سندھ بھر میں بائکس پر سائیڈ مررز لگانا لازمی قرار
سندھ حکومت نے پہلی بار صوبے میں بائکس کے لیے سائیڈ ویو مررز کو لازمی قرار دیا ہے۔ یہ قدم بائک چلانے والوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر موجود دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ حکومت نے یہ قدم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ روڈ ٹریفک حادثات کے اہم عوامی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی ترمیم کے بعد صوبے میں بائیک چلانے والوں کو اپنی موٹر سائیکلوں پر سائیڈ مرر لگانا ہوگا اور ہیلمٹ پہننا ہوگا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے سڑکوں پر حفاظت کے فقدان کے حوالے سے تجویز پیش کی تھی کہ موٹر سائیکل چلانے والے سائیڈ مرر نہیں لگاتے۔
پولیس اور بائک سائیڈ مررز
رواں سال جنوری میں جاری ہونے والی صوبائی رپورٹ کے مطابق 80 فیصد موٹر سائیکل سوار غفلت کی وجہ سے سڑک حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس سے قبل موٹروے پولیس نے ایک نجی کمپنی کے اشتراک سے روڈ سیفٹی مہم شروع کی تھی۔ مہم کے دوران پولیس نے سائڈ مررز، انڈیکیٹرز اور موٹر سائیکلوں پر ری فلیکٹنگ لائٹس لگائیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے کراچی میں شہریوں میں ہیلمٹ بھی تقسیم کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے بتایا کہ حادثات کی بنیادی وجوہات ہیڈلائٹس، ریئر ویو مرر اور بائک میں بیک لائٹس کی عدم موجودگی ہے۔
انھوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ گاڑیوں کی فٹنس پر پوری توجہ دیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔
سندھ حکومت کا یہ یقینا ایک بڑا اقدام ہے کیونکہ اس سے بائکرز کی حفاظت میں اضافہ ہوگا۔ موٹر سائیکل خریدنے کے بعد زیادہ تر بائیکرز ان مررز کو ہٹا دیتے ہیں۔ لوگ بائک کو خوبصورت بنانے کیلئے ایسا کرتے ہیں لیکن اس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
سندھ حکومت کی اس نئی پالیسی پر آپ کیا رائے رکھتے ہیں؟ نیچے دئیے گئے کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