سانتافی پاکستان کے 10 اہم فیچرز جنہیں جاننا ضروری ہے
ہیونڈائی نشاط موٹرز کی جانب سے متعارف کروائی گئی نئی SUV سانتا فی ہفتے بھر سے گاڑیوں کے شوقین افراد میں موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے۔ عوام کی بڑی تعداد نے سانتا فی کی قیمت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو پاکستان کی آٹو مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے بہت زیادہ ہے۔ SUV دیکھنے کے خواہشمندوں کے لیے اسے ہیونڈائی کے ڈجیٹل شوروم، امپوریم مال، لاہور میں خاص طور پر نمائش کے لیے رکھا گیا ہے، ساتھ ہی MPV گرینڈ اسٹاریکس بھی ہے جو اس ادارے کی پیش کردہ دوسری گاڑی ہے۔ خیر، قیمت کے مسئلے کو ایک طرف رکھتے ہوئے آئیے پاکستان میں لانچ کی گئی سانتا فی کے سب سے اہم فیچرز دیکھیں۔
HTRAC:
HTRAC، جو سانتا فی کے پیچھے لکھا ہوا بھی ہے، ہیونڈائی ٹریکشن کنٹرول سے اخذ کی گئی ٹیکنالوجی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی آل ویل ڈرائیو (AWD) پر مبنی ہے جو برفیلے راستوں اور خراب سڑکوں پر گاڑیوں کو باآسانی چلانے میں مدد دیتی ہے۔ یہ اپنی آل ویل ڈرائیو ٹیکنالوجی کی وجہ سے آپ کو آف-روڈ ایڈونچرز کے دوران بھی اضافی ٹریکشن کی سہولت دیتی ہے۔
پینورامک سن روف:
یہ نئی SUV پینورامک سن رُوف سے لیس ہے جو گاڑی کے اندر اضافی روشنی فراہم کرتی ہے۔ سردیوں کے کسی خوبصورت روشن دن میں آپ کو چھت سے آنے والی یہ دھوپ بہت پسند آئے گی جو کیبن کے کشادہ ہونے کا احساس بھی فراہم کرتی ہے۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ آگے چھت سے شروع ہوتی ہے اور آخر تک جاتی ہے؛ بلاشبہ یہ ایسا فیچر ہے جو ہر کوئی اپنی گاڑی میں چاہے گا، خاص طور پر SUV میں۔
آٹومیٹک رین سینسر:
ٹیکنالوجی کے لحاظ سے سانتا فی میں کچھ بہت جدید قسم کے فیچرز بھی ہیں جو آپ کو بہت اچھے لگیں گے۔ پاکستان میں جو ماڈل متعارف کروایا گیا ہے اس میں رین سینسرز بھی ہیں۔ آپ سے بہت سے لوگ حیران ہوتے ہوں گے کہ یہ کام کس طرح کرتا ہے۔ دراصل یہ internal reflection یعنی داخلی انعکاس کے اصول پر کام کرتا ہے۔ انٹیریئر سے گاڑی کی ونڈ شیلڈ پر 45 درجے کے زاویے پر انفرا ریڈ لائٹ پڑتی ہے۔ جیسے ہی بارش ہوتی ہے کہ وِنڈ اسکرین گیلی ہو جاتی ہے اور روشنی کا انعکاس کم ہو جاتا ہے، یوں سینسرز وائپرز کے کام شروع ہونے کا حکم دے دیتے ہیں۔ اس سہولت کی وجہ سے بارش ہونے پر ڈرائیور کی پوری توجہ ڈرائیونگ پر ہی رہتی ہے اور اسے وائپرز چلانے کے جھنجھٹ سے چھٹکارا مل جاتا ہے۔
آٹو-کُولڈ گلَو باکس:
سانتا فی کا auto-cooled glove box فیچر آپ کو اپنے مشروبات ٹھنڈے رکھنے کی سہولت دیتا ہے۔ دنیا بھر میں یہ گاڑیوں میں پایا جانے والا ایک عام فیچر ہے۔ واضح رہے کہ یہ کمپارٹمنٹ محض چیزوں کو معمولی ٹھنڈا رکھنے کے لیے ہے، زیادہ ٹھنڈا کرنے کے لیے نہیں۔ یعنی یہ ریفریجریٹر نہیں ہے۔
ڈرائیونگ موڈز:
اگر آپ سانتا فی خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ گاڑی تین قسم کے ڈرائیونگ موڈز میں آتی ہے جو آپ کے موڈ یاڈرائیونگ کے انداز کے مطابق کام کرتے ہیں:
کمفرٹ
اِیکو
اسپورٹس
کمفرٹ موڈ کسی بھی عام ڈرائیور کے ڈرائیونگ تجربے کو بہتر بناتا ہے جبکہ ایکو موڈ آپ کو زیادہ سے زیادہ ایندھن بچت کا موقع دیتا ہے لیکن اس کے لیے یہ طاقت کی کچھ قربانی دیتا ہے۔ البتہ اسپورٹس موڈ ڈرائیور کو اسٹیئرنگ پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول فراہم کرتا اور انجن اور ٹرانسمیشن کے رسپانس کو بہتر بناتا ہے۔ گاڑیوں کے تمام شائقین اس موڈ میں منتقلی کے بعد اور پُرلطف ڈرائیونگ کر سکتے ہیں۔
