پاکستان میں تیار کی گئی لوکل سوزوکی ایوری کی خصوصی تصاویر
ایک لمبے انتظار کے بعد اب مقامی طور پر تیار کی گئی سوزوکی ایوری لانچ کر دی گئی ہے۔ یہ گاڑی پہلی بار 2022 کے پاکستان آٹو شو میں سوزوکی پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ اسے اسی سال متعارف کرایا جائے گا۔ تاہم، مختلف وجوہات جیسا کہ اقتصادی عدم استحکام، درآمدی مسائل، خام مال کی دستیابی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی غیر مستحکم شرح کی وجہ سے لانچ میں تاخیر ہوئی۔ نئی ایوری 40 سال پرانی سوزوکی بولان کی جگہ لے رہی ہے اور یہ ایک طویل عرصے سے متوقع تھا۔
سوزوکی ایوری کا چنگان کارواں سے سخت مقابلہ
سوزوکی ایوری کو چنگان کارواں سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا، جو کہ منی وین سیگمنٹ میں ایک کامیاب گاڑی ہے کیونکہ یہ پرانی بولان کے مقابلے میں بہتر انتخاب تھی۔ اس کی سیٹس بہترین ہیں، اے سی بھی دیا گیا ہے، زیادہ آرام دہ ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین ڈیزائن بھی ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں بولان کا وہی پرانا باکسی ڈیزائن تھا، کوئی بڑی خصوصیات جیسے اے سی یا یہاں تک کہ سیٹ بیلٹ بھی نہیں تھیں، لہٰذا کارواں کے لیے مارکیٹ پر غلبہ حاصل کرنا مشکل نہیں تھا۔ چونکہ اس سیگمنٹ کی گاڑیاں زیادہ تر کمرشل مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہیں، کارواں آسانی سے ایک غالب کھلاڑی بن گئی۔ اب، سوزوکی پاکستان کو سیگمنٹ میں واپس اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے بہت سوچ سمجھ کر کام کرنا ہوگا کیونکہ ایوری کی لانچ پہلے ہی کافی دیر سے ہوئی ہے۔ بہرحال، یہاں دیکھیں کہ نئی ایوری کا بیرونی اور اندرونی ڈیزائن کیسا ہے۔
بیرونی تصاویر
باہر سے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس میں ہیلوجن لائٹس، سادہ فرنٹ گرِل جس میں ایئر وینٹ ہیں، فرنٹ پر پارکنگ لائٹس، سائیڈ پروفائل میں 13 انچ کے سٹیل ویلز، کی لیس انٹری آپشن، سلائیڈنگ ڈورز ہیں اور پیچھے سوزوکی کا لوگو، گاڑی کا نام اور ویرینٹ، رئیر وائپر،اے بی ایس کا نشان، لو ماؤنٹڈ رئیر لائٹس اور اوپر ہائی ماؤنٹڈ بریک لیمپس موجود ہیں۔
اندرونی ڈیزائن
نئی ایوری کا انٹیرئیر ڈوئل ٹون ہے، فرنٹ سیٹس مینوئلی ایڈجسٹ ایبل، پانچ سیٹ بیلٹس، ایم پی 3 سسٹم جس میں بلوٹوتھ موجود ہے، سٹیئرنگ پر ائیر بیگ کا نشان، دو کپ ہولڈرز، ہائی ماؤنٹڈ ڈیش بورڈ، فرنٹ آٹو ونڈوز، اے سی اور اس کے وینٹس، رئیر مینوئل ونڈوز، چھت کے ساتھ ایک اونچی شیلف اور سیٹس کے نیچے سٹوریج کی جگہ شامل ہے۔
کیا آپ کو مقامی طور پر اسمبل شدہ سوزوکی ایوری کا بیرونی اور اندرونی ڈیزائن پسند آیا؟ کمنٹس سیکشن میں اپنی رائے سے ہمیں آگاہ کریں۔