2017 بی ایم ڈبلیو 5 سیریز – خوبصورت انداز اور جدید خصوصیات کی حامل نئی سیڈان!

0 745

گاڑیاں بنانے والے جرمن ادارے بی ایم ڈبلیو (BMW) نے 5-سیریز سیڈان (G30) کی ساتویں جنریشن متعارف کروادی ہے۔ایک طرف نئی 5-سیریز اپنے خوبصورت انداز کی وجہ سے گاڑیوں کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز ہے تو دوسری جانب اس میں شامل جدید خصوصیات خریداروں کواپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں۔ دنیا بھر میں بی ایم ڈبلیو کی نئی G30 سیڈان اپنے ہم وطن حریف مرسڈیز بینز E-کلاس کو ٹکر دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان درآمد کی جانے والی پہلی بی ایم ڈبلیو i8

2017-BMW-5-Series front

2017-BMW-5-Series interior

بی ایم ڈبلیو کی پیش کردہ نئی 5-سیریز کا انداز 7-سیریز سے کافی ملتا جلتا ہے۔ البتہ نئی ساتویں جنریشن پیمائش کے اعتبار سے پرانی (چھٹی) جنریشن سے زیادہ بڑی ہے۔ اس کی لمبائی 4936 ملی میٹر، چوڑائی 1868 ملی میٹر اور اونچائی 1470 ملی میٹر ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے ہی پرانے ماڈل سے زیادہ بڑی ہونے کے علاوہ نئی 5-سیریز اپنے مضبوط ترین حریف مرسڈیز E-کلاس سے بھی زیادہ بڑی ہے۔ مرسڈیز کی E-کلاس سیڈان کی لمبائی 4880 ملی میٹر، چوڑائی 1850 ملی میٹر اور اونچائی 1470 ملی میٹر ہے۔ ساتویں جنریشن 5-سیریز کا ویل بیس 2975 ملی میٹر (چھٹی جنریشن سے 7 ملی میٹر زیادہ) ہے۔ بی ایم ڈبلیو کا کہنا ہے کہ پیمائش میں اضافے سے اس سیڈان کے اندر گنجائش بھی پہلے سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس کی ڈگی میں 530 لیٹر گنجائش دستیاب ہے جو پرانے ماڈل سے 10 لیٹر زیادہ ہے البتہ اس معاملے میں مرسڈیز E-کلاس سے یہ 10 لیٹر اب بھی کم ہے۔ بی ایم ڈبلیو نے نئی 5-سیریز کی قیمت کم رکھنے کے لیے اس کی تیاری میں 7-سیریز میں استعمال ہونے والے مہنگے کاربن فائبر سےتیارشدہ پرزے استعمال نہیں کیے۔ البتہ گاڑی کا مجموعی وزن کم رکھنے کے لیے کم وزنی پرزے استعمال کیے ہیں جس سے گاڑی کا وزن 100 کلوگرام تک گھٹایا جاسکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی ایم ڈبلیو X1 بمقابلہ آوڈی Q3 – دو جرمن گاڑیاں کا ٹاکرا

2017-BMW-5-Series headlight

2017-BMW-5-Series back

اپنی گاڑیوں کی بہترین کارکردگی میں بے مثال شہرت رکھنے والے جرمن ادارے نے نئی 5-سیریز کو 2 پیٹرول انجن کے ساتھ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں 4-سلینڈر ٹربو چارجڈ 2000cc انجن کے ساتھ 185 کلوواٹ اور V6 ٹربو چارجڈ 3000cc انجن کے ساتھ 250 کلوواٹ شامل ہیں۔ بی ایم ڈبلیو نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس گاڑی کا M550i xDrive M ماڈل بھی متعارف کروائی گا جس میں 455 بریک ہارس پاور فراہم کرنے کی صلاحیت رکھنے والا 4000cc V8 انجن شامل ہوگا۔ جرمن ادارے کے ماہرین کا دعوی ہے کہ اس طاقتور انجن کے ساتھ بی ایم ڈبلیو 5-سیریز صرف 4 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ سکتی ہے جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔ بی ایم ڈبلیو کا یہ بھی ہے کہ اس گاڑی میں ایندھن کی کھپت 8.9 لیٹر فی 100 کلومیٹر تک رہے گی۔ علاوہ ازیں کار ساز ادارہ اسے 2 ڈیزل انجن کے ساتھ بھی پیش کرے گا۔ 2000cc ڈیزل انجن کا حامل ماڈل 520d اور 3000cc ڈیزل انجن کا حامل ماڈل 530d کے نام سے پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بی ایم ڈبلیو X1 سے متعلق 10 باتیں جن سے اکثریت لاعلم ہے!

2017-BMW-5-Series engine

روایتی پیٹرول اور ڈیزل انجن کے علاوہ بی ایم ڈبلیو 5-سیریز کو ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے حامل دو ماڈل 535i ایکٹیو ہائبرڈ اور 530e آئی پرفارمنس (پلگ-ان ہائبرڈ) بھی متعارف کروائے جائیں گے۔ 535i صرف برقی موٹرز پر 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 45 کلومیٹر تک سفر کرسکے گی۔ دوسرے ہائبرڈ ماڈل 530e میں 4-سلینڈر ٹربو چارجڈ 2000cc انجن اور ایک برقی موٹر شامل ہوگی۔ یوں یہ گاڑی مجموعی طور پر 185 کلو واٹ اور 420 نیوٹن میٹر ٹارک کی حامل ہوجائے گی۔ 530e صرف 6.2 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرسکتی ہے جبکہ اس میں ایندھن کی کھپت 2 لیٹر فی 100 کلومیٹر تک ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حقیقت یا نظر کا دھوکا؟ ہونڈا سِوک 2016 بی ایم ڈبلیو 3 سیریز جتنی بڑی ہے!

نئی 5-سیریز کا عام ماڈل پچھلے پہیوں کی قوت سے چلنے (rear wheel drive) کی صلاحیت کا حامل ہوگا البتہ خریداروں کے لیے تمام پہیوں کی قوت سے چلنے (all-wheel drive) کی خاصیت شامل کرنے کا بھی انتخاب موجود ہے۔ ٹرانسمیشن کی بات کریں تو بی ایم ڈبلیو 5-سیریز کے سادے ماڈل میں 6-اسپیڈ مینوئل گیئر باکس جبکہ دیگر تمام ماڈلز میں 8-اسپیڈ آٹومیٹک گیئر باکس دیا جائے گا۔

نئی بی ایم ڈبلیو 5-سیریز کو آئندہ سال فروری 2017 تک فروخت کے لیے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ رہا سوال یہ کہ اس کی قیمت کیا ہوگی؟ اس بارے میں بھی اسی وقت پتہ چل سکے گا کہ جب جرمن کار ساز ادارہ اسے فروخت کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کرے گا۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.