ایک بار مہینے کے اختتام پر مہنگائی کی ماری عوام پیٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ تبدیلی کے منتظر ہیں۔ حکومت نے گزشتہ دو مرتبہ 10 روپے اور 1.86 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب ایک بار پھر اگلے پندرہ دنوں کیلئے قیمتیں بدلنے جا رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2024 کے آغاز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے کیونکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
پیٹرول کی قیمتوں میں کتنی کمی ہوگی؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ تاہم، ایک امکان یہ بھی ہے کہ پیٹرول کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رہے۔ حتمی فیصلہ آج 30 ستمبر 2024 کو وزیر خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
پیٹرول کی موجودہ قیمت
اس وقت پیٹرول کی قیمت 249.10 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 249.69 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل 141.93 روپے، اور مٹی کا تیل 158.47 روپے فی لیٹر ہے۔ 15 ستمبر کو گزشتہ کمی کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.06 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں حالیہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان میں متوقع قیمت میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق سعودی عرب دسمبر میں تیل کی پیداوار بڑھانے پر غور کر رہا ہے، جس سے عالمی قیمتیں مزید کم ہونے کا امکان ہے۔ اس سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا، کیونکہ ملک اپنی خام تیل کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ درآمد کرتا ہے۔
ملک میں عوام اور کاروباری طبقہ دونوں ہی اس اعلان کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، اور امید کر رہے ہیں کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی، جو نہ صرف مالی بوجھ کو کم کرے گی بلکہ مجموعی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی۔
آپ پیٹرول کی قیمت میں متوقع کمی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟ اپنی رائے کمنٹس میں ضرور شیئر کریں۔