گزشتہ ماہ دو کار ڈیلرشپ نے پیشہ ورانہ اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے پروٹون پاکستان سے استعفیٰ دیا۔ پروٹون کے مقامی پارٹنر الحاج آٹوموٹیو کی مشکلات اب تک برقرار نظر آتی ہیں۔ سب سے پہلے، ان صارفین کا احتجاج تھا جنہیں ایس یو وی X70 ڈلیور نہیں کی گئی۔ بعد ازاں ڈیلرشپ کا استعفیٰ اور اب مزید دو ڈیلرشپ نے بھی یہی قدم اٹھایا ہے۔ ہمارے ذرائع اور مارکیٹ رپورٹس کے مطابق لاہور میں ایک اور اسلام آباد میں ایک ڈیلرشپ نے کمپنی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
استعفیٰ کی وجوہات
کمپنی کو لکھے گئے خط میں، لاہور میں قائم ڈیلرشپ ڈیفنس موٹرز نے کہا کہ پروٹون پاکستان کے ساتھ ان کا تعلق ختم ہو گیا ہے۔ لہذا، خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ تصفیہ کے عمل میں یا مستقبل میں اور زیر التواء رقم کی واپسی کے دعووں یا مستقبل میں اور گاڑیوں کی ڈیلیوری کے تمام وارنٹی دعوے اور دیگر تمام متعلقہ معاملات براہ راست الحاج آٹوموٹیو کے ساتھ نمٹائے جائیں گے۔
دریں اثنا، اسلام آباد میں قائم دوسری ڈیلرشپ، اتحاد موٹرز نے الحاج آٹوموٹیو کے ساتھ اپنی شراکت ختم کرنے کی مختلف وجوہات بیان کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، 2020 تک بک کی گئی گاڑیوں کی ڈیلیوری کی تاریخوں کے بارے میں تاحال کوئی معلومات نہیں، تاخیر سے ڈیلیوری کے باوجود قیمتوں میں بار بار نظرثانی، اور صارفین کی مکمل ادائیگیاں ملنے کے بعد بھی قیمتوں میں ردوبدل اس فیصلے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ ڈیلرشپ نے مزید بتایا کہ الحاج آٹوموٹیو نے بار بار ریفنڈ چیک کی اِنکیشمنٹ میں تاخیر کی۔
خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے پارٹس اور لبریکینٹ کی عدم دستیابی بھی پروٹون کاروں کی آفٹر سیل سروسز میں تاخیر کا سبب بنی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ تمام حقائق کی بنیاد پر، ہم نے پروٹون پاکستان کی مجاز ڈیلرشپ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پچھلے مہینے صارفین کے احتجاج اور دو ڈیلرشپ کے استعفے کے بعد، پروٹون نے پیداوار دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ تاہم، اس میں بہت دیر ہو سکتی ہے کیونکہ صارفین اب بھی اپنی گاڑیوں یا ان کے چیک کی رقم کا انتظار کر رہے ہیں۔
پروٹون پاکستان سے مزید دو ڈیلرشپ کے استعفے کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمںٹس سیکشن میں اپنی رائے کا اظہار کریں۔