ہنڈا اٹلس کے منافع میں 40 فیصد اضافہ
مقامی کار انڈسٹری کے لیے گزشتہ چند سال، خاص طور پر عالمی وبا کورونا اور حالیہ معاشی خرابی کے بعد، شدید بحران زدہ تھے۔ اس دوران کار کمپنیز نے سیلز اور میں تاریخی کمی کا مشاہدہ کیا جس کے بعد منافع کا حجم بھی متاثر ہوا۔ لیکن مقامی اسمبلرز اور صارفین کو امید تھی کہ یہ سلسلہ جلد ہی ختم ہو جائے گا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ حالیہ اپ ڈیٹ میں بھی یہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
منافع میں اضافہ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی معلومات کے مطابق ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس منافع میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جو مالی سال 25-2024 کی 30 جون کو بند ہونے والی سہ ماہی میں 202.63 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 144.96 ملین روپے منافع کمایا گیا تھا۔
منافع میں مذکورہ اضافے کے پیچھے کی وجہ سیلز میں 324 فیصد کا زبردست اضافہ ہے جو کہ مذکورہ سہ ماہی میں 15.97 بلین روپے تھا جبکہ اس سے قبل یہ عدد 3.77 بلین روپے تھا۔ اس کا سیدھا مطلب ہے کہ کمپنی نے MY25 کی پہلی سہ ماہی میں 1.01 بلین روپے کا مجموعی منافع کمایا۔
اس کے علاوہ مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی میں ہنڈا اٹلس کی مالی کارکردگی ملی جلی رہی۔ جبکہ کمپنی نے ٹیکس سے پہلے منافع (PBT) میں 43% سال بہ سال اضافہ 383.3 ملین تک حاصل کیا۔ اس دوران کمپنی کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
سیلز
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی رپورٹ کے مطابق، گاڑیوں کی سیلز میں گزشتہ ماہ 21 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مئی 2024 میں 10949 گاڑیوں کے مقابلے جون 2024 میں 13284 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔
تاہم، سالانہ سیلز میں 120 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اس مثبت رجحان کی وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کے استحکام کو قرار دیا جا سکتا ہے۔ کار مینوفیکچررز گزشہ ماہ 13284 کاریں فروخت کرنے میں کامیاب رہے جبکہ پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران صرف 6033 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔
ہنڈا اٹلس کے منافع میں اضافے کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