پیٹرول کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ

0 3,701

آج کل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے حکومت کو اس طرز کے مشکل فیصلے لینا پڑ رہے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینا بھی حکومتی ذمہ داری ہے اور بری خبر یہ ہے کہ پیٹرول کے بعد سی این جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

سندھ میں سی این اجی کی قیمت میں 15 روپے جبکہ پنجاب میں 8 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد سندھ میں سی این جی کی قیمت 184 روپے جبکہ پنجاب میں 123 روپے فی کلو ہے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن گروپ لیڈر غیاث پراچہ کے مطابق سی این جی کی قیمت میں اضافے کی وجوہات یہ ہیں:

  • بہت زیادہ نرخوں پر مائع قدرتی گیس (LNG) کارگو کی موقع پر خریداری
  • ایل این جی کی درآمد پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں 5 فیصد سے 17 فیصد اضافہ
  • ایل این جی کی درآمد پر 5 فیصد کسٹم ڈیوٹی کا نفاذ
  • ڈالر کی شرح میں افراط زر

ان کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ سی این جی کی قیمت اگلے مہینے سے کم ہونا شروع ہو جائے گی کیونکہ حکومت کو 10 سالہ طویل المدتی معاہدے کے تحت ہر ماہ قطر سے دو ایل این جی کارگو ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ پیٹرول کی طرح ایل این جی کی درآمد پر سیلز ٹیکس میں چھوٹ دی جائے۔ جس سے غریبوں کیلئے ایندھن سستا ہو جائے گا اور ہمارا یہی مقصد ہے۔

ہمارے یا کسی بھی اور ملک کی تاریخ میں فیول کی قیمتیں اس قدر غیر مستحکم نہیں رہی ہیں۔ پاکستان اور دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں۔ تاہم یہاں کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سے کم ہیں۔

ہمارے لیے ڈالر کی بڑھتی قیمت سب سے بڑی پریشانی کی وجہ ہے۔ کئی ماہ سے ڈالر کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ حالات کسی بھی صورت بہتر نہیں ہو رہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.