کِیا پاکستان اپنی پہلی الیکٹرک کار پاکستان آٹو شو پر متعارف کروائے گا
اگست 2024 میں ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ کِیا پاکستان جلد الیکٹرک گاڑیوں کے سیگمنٹ میں داخل ہونے والی ہے۔ اُس وقت کی رپورٹس کے مطابق، یہ گاڑی Kia EV3، EV5، EV6 یا EV9 ہو سکتی تھی۔ حال ہی میں پاکستان میں بہت سی کمپنیاں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروا رہی ہیں، جن میں دنیا کی سب سے بڑی EV کمپنیوں میں سے ایک BYD بھی پاکستان میں آ چکی ہے۔ اسی دوران چنگان نے اپنی الیکٹرک کار دیپال بھی متعارف کروائی ہے، جبکہ ایکو گرین موٹرز اور ریگل آٹو موبائلز نے اپنی گاڑیوں کو مقامی طور پر تیار کرنے کے لیے لائسنس حاصل کر لیا ہے، یعنی اونری وی اور سیریس 3۔ مختصراً، یہ ملک میں EV مارکیٹ کے لیے ایک دلچسپ اور تیز رفتار ترقی کا دور ہے اور ایسا لگتا ہے کہ Kia نے بھی آخرکار اس میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
Kiaکی جانب سے نیا ٹیزر
چند منٹ پہلے، کِیا پاکستان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس پر ایک ٹیزر شیئر کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی آنے والے پاکستان آٹو شو میں اس گاڑی کی رونمائی کر سکتی ہے جو کہ واقعی ایک خوش آئند خبر ہے۔
کمپنی نے ابھی تک گاڑی سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ مذکورہ بالا EVs میں سے ایک ہو گی اور زیادہ تر امکان ہے کہ یہ EV5 یا EV6 ہو یا پھر یہ کمپنی کی طرف سے کوئی سرپرائز بھی ہو سکتا ہے کیونکہ 2023 کے آغاز میں ہم نے Kia Niro EV کا ایک فرسٹ لک ریویو کیا تھا لیکن اس کے بعد اس کے بارے میں کچھ نہیں سنا۔
خیر، ایک ہفتے میں سب کچھ واضح ہو جائے گا کیونکہ پاکستان آٹو شو25 اکتوبر سے 27 اکتوبر 2024 تک لاہور میں منعقد ہو گا۔
آپ کا کیا خیال ہے کہ Kia کون سی EV متعارف کروا سکتی ہے؟ اپنے خیالات کمنٹس سیکشن میں شیئر کریں۔