ہیونڈائی ایلانٹرا کی قیمت سامنے آ گئی!
ہیونڈائی ایلانٹرا کی قیمت ظاہر کر دی گئی ہے۔ نئی سیڈان کی لانچنگ آج ایک آن لائن تقریب میں کی گئی۔ کمپنی کے مطابق نئی گاڑی کی قیمت 40,49,000 روپے ہوگی۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ ایکس-فیکٹری قیمت ہے جس میں وِد ہولڈنگ ٹیکس شامل نہیں۔
ہیونڈائی نشاط موٹرز نے یہ گاڑی ٹویوٹا کرولا اور ہونڈا سوِک کے مقابلے میں لانچ کی ہے۔ نئی ایلانٹرا پاکستان میں سیڈانز کے ایگزیکٹو سیگمنٹ میں شامل ہو رہی ہے۔ یہ گزشتہ مارچ سے اب تک لوکل مارکیٹ میں لانچ ہونے والی تیسری سیڈان ہے۔ ٹویوٹا انڈس موٹرز نے مارچ 2020 میں یارِس پیش کی تھی، جو بہت کامیاب ثابت ہوئی۔ پھر دسمبر 2020 میں چنگان ایلسوِن کی رونمائی ہوئی جو کامیاب گاڑی کی حیثیت سے ابھری ہے۔ البتہ دونوں کی رینج 22 لاکھ سے 30 لاکھ کے درمیان ہے جبکہ ایلانٹرا ان سے زیادہ مہنگی ہے۔
ہونڈا اور ٹویوٹا کا مقابلہ:
اس کیٹیگری میں دہائیوں سے ہونڈا اٹلس کا اور ٹویوٹا انڈس کا راج ہے۔ دونوں ادارے اپنی گاڑیوں سے یہاں مقابلہ کرتے آ رہے ہیں۔ ایک طرف ٹویوٹا نے حال ہی میں کرولا X پیکیج لانچ کی ہے، جبکہ دوسری جانب ہونڈا 2021-22 میں سوِک اور سٹی کی نئی جنریشن لانچ کرنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔ البتہ ایلانٹرا کی لانچ مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دے گی کیونکہ اب ہم دیکھیں گے کہ ایک نیا ادارہ اس سیگمنٹ میں غلبہ حاصل کرے گا یا پرانے کردار ہی اپنی درجہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔
پاکستان میں ہیونڈائی:
ہیونڈائی نشاط موٹرز نے ٹوسان لانچ کر کے کومپیکٹ کراس اوور SUV سیگمنٹ میں نمایاں اثرات ڈالے ہیں۔ اب ایلانٹرا کی لانچ کے ذریعے ہم دیکھیں گے کہ یہ سیڈان کیٹیگری میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔ ایکسٹیریئر اور انٹیریئر کو دیکھتے ہوئے اور صارفین کے شوق کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ یہ لوکل مارکیٹ میں ہِٹ ہوگی۔ البتہ اس کا کافی انحصار مقامی طور پر اسمبل کیے گئے CKD یونٹ کی کوالٹی پر ہوگا۔
تو ایلانٹرا کے حوالے سے ہیونڈائی نشاط موٹرز کے لیے نیک تمنائیں۔
ایلانٹرا سے آپ کی توقعات کیا ہیں؟ اپنے خیالات کمنٹس سیکشن میں پیش کیجیے۔