ٹویوٹا نے پاکستان میں ہائی ایس کے 2 نئے ویرینٹس متعارف کروا دیے
ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی (IMC) نے چھٹی جنریشن کے ہائی ایس ماڈل میں مزید دو لگژری ویرینٹ متعارف کروا دیے ہیں۔ اس گاڑی کو اگست 2019ء میں پیش کیا گیا تھا۔
اس جاپانی آٹو مینوفیکچرر نے پچھلے سال ہائی ایس ڈیلکس کی چھٹی جنریشن تین ویرینٹس میں پیش کی تھی، جس کا ویسے ہی شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ پہلی بار اس کمپنی نے اپنے ہائی ایس ماڈل ری ڈیزائن کیے ہیں اور اسے سیمی بونٹ اسٹائل میں پیش کیا ہے۔ ان میں سے دو روزمرہ سفر کے لیے ہیں جبکہ تیسرا ایک ٹؤرنگ وین ویرینٹ ہے۔ نئے ویرینٹس میں 5 دروازے ہیں اور ان میں 10 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ واضح رہے کہ ان گاڑیوں کی بکنگ جلد ہی شروع ہو جائے گی۔
ٹویوٹا ہائی ایس کے نئے لانچ ہونے والے ویرینٹس یہ ہیں:
- ٹویوٹا ہائی ایس لو-گریڈ
- ٹویوٹا ہائی ایس ہائی-گریڈ
ہائی ایس کے پرانے ورژنز یہ تھے:
- ٹویوٹا ہائی ایس ڈیلکس اسٹینڈرڈ روف کموٹر
- ٹویوٹا ہائی ایس ڈیلکس ہائی روف کموٹر
- ٹویوٹا ہائی ایس ڈیلکس ہائی روف ٹؤرر
انجن اور ٹرانسمیشن:
حال ہی میں متعارف کروائے گئے دونوں ویرینٹس 1GD-FTV 16-Valve DOHC 4-cylinder 2.8L ڈیزل انجن سے لیس ہیں جو 6-اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ آتا ہے۔ یہ انجن 3600 rpm پر 115 kW اور 420 Nm کا زیادہ سے زیادہ ٹارک پیدا کرتا ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ ویرینٹس میں بھی یہی انجن آتا ہے۔
بریکنگ اور سسپنشن:
ٹویوٹا ہائی ایس کے اگلے اورپچھلے حصے میں 16 انچ کے ڈسک بریکس موجود ہیں جو لوڈ ہونے پر بھی بریکنگ کا بہترین تجربہ دیتے ہیں۔ ٹویوٹا ہائی ایس کا اگلا سسپنشن میک فرسن اسٹرٹ مع کوائل رکھتا ہے جبکہ پچھلے سسپنشن میں 4-لنک سسٹم انسٹال کیا گیا ہے۔ ٹائروں کا سائز 235/60 R17 ہے۔
ایکسٹیریئر:
ٹویوٹا ہائی ایس کے لو اور ہائی-گریڈ ورژن میں سامنے والا حصہ بالکل مختلف شکل و صورت کا ہے، اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے کچھ فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ہائی ایس کا ہیڈ لیمپ ایک leveling ڈیوائس رکھتا ہے جو صورتِ حال کے مطابق خود کار طور پر کام کرتی ہے۔ اگلے حصے میں موجود فوگ اور ڈرائیونگ لیمپ LED ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں۔ پچھلے حصے میں یہ گاڑی ہائی ماؤنٹ بریک لیمپ کے ساتھ آتی ہے جس میں 8 عدد LEDs کی جگہ موجود ہے۔ پشت پر موجود اسکرین intermittent اور mist کے ساتھ وائپر بھی رکھتی ہے۔ لو-گریڈ ہائی ایس کا باہر موجود ریئر-وِیو مِرر الیکٹرانک، آٹو-ری ٹریکٹ ایبل اور پلیٹڈ ہے۔ اس کے مقابلے میں ہائی-گریڈ ماڈل کا آئینہ اس کے ساتھ ساتھ پینورامک فیچر بھی رکھتا ہے۔
