سات کاریں جو آپ پاکستان میں سات لاکھ روپے میں خرید سکتے ہیں

0 16,982

ویسے تو ہم پاکستان میں 7,00,000 روپے کے اندر سوزوکی مہران، کلٹس اورآلٹو جیسی اچھی کنڈیشن کی ہیچ بیکس خرید سکتے ہیں، لیکن اس تحریر میں ہماری توجہ چند اعلیٰ گاڑیوں کے پرانے ماڈلز پر ہوگی جو آپ اس قیمت پر خرید سکتے ہیں۔ یہ قیمت بجٹ میں خریداری کرنے والوں کے لیے ہے جو ذرا محتاط ہوتے ہیں۔ 

مٹسوبشی پجیرو

اگر آپ کو آف روڈنگ کا شوق ہے، یا دیہی علاقوں میں بار بار جانا پڑتا ہے، یا پھر آپ اپنے علاقے میں شان و شوکت کے ساتھ گھومنا چاہتے ہیں تو پجیرو بہترین گاڑی ہے۔ گو کہ 7 لاکھ کے اندر اندر ملنے والی پجیرو میں آپ کو بہت کام کروانا پڑے گا، لیکن اس کا کشادہ انٹیریئر اور بڑا سائز آپ کو خریدنے پر مجبور کر دے گا۔آپ 1980ء کی دہائی کی پجیرو اِس بجٹ میں خرید سکتے ہیں، جو 2500cc انجن کے ساتھ آتی ہے۔ یہ گاڑی پاور وِنڈوز، پاور مِررز، پاور اسٹیئرنگ، پاور لاک، ایئر کنڈیشننگ اور الائے رِمز رکھتی ہے۔ 

ہونڈا سوِک

جب مقامی طور پر بننے والی لگژری گاڑیوں کی بات آتی ہے تو ہونڈا سوِک پاکستان میں گھر، گھر مقبول نام ہے۔ آپ اس بجٹ میں 2000ء یا اس سے پہلے کا ہونڈا سوِک کا ماڈل خرید سکتے ہیں۔ یہ 1600cc انجن رکھتی ہے اور اس پر آپ کی کچھ لاگت ضرور آئے گی۔ البتہ یہ ایک بہترین فیملی سائز سیڈان ہے جو کشادہ انٹیریئر رکھتی ہے۔ اس میں پاور وِنڈوز، پاور مِررز، پاور اسٹیئرنگ، پاور لاکس اور ایئر کنڈیشننگ کی سہولیات ہیں۔ 

ٹویوٹا کرولا 

ٹویوٹا کرولا اپنی مضبوطی اور پائیداری کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ یہ آپ کے سوچ سے بھی زیادہ پائیدار ہے۔ آپ اس بجٹ میں 1990ء کی دہائی کے اواخر یا اس سے بھی پہلے کے ماڈل خرید سکتے ہیں۔ اس ماڈل کی کرولا میں پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ، مینوئل ٹرانسمیشن رکھنے والا 1300cc کا انجن، پاور مررز اور ایئر کنڈیشننگ ہوگی۔ ٹویوٹا کرولا کی دیکھ بھال پر آنے والی لاگت عموماً کم ہوتی ہے اور آپ کو اس کار سے اچھا مائلیج بھی مل سکتا ہے۔ 

کِیا اسپورٹیج 

اسپورٹیج کی نئی جنریشن پاکستان میں بہت مقبول ہو رہی ہے۔ البتہ پرانی جنریشن کی اسپورٹیج، 2002ء اور اس سے پہلے کے ماڈلز، 7 لاکھ کے اندر خریدے جا سکتے ہیں۔ اسپورٹیج کی یہ جنریشن 2000cc انجن اور مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ آئی۔ اس میں پاور ونڈوز، پاور لاکس، پاور مررز، پاور اسٹیئرنگ،ایئرکنڈیشننگ اور الائے رِمز جیسے فیچرز شامل ہیں۔ یہ ایک کشادہ گاڑی ہے جو آپ پورے بھرم کے ساتھ چلا سکتے ہیں۔ البتہ اس کے اسپیئر پارٹس ملنا مشکل ہو سکتا ہے اور یہ مہنگے بھی ہو سکتے ہیں۔ 

مٹسوبشی لانسر 

مٹسوبشی اپنے اندر کئی خوبیاں رکھنے والی ایک مناسب کار ہے۔ آپ 2005ء یا اس سے پہلے کا ماڈل 7 لاکھ روپے کے اندر لے سکتے ہیں۔ یہ گاڑی 1300cc کا انجن رکھتی ہے جو مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ آتا ہے۔ یہ ایک مکمل لوڈڈ کار ہے جس میں پاور وِنڈوز، پاور لاکس، پاور مررز، پاور اسٹیئرنگ، ایئر کنڈیشننگ اور الائے رِمز ہیں۔ یہ گاڑی لکڑی کے انٹیریئر ٹرِمز اور ٹُو-ٹون انٹیریئر کلر رکھتی ہے جو اسے پریمیم شکل اور احساس دیتا ہے۔ 

ٹویوٹا پلاٹز

ٹویوٹا پلاٹز پاکستان میں گاڑیاں درآمد ہونے کے بعد بہت مقبول ہوئی۔ ٹویوٹا پلاٹز 1000cc انجن میں آٹومیٹک ٹرانسمیشن  رکھتی ہے۔ یہ ایئر بیگز، کی لیس انٹری، ایئر کنڈیشننگ، پاور اسٹیئرنگ، پاور وِنڈوز، پاور مررز اور ABS بریکس کے ساتھ آئی۔ مقامی طور پر بننے والی کاروں کے مقابلے میں اس میں زیادہ فیچرز ہیں؛ لیکن اس کی دیکھ بھال اور مرمت کی لاگت زیادہ ہے۔ آپ 2000ء کی دہائی کے اوائل کی ٹویوٹا پلاٹز 7 لاکھ روپے کے اندر اندر حاصل کر سکتے ہیں۔ 

سوزوکی لِیانا 

سوزوکی لیانا پاکستان کے آٹو سیکٹر میں مقبولیت نہ حاصل کر پانے والی سوزوکی کی گاڑیوں میں سے ایک ہے۔ سوزوکی لیانا 1300cc انجن رکھتی ہے جو مینوئل یا آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ آتا ہے۔ سوزوکی پاکستان نے سوزوکی لیانا کے مختلف ویرینٹس بھی پیش کیے، جن میں RXi، LXi، Eminent اور اسپورٹس ایڈیشن شامل تھے۔ ایمیننٹ ماڈل 1600cc انجن اور آٹومیٹک گیئر بکس کے ساتھ آیا۔ لیانا کے تمام ویرینٹس پاور ونڈوز، پاور مررز اور پاور اسٹیئرنگ کے ساتھ آئے۔ آپ 2007ء یا اس سے پہلے کا ماڈل اس قیمت پر حاصل کر سکتے ہیں۔ 

اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے اور ایسے ہی مزید معلوماتی مواد کے لیے آتے رہیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.