سوزوکی سوئفٹ نے اپنی تمام حریف گاڑیوں کو پچھاڑ دیا
پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی (PSMC) کو طویل عرصے سے مارکیٹ کے دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے سیلز، منافع اور پیداوار میں کمی کا سامنا ہے۔ تاہم پاما رپورٹس میں آنے والے سیلز کے گزشتہ ماہ کے اعداد شمار سامنے آنے کے بعد اب کمپنی کیلئے امید کی کرن روشن ہوئی ہے۔
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سوزوکی سیلز نے کمپنی کی لگژری ہیچ بیک سوئفٹ کی ریکارڈ سیلز کی بدولت مجموعی طور پر سیلز میں 46 فیصد کا اضافہ دیکھا ہے۔ رپورٹس نے انکشاف کیا ہے کہ سوئفٹ کی فروخت میں 133 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاک سوزوکی نے مارچ 2024 میں 145 یونٹس کے مقابلے میں گزشتہ ماہ 328 یونٹس فروخت کیے تھے۔ مزید یہ کہ کمپنی کی گزشتہ ماہ کی سیلز کا گراف پچھلے ماہ میں 4101 یونٹس کے مقابلے میں 6000 گاڑیوں تک پہنچ گیا۔
اس کے علاوہ پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی نے آلٹو کے 4786 یونٹس، سوزوکی کلٹس کے 320 یونٹس، سوزوکی ویگن آر کے 318 یونٹس، سوزوکی بولان کے 237 یونٹس، اور سوزوکی راوی کے 11 یونٹس فروخت کیے ہیں۔
گزشتہ ماہ گاڑیوں کی سیلز
گزشتہ کئی ماہ سے آٹوموٹو انڈسٹری کو سیلز میں مسلسل کمی کا سامنا ہے لیکن اس بار موجودہ کئی چیلنجز کے باوجود امید کی کرن نظر آ رہی ہے کیونکہ گزشتہ ماہ کاروں کی مجموعی سیلز میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی رپورٹ کے مطابق ماہ بہ ماہ (MoM) کاروں کی سیلز میں گزشتہ ماہ 12 فیصد اضافہ ہوا ہے، یعنی کہ مارچ 2024 میں 9381 گاڑیوں کے مقابلے میں اپریل 2024 میں 10515 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔
تاہم سال بہ سال (YoY) سیلز کی بات کریں تو 135 فیصد کا حیران کن اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے میں استحکام ہے۔ کار مینوفیکچررز گزشتہ ماہ 10515 کاریں فروخت کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران یہ تعداد 4483 تھی۔
بائکس اور رکشوں کی سیلز
اسی طرح موٹر بائیک اور رکشوں کی سیلز میں گزشتہ ماہ متاثر کن 15 فیصد اضافہ دیکھا گیا جو مارچ 2024 میں 93606 یونٹس کے مقابلے 107590 یونٹس تک پہنچ گئی۔ اٹلس ہنڈا بائکس کی فروخت میں 19 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ ماہ 95069 یونٹس تک پہنچ گئی جو مارچ میں 80139 یونٹس تھی۔
دریں اثنا، پاک سوزوکی نے مارچ 2024 میں 1610 یونٹس کے مقابلے میں گزشتہ ماہ 1684 یونٹس فروخت کرتے ہوئے 5 فیصد اضافہ دیکھا۔
پچھلے مہینے ریکارڈ کی گئی سوزوکی سوئفٹ سیلز کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمنٹس سیکشن میں ہمیں بتائیں۔