انٹیریئر:
کمپنی کی جانب سے زیادہ تر تبدیلیاں کیبن کے اندر کی گئی ہیں، کیونکہ ان ورژنز کو لگژری ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹویوٹا ہائی ایس ماڈل میں ڈرائیونگ سیٹ پر داخل ہوتے ہی روشن ہو جاتی ہے۔ ڈور لاکنگ سسٹم ایک وائرلیس سسٹم کے ذریعے چلتا ہے۔ کیبن کا پچھلا حصہ بھی 4 ریڈنگ لیمپس رکھتا ہے کہ جن میں ڈِم کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔ کمپنی نے کوٹ وغیرہ لٹکانے کے لیے پیچھے 6 ہُکس فراہم کیے ہیں۔ یہ گاڑی ڈرائیور اور آگے بیٹھے مسافر دونوں کے لیے ایک مِرر اور لیمپ کے ساتھ ایک سَن وائزر بھی پیش کرتی ہے۔ مسافروں کے آرام کے لیے اگلے اور پچھلے حصے کی تمام نشستوں پر ہیڈ ریسٹ بھی دیے گئے ہیں۔ اگلے اور پچھلے دونوں حصوں میں ٹویوٹا ہائی ایس کا ایئر کنڈیشننگ سسٹم خودکار ہے۔
کیبن کے اندر اسٹوریج کے لیے کئی جگہیں بنائی گئی ہیں، جن کے ساتھ ساتھ 4 کپ ہولڈرز بھی ہیں۔ لو-گریڈ ورژن کا اسٹیئرنگ ویل 4-اسپوک urethane ہے جبکہ ہائی گریڈ ویرینٹ 4-اسپوک چمڑے اور لکڑی سے بنا اسٹیئرنگ ویل رکھتا ہے۔ یہ گاڑی پُش اسٹارٹ سسٹم رکھتی ہے اور اسٹیئرنگ ویل میں متعدد سوئچز بھی ہیں جن میں آڈیو، وائس اور کروز کنٹرول شامل ہیں۔ 12V کے دو پاور ساکٹ اور USB کنیکٹیوٹی ساکٹ بھی اس میں موجود ہے۔ انفوٹینمنٹ سسٹم CD، DVD اور بلوٹوتھ کنیکٹیوٹی کو سپورٹ کرتا ہے۔ ریڈیو کے لیے ایک شارٹ-پول انٹینا بھی کمپنی کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے۔
ملٹی انفو ڈسپلے کے طور پر اس گاڑی میں 4.2 انچ کی رنگین TFT فراہم کی گئی ہے، جس میں ایکو-ڈرائیو انڈی کیٹر بھی شامل ہے۔ لو-گریڈ ماڈل کا اندر لگا ریئر وِیو مِرر ایک ڈے اینڈ نائٹ فیچر رکھتا ہے، جبکہ ہائی-گریڈ ویرینٹ میں الیکٹرو-کرومیٹک فیچر کے ساتھ ساتھ واشر بھی موجود ہے۔ لو-گریڈ ہائی ایس میں سیٹیں اعلیٰ معیار کے کپڑے سے بنائی گئی ہیں، جبکہ ہائی-اینڈ ماڈل میں کچھ چمڑے کا کام بھی کیا گیا ہے۔ آٹومیکر کی جانب سے ریئر سیٹ ایڈجسٹر بھی دیا گیا ہے۔ لو-گریڈ ماڈل میں ڈرائیور کی سیٹ میں ایک ورٹیکل ایڈجسٹر بھی موجود ہے، جبکہ ہائی-گریڈ ماڈل ڈرائیور کی سیٹ کے لیے 4-وے پاور ایڈجسٹر رکھتا ہے۔ لو-گریڈ ماڈل میں ایک urethane شفٹ لیور knob ہے جبکہ ہائی-گریڈ ماڈل چمڑے سے بنا knob رکھتا ہے۔
سیفٹی اور سکیورٹی:
