پیٹرول کی قیمت میں 4.74 روپے کمی کا اعلان
وفاقی حکومت نے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 3.86روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 268.36 روپے فی لیٹر ہے جبکہ پرانی قیمت 273.10 روپے تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی نئی قیمت 270.22 روپے فی لیٹر ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں یہ مسلسل تیسری کمی ہے۔ نئی قیمتیں یکم جون 2024 سے اگلے پندرہ دن تک کیلئے لاگو ہوں گی۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں ایندھن کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔ اس کمی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ پٹرولیم اشیاء کی عالمی سطح پر کم ہونے والی قیمتیں ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمتوں میں بالترتیب 3.25 ڈالر اور 2.10 ڈالر فی بیرل کی کمی دیکھی ہے۔ اسی طرح پیٹرول پر عائد پریمیم میں بھی کمی دیکھی گئی ہے جو گزشتہ 10.30 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 9.70 ڈالر فی بیرل ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی شرح میں کمی، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے استحکام اور ملک میں مستحکم معاشی حالات کی وجہ سے قیمتیں کم ہوئیں جو کہ ایک عام آدمی کے لیے اچھی علامت ہے کیونکہ پیٹرولیم کی قیمتیں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سے براہ راست منسلک ہیں۔
حکومت نے 31 مارچ کو ختم ہونے والے پہلے نو مہینوں میں 720 بلین روپے اکٹھے کرتے ہوئے، پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل دونوں پر 60 روپے فی لیٹر کی زیادہ سے زیادہ قابل اجازت پٹرولیم لیوی تک بھی پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کیے گئے وعدوں کے مطابق رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) کے طور پر 869 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
پاکستان میں پیٹرول کی نظرثانی شدہ قیمت کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ اس سے شہریوں کی روزمرہ کی زندگی پر اثر پڑے گا۔ کمنٹس سیکشن میں ہمیں بتائیں۔