لمبر سپورٹ:
یہ آرام دینے اور بیٹھنے کے درست انداز کے لیے ایک بہت اہم فیچر ہے لیکن اس پر توجہ بہت کم دی جاتی ہے۔ ہم میں سے زیادہ تر لوگ ڈرائیونگ کے دوران بیٹھنے کے طریقے کو نظر انداز کرتے ہیں جو اکثر و بیشتر کمر درد کا سبب بن جاتا ہے۔ سانتا فی میں ڈرائیور کی سیٹ پر لمبر سپورٹ موجود ہے جو بیٹھنے کے بہتر انداز کے لیے کندھوں کو پیچھے کرنے میں مدد دیتی ہے۔ انجینئرڈ سیٹ ہمارے پیٹھ کے پٹھوں پر اضافی دباؤ کو کم کرتی ہے۔
الیکٹریکلی کنٹرولڈ ڈرائیونگ سیٹ:
پاکستان میں لانچ کی گئی اِس SUV کی ڈرائیونگ سیٹ الیکٹریکل کنٹرول ایڈجسٹمنٹ رکھتی ہے۔ یہ فیچر ایک سوئچ کے ذریعے کام کرتا ہے کہ جس میں چند چھوٹی الیکٹرک موٹرز مل کر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو کنٹرول کرتی ہیں۔ تو آرام سے بیٹھیے اور سوئچ کا استعمال کرکے اپنے قد اور ڈرائیونگ کے محفوظ انداز کے مطابق اپنی سیٹ کو ایڈجسٹ کیجیے۔
اینڈرائیڈ آٹو اور ایپل کار پلے:
اس گاڑی کا 7 انچ کا ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم جدید اینڈرائیڈ آٹو اور ایپل کار پلے کنیکٹیوِٹی رکھتا ہے۔ یہ ہمیں کسی بھی اینڈرائیڈ یا iOS ڈیوائس کے فیچرز کو گاڑی کے بِلٹ اِن انفوٹینمنٹ ہیڈ یونٹ میں لانے کی سہولت دیتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی آپ کو کار کے ڈسپلے کے ذریعے اپنے موبائل فون کی متعدد ایپس تک رسائی حاصل کرنے اور یوں اپنی کئی کام چلتے پھرتے انجام دینے کی سہولت دیتی ہے۔
7 انچ TFT LCD:
ہیونڈائی سانتا فی کا انسٹرومنٹ کلسٹر 7 انچ کی ایک TFT LCD رکھتا ہے جو ڈرائیور کے لیے ضروری و اہم معلومات دکھاتا ہے۔ ڈسپلے فوری معلومات کے علاوہ ڈجیٹل پیٹرامیٹرز کے ساتھ بہترین لگتا ہے۔ یہ روایتی انداز کے انسٹرومنٹ کلسٹرز سے کچھ مختلف ہونے کی وجہ سے ڈرائیور کو نئے پن کا احساس دیتا ہے۔
پارکنگ سینسرز:
حال ہی میں متعارف کردہ یہ نئی گاڑی پارکنگ سینسرز کے ساتھ آتی ہے جو گاڑی کو بالکل ٹھیک انداز میں پارک کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اگر ڈرائیور چھوٹی جگہوں پر پارکنگ کرنے میں مہارت نہیں بھی رکھتا تو یہ خاص فیچر ایک محفوظ پارکنگ تجربے کو یقینی بناتا ہے۔ پارکنگ سینسر ایک proximity سینسر سے لیس ہے جو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ کسی چھوٹی جگہ پر گاڑی کو پارک کرتے ہوئے رکاوٹوں سے آگاہ کرتا ہے۔
دوسری جانب ایسے متعدد دوسرے جدید سیفٹی فیچرز بھی ہیں جو پاکستان میں متعارف کروائے گئے ماڈل میں نہیں ہیں، جیسا کہ forward collision-avoidance کے ساتھ ساتھ pedestrian detection ، blind-spot collision warning اور lane keeping assist فیچر۔ ہیڈز-آن ڈسپلے کا ایک اور فیچر سانتا فی کے بین الاقوامی ماڈلز میں ہے جو اسٹیئرنگ ویل کے اوپر ڈرائیور کی نظروں کے سامنے رفتار اور دیگر اہم فوری پیرامیٹرز ظاہر کرتا ہے۔ یہ ڈرائیور کو instrument cluster میں دیکھے بغیر اپنی توجہ سڑک پر برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
پاکستان میں متعارف کروائی گئی سانتا فی کی قیمت سے ہٹ کر اِس SUV میں پیش کردہ فیچرز کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ ہمیں نیچے تبصروں میں بتائیں۔ آٹوموبائل انڈسٹری کی تازہ ترین خبروں کے بارے میں جاننے کے لیے پاک ویلز کے ساتھ رہیں۔