڈسک بریکس کے ساتھ ایک بنیادی سیفٹی فیچر ہے۔ ہیونڈائی ایلانٹرا کی تصاویر اور خصوصیات نیچے دیکھیں:
ان نئی گاڑیوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ کمپنی لاہور میں اپنی پہلی مقامی طور پر اسمبل کی گئی گاڑی پورٹر H100 کی رونمائی بھی کر رہی ہے۔ دیگر گاڑیوں میں ہیونڈائی آیونک HEV اور MPV گرینڈ اسٹاریکس شامل ہیں، جو پچھلے سال لانچ کی گئی تھیں۔
ہیونڈائی نشاط موٹرز کو ابھی پاکستان کے آٹو سیکٹر پر اپنے اثرات مرتب کرنے ہیں کیونکہ وہ اب تک صرف ہائی-اینڈگاڑیاں ہی متعارف کر پایا ہے کہ جن کے ممکنہ خریدار کم ہی ہیں۔ بہرحال، یہ عوام کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ PAPS 2020 میں کمپنی کی جانب سے نمائش کے لیے پیش کی گئی نئی گاڑیوں کے فیچرز دیکھیں۔ اس کے علاوہ وہ اس میگا ایونٹ میں ان گاڑیوں کا تجربہ بھی اٹھا سکتےہیں۔
پاکستان میں ہیونڈائی کی نئی گاڑیوں کے بارے میں آپ کی رائے کیا ہے؟ ہمیں ضرور بتائیں اور پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2020ء کے بارے میں مزید خبروں کے لیے پاک ویلز بلاگ پر آتے رہیے۔