بالآخر – پہلی “مقامی طور پر تیار کردہ” ایم جی گاڑی آ گئی!
MG کے لوکل پارٹنر JW SEZ گروپ کے سربراہ جاوید آفریدی نے MG گاڑیوں کے حوالے سے ایک بڑی ڈیولپمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ “الحمد للہ، مقامی طور پر بنائی گئی پہلی MG گاڑی اپنے پہیوں پر کھڑی ہو گئی ہے۔” انہوں نے مقامی طور پر اسمبل شدہ گاڑی کی دو تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔
ALHAMDULILAH FIRST LOCALLY 🇵🇰 PRODUCED MG CAR ON THE WHEELS NOW. pic.twitter.com/OFvWaGKKpI
— Javed Afridi (@JAfridi10) May 26, 2021
یہ بلاشبہ کمپنی کے لیے مستقبل کی جانب ایک بڑا قدم ہے، کیونکہ اب تک وہ HS کے صرف CBU یونٹس فروخت کر رہی تھی۔ اور دنیا بھر میں وبا کی وجہ سے ہونے والی پابندیوں کی بدولت اُن کی گاڑیوں کی ڈلیوریز کو تاخیر کا سامنا تھا۔ CKD کی مینوفیکچرنگ کا مطلب ہے کہ کمپنی اب یہ یونٹس ڈلیور کرنا شروع کر دے گی، جو کہ خریداروں کے لیے ڈلیوری کا عمل ہموار کرنے کا سبب بنے گا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کمپنی نے مقامی طور پر اسمبل شدہ یونٹس کی قیمت ظاہر نہیں کی۔ البتہ خبریں ہیں کہ یہ CBU یونٹس سے سستا ہوگا۔ اس کے علاوہ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ CKD یونٹس کی مارکیٹ میں آمد کے بعد کمپنی CBU یونٹس کی درآمد بند کر دے گی۔
MG اسمبلی پلانٹ:
گزشتہ ہفتے MG موٹرز پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی مقامی پیداوار جلد شروع کر دے گا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کمپنی کا کہنا تھا کہ “پہلے MG موٹرز اسمبلی پلانٹ کی تعمیر اس وقت پاکستانی اور چینی ماہرین کی زیر نگرانی جاری ہے۔” بیان میں مزید کہا گیا کہ جلد ہی وہ پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار کا اگلا قدم اٹھانے کے قابل ہو جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ “مستقبل کی جانب ایک بڑا قدم، صرف ہمارے لیے ہی نہیں، بلکہ مجموعی طور پر پاکستان کی پوری آٹوموٹو انڈسٹری کے لیے۔”
MG پاکستان اس وقت HS اور ZS فروخت کے لیے پیش کر رہا ہے، جبکہ جلد ہی ZS EV کی فروخت شروع ہونا بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جاوید آفریدی نے تین مختلف گاڑیوں کی لانچ کے اشارے بھی دیے ہیں، گلوسٹر، MG3 اور MG5۔
کیا آپ مقامی طور پر اسمبل شدہ MG گاڑیوں پر خوش ہیں؟ اپنے خیالات نیچے کمنٹس میں پیش کیجیے۔