سال 2020: پاکستان میں کون سی 4 ہیچ بیک آ رہی ہیں؟
پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں کی فہرست دیکھی جائے تو ان میں ہیچ بیک نمایاں نظر آئیں گی۔ یہی وجہ ہے کہ آٹو پالیسی 2016-2021 سے استفادہ کرنے والے نئے اداروں نے بھی اس زمرے میں خاصی دلچسپی لی ہے اور اب اس زمرے میں زبردست مسابقت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ گاڑیوں کے شوقین ہونے کی حیثیت سے یہ صورتحال نہ صرف ہمارے لیے بلکہ ہر اس شخص کے لیے خوش آئند ہے جو نئی خصوصیات کی حامل مزید گاڑیوں کا منتظر رہتا ہے۔ پرنس، کیا اور زوتیے جیسے ادارے پاکستان میں عنقریب ہیچ بیک گاڑیاں متعارف کروا سکتے ہیں۔ مزیدبرآں ہیونڈائی بھی ہر ششماہی نئی گاڑیاں پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے شعبے پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ آئیے، اب ان ہیچ بیک گاڑیوں کی بات کرتے ہیں جنہیں رواں سال یعنی 2020 میں متعارف کروائے جانے کی امید ہے۔
پرنس پرل
طویل عرصے سے خبروں میں رہنے والی اس گاڑی کی پیشکش متعدد بار آگے بڑھائی جاتی رہی ہے مگر اب، دستیاب تفصیلات کے مطابق، پرنس پرل کی یکم فروری 2020 کو متعارف کروائی جائے گی۔ اس میں 800cc انجن اور 4-اسپیڈ مینوئل گئیرباکس شامل ہوگا اور یوں یہ براہ راست یونائیٹڈ براوو اور سوزوکی آلٹو کو ٹکر دے گی۔ ادارے کا دعویٰ ہے کہ پرنس پرل 18 کلومیٹر فی لیٹر کی زبردست مائیلیج فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں اس ہیچ بیک میں پاور اسیئٹرنگ، پاور ونڈوز، ائیر کنڈیشننگ، ائیر بیگز، الائے رمز، ڈی آر ایلز، مشابہ رنگ کے سائیڈ مررز مع انٹگریٹڈ ٹرن سگنلز اور ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹرز جیسی خصوصیات بھی شامل ہوں گی۔
کیا ریو
مستقبل قریب میں جس گاڑی کی پیشکش سب سے زیادہ متوقع ہے، وہ کیا ریو ہے۔ کمپنی کے شوروم پر پیش دیکھی جانے والی گاڑی میں 1400cc سی وی وی ٹی 4-سلینڈر پیٹرول انجن کے ساتھ 4-اسپیڈ آٹومیٹک گئیرباکس شامل تھا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسے 1400cc کے علاوہ 1200cc پیٹرول انجن کے ساتھ بھی پیش کیا جاتا ہے جس کے ساتھ نہ صرف 4-اسپیڈ آٹومیٹک بلکہ 5-اسپیڈ اور 6-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن گئیر باکس کا آپشن بھی ہے۔ خصوصیات کی بات کریں تو ان میں دو-طرفہ ہیڈلیمپس، کروز کنٹرول، کلائمٹ کنٹرول، پچھلی نشستوں پر یو ایس بی چارجنگ پورٹس، ائیر بیگز، پارکنگ سینسرز اور الائے رمز نمایاں ہیں۔ امید ہے کہ پاکستان میں اسے انہی دلکش خصوصیات کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
زوتیے Z100 آٹومیٹک
ٹاپ سن موٹرز نے حال ہی میں زوتیے Z100 متعارف کروائی ہے۔ اس ہیچ بیک میں یورو 4 معیار کا 3-سلینڈر 1000cc انجن لگایا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اسے رواں سال 2020 کے ماہِ فروری یا مارچ میں آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
مکمل خصوصیات و دیگر تفصیلات ذیل میں ملاحظہ فرمائیں:
زوریے Z100 آٹومیٹک کی نمایاں خصوصیات میں الائے رمز، پاور اسٹیئرنگ، سینٹرل لاکنگ، پاور ونڈوز، پاور مررز کے علاوہ ایئر کنڈیشننگ بھی شامل کیے جانے کی امید ہے۔
زوتیے Z100 پلس
پاکستان میں دستیاب برقی گاڑیوں کی فہرست میں زوتیے Z100 کا الیکٹرک ورژن بھی شامل ہوسکتا ہے۔ اس کا انداز انجن والے ماڈل جیسا ہی ہوگا البتہ چند ایک ظاہری تبدیلیاں بھی جائیں گی۔ ادارے کا کہان ہے کہ اس کی قیمت 19 لاکھ سے 20 لاکھ کے لگ بھگ رکھی جائے گی۔ یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں زوتیے Z100 پلس پہلے ہی دستیاب ہے۔
یہ برقی گاڑی 13.5 کلو واٹ موٹر کی حامل ہوگی جو 145 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کر سکے گی۔ ایک مرتبہ چارجنگ کے بعد یہ گاڑی آپ کو 200 کلومیٹر تک بآسانی سفر کروائے گی۔ تقریباً 7 سے 8 گھنٹے میں بیٹری مکمل چارج کی جاسکتی ہے۔
ایسی مزید خبروں اور جائزوں کے لیے پاک ویلز بلاگ کے ساتھ رہیے اور تبصروں کے ذریعے اپنی آراء ہم تک پہنچانا مت بھولیے!