ٹویوٹا ہائی ایس کئی سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز سے بھی لیس ہے۔ انسٹرومنٹ کلسٹر ڈسپلے ڈرائیور اور آگے بیٹھے مسافر کی نشستوں کے لیے سیٹ بیلٹ وارننگ ظاہر کرتا ہے۔ فرنٹ سیٹ بیلٹ force limiters کے ساتھ 3-پوائنٹ ELR رکھتی ہیں جبکہ پیچھے بیٹھے مسافروں کی سیٹ بیلٹ pre-tensioner فیچر کے ساتھ آتی ہیں۔ بچوں کی حفاظت کے لیے ایک سسٹم جو ISO FIX کہلاتا ہے، بھی ہائی ایس کے نئے ویرینٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی نے ڈرائیور اور مسافر کے لیے SRS ایئر بیگز بھی فراہم کیے ہیں۔ ویگن چوری سے بچانے کے لیے اموبیلائزر سسٹم رکھتی ہے اور اضافی تحفظ کے لیے اس میں پاور سائرن بھی شامل ہے۔ یہ گاڑی اینٹی -لاک بریکنگ سسٹم (ABS) رکھتی ہے، ساتھ ہی وہیکل اسٹیبلٹی کنٹرول اور بریک اسسٹ سسٹم بھی اس میں شامل ہے۔ اس میں ہِل-اسٹارٹ اسِسٹ سسٹم بھی فراہم کیا گیا ہے تاکہ پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ میں آسانی ہو۔
قیمت:
ٹویوٹا ہائی ایس کے حال ہی میں متعارف کروائے گئے ورژنز اِن قیمتوں میں دستیاب ہیں:
- ٹویوٹا ہائی ایس لو-گریڈ: 87,00,000 روپے
- ٹویوٹا ہائی ایس ہائی-گریڈ: 99,00,000 روپے
ٹویوٹا انڈس نے مقامی مارکیٹ میں یہ دو نئے ویرینٹس غالباً گرینڈ کارنیوَل اور ہیونڈائی گرینڈ اسٹاریکس کا مقابلہ کرنے کے لیے متعارف کروائے ہیں۔ ٹویوٹا ہائی ایس 5 ویرینٹس میں دستیاب ہے جو اس ماڈل کو خریدنے والوں کو اپنی ضرورت کے مطابق انتخاب کا بھرپور موقع دیتے ہیں۔ ساتھ ہی ٹویوٹا ہائی ایس کی نئی جنریشن ری ڈیزائن بھی کی گئی ہے۔ اب یہ سڑک پر کافی جاندار لگتی ہے اور پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں نئی شکل و صورت بھی رکھتی ہے۔ ہائی ایس کے مقابل ماڈلز کی قیمتیں کچھ یوں ہیں:
- کِیا گرینڈ کارنیوَل: 49 سے 65 لاکھ روپے
- ہیونڈائی گرینڈ اسٹاریکس: 40 سے 52 لاکھ روپے
واضح رہے کہ کِیا گرینڈ کارنیوَل 2 ویرینٹس میں آتی ہے جبکہ ہیونڈائی گرینڈ اسٹاریکس 3 ویرینٹس کے ساتھ مقامی مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ ٹویوٹا ہائی ایس کے پچھلے ویرینٹس کی قیمت 65 لاکھ سے 81 لاکھ کے درمیان تھی۔ قیمتوں کا یہ تقابل بھی ظاہر کرتا ہے کہ ہائی ایس کے نئے ویرینٹس اِن گاڑیوں کے مقابلے میں کہیں مہنگے ہیں۔ قیمت کے معاملے میں صرف موجودہ ویرینٹس ہی کسی حد تک اِن گاڑیوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
ہماری طرف سے اتنا ہی۔ مزید خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔ ہائی ایس کے نئے ورژن کے بارے میں اپنی رائے نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