ساتویں جنریشن کی ہائبرڈ ایلاںٹرا پاکستان میں آ گئی
گزشتہ چند سالوں میں پہلے وبائی مرض کورونا اور بعد میں جاری اقتصادی بحران نے مقامی کار انڈسٹری کو شدید متاثر کیا۔ گاڑیوں کی سیلز اور پیداوار میں کمی کی وجہ سے مقامی کار ساز کمپنیوں نے نئی گاڑیوں کی لانچنگ سے گریز کیا۔ تاہم، اب جب ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو رہی ہے تو کار کمپنیز نے نئے ماڈلز متعارف کروانا شروع کر دئیے ہیں۔
ایک حالیہ اپڈیٹ کے مطابق 7ویں جنریشن کی نئی ہنڈائی ایلانٹرا بلوچستان میں دیکھی گئی ہے۔ یعنی کہ کمپنی اس سال کے آخر میں یہ کار لانچ کر سکتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں کورین کار ساز کمپنی نے ایلانٹرا کا ہائبرڈ اور پٹرول ویرینٹ لانچ کر چکی ہے لیکن ہمیں ممکنہ طور پر ہائبرڈ ویرینٹ مل سکتا ہے۔
نیچے دی گئی تصاویر میں بلوچستان میں دیکھی جانے والی نئی ہنڈائی ایلانٹرا دکھائی گئی ہے۔
مارچ 2021 میں پاکستان میں چھٹی جنریشن کی ہنڈائی ایلانٹرا لانچ کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں گاڑی کی جدید ترین ساتویں جنریشن پہلے ہی موجود تھی اور یہ کوئی حیرت کی بات نہیں کیونکہ ہنڈا سٹی کے معاملے میں بھی ہم نے یہی دیکھا۔ جب پاکستان میں چھٹی جنریشن کی ہنڈا سٹی لانچ کی گئی تو اس وقت ہمسایہ ملک بھارت میں ساتویں جنریشن کی ہنڈا سٹی لانچ کی جا چکی تھی۔
ہمیں پرانی ماڈل کی ایلانترا کیوں ملی؟
پاکستان میں ساتویں جنریشن کی ہنڈائی ایلانٹرا نہ لانچ کرنے پر بہت صارفین نے افسوس کا اظہار کیا کیونکہ ہر کوئی پرانے ماڈل کی بجائے جدید ماڈل خریدنے کو ترجیح دیتا ہے۔
پاکستان میں پرانی ایلانٹرا کیوں لانچ کی گئی؟ اس کے لیے ہمیں کچھ حقائق کو سمجھنا ہوگا۔ بدقسمتی سے، جب ہنڈائی نشاط نے مقامی ماڈل تیار کرنا شروع کیا تو ہنڈائی عالمی سطح پر ساتویں جنریشن لانچ کرنے کیلئے تیار تھی۔
ابتدائی طور پر 7 جنریشن ایلانٹرا صرف تین پلانٹس میں تیار کی گئی جو ہنڈائی کی ملکیت تھے، اور یہ پلانٹس مقامی مارکیٹ اور برآمدات دونوں کو پورا کرتے تھے۔ یہ پلانٹس، جو امریکہ، کوریا، اور چین میں واقع ہیں، بڑے کارخانے ہیں جو سالانہ لاکھوں یونٹس تیار کرتے ہیں۔
اس کے برعکس، پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری CKD اسمبلی لائنز پر کام کرتی ہے اور CKD کٹس کے بغیر ایک کمپنی مقامی طور پر کسی ماڈل کو تیار نہیں کر سکتی۔ مزید برآں، مالک کمپنی کی مقامی جوائنٹ وینچرز میں کم سے کم ملکیت ہوتی ہے۔
ہم پارٹس اور کٹس پر انحصار کرتے ہیں اور جب تک وہ مالک کمپنیوں کی جانب سے دستیاب نہیں ہوتے ہم نیا ماڈل متعارف نہیں کر سکتے۔ کار کمپنیاں عام طور پر فوری طور پر CKD کٹس پیش نہیں کرتی۔ یہاں تک کہ امریکہ میں جو ایلانٹرا کی سب سے بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے،ساتویں جنریشن کی تیاری کچھ ماہ پہلے ہی شروع ہوئی ہے۔