گاڑی کا ٹائر تبدیل کرنے کا مرحلہ وار طریقہ
گاڑی کا پنکچر ہوا ٹائر دیکھنا یقیناً ان مناظر میں سے ایک ہے جو کوئی بھی کبھی بھی نہیں دیکھنا چاہتا۔ خاص طور پر جب آپ تیار ہوکر دفتر یا پھر کسی تقریب کے لیے روانہ ہوں اور گاڑی پنکچر ہوجائے تو کوفت ناقابل برداشت ہوجاتی ہے۔ لیکن اس صورتحال میں جھنجلانے یا گھبرانے کا بھلا کیا فائدہ؟ آئیے ہم آپ کو گاڑی کا ٹائر تبدیل کرنے کا مرحلہ وار طریقہ بتلاتے ہیں جس سے آپ بغیر کسی پریشانی صرف 10 سے 20 منٹ میں گاڑی کا ٹائر بدل کر اپنی منزل کی جانب سفر کر سکتے ہیں۔
گاڑی کو محفوظ جگہ کھڑا کریں
سب سے پہلے گاڑی کو کسی محفوظ جگہ پر پارک کردیں۔ بہتر یہ ہے کہ گاڑی پر موجود تمام سامان اور مسافروں کو اتار لیں۔ بڑے پتھر یا اینٹ کو گاڑی کے دیگر ٹائرز کے نیچے رکھ دیں تاکہ گاڑی آگے یا پیچھے کی جانب نہ چل پڑے۔ یاد رہے کہ ٹائر تبدیل کرنے کے لیے گاڑی کو اونچائی یا ڈھلوان والی جگہ پر ہرگز کھڑا نہیں کرنا بلکہ ہمیشہ ہموار جگہ ہی پر گاڑی پارک کرنی ہے۔ یہ کام کرنے کے بعد گاڑی میں موجود اضافی ٹائر (spare tyre) اور جیک نکال لیں۔
پنکچر شدہ ٹائر پر سے کوور ہٹائیں
اگر آپ کی گاڑی کے ٹائر کوور سے ڈھکے ہوئے ہیں تو متاثرہ ٹائر سے کوور ہٹا دیں۔ اس کے لیے پیج کسنے والے آلے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ اگر آپ کی گاڑی میں الائے رمز استعمال کیے گئے ہیں تو یہ کام کرنے کی ضرورت نہیں۔
پہیے کے نٹس ڈھیلے کریں
نٹ کھولنے اور کسنے والے آہنی آلے سے باری باری پہیے پر موجود تمام نٹس ڈھیلے کریں۔ یاد رہے کہ نٹ ڈھیلے کرنے کے لیے آپ کو انہیں بائیں جانب (گھڑی کی سمت کے مخالف) گھمانا ہوگا۔ اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ نٹ علیحدہ نہیں کرنے بلکہ انہیں صرف ڈھیلا کرنا ہے۔ اس کام کے لیے عام طور پر پائپ نما لمبا سا لوہے کا آلہ یا پھر کراس استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹائر گلنے کی وجوہات اور گاڑی کی کارکردگی پر اس کے اثرات
گاڑی کو اوپر اٹھائیں
پہیے کے تمام نٹس ڈھیلے کردینے کے بعد جیک کی مدد سے گاڑی کو تھوڑا اوپر اٹھائیں۔ گاڑی کو جیک کی مدد سے اوپر اٹھانے کے لیے اسے متاثرہ ٹائر کے نزدی گاڑی کے کسی مضبوط نچلے حصے پر رکھنا بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ کے پاس ہائیڈرالک جیک ہے تو ہلکا سا دبائیں یا اگر آپ کے پاس قینچی والا جیک ہے تو اسے چھڑی کی مدد سے گما کر اوپر کریں۔ گاڑی کو زیادہ سے زیادہ 6 انچ تک اوپر اٹھانا کافی ہے۔
پنکچر شدہ ٹائر کو نکال لیں
گاڑی تھوڑا اوپر اٹھانے کے بعد تمام نٹ باہر نکال لیں اور پھر پنکچر شدہ ٹائر کو بھی علیحدہ کرلیں۔ نٹس کو کسی محفوظ جگہ سنبھال رکھیں اور اس ٹائر کو گاڑی کے اندر اضافی ٹائر (spare) کی جگہ رکھ دیں۔
اضافی ٹائر لگائیں
جہاں سے پنکچر شدہ ٹائر نکالا ہے اب وہاں اضافی ٹائر لگائیں۔ اس ٹائر کا وزن پنکچر شدہ ٹائر سے زیادہ ہوسکتا ہے اس لیے اٹھاتے ہوئے احتیاط کریں۔
پہیے کے نٹس واپس لگائیں
ٹائر جگہ پر لگانے کے بعد باری باری تمام نٹس کو دوبارہ لگائیں۔ ہاتھ سے جتنا ممکن ہو انہیں ٹائٹ کرتے چلیں تاکہ نٹس اچھی طرح اپنی جگہ پر فٹ ہوجائیں۔ ہاتھ سے تمام نٹس فٹ کرنے کے بعد گاڑی کو جیک سے اتار لیں۔ اس کے بعد پیج کسنے والے آلے کی مدد سے باری باری تمام نٹس اچھی طرح فٹ کرلیں۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑی کے ٹائر میں پنکچر لگانے کا آسان اور آزمودہ طریقہ
کوور واپس لگائیں
تمام نٹس فٹ کرنے کے بعد شروع میں نکالا گیا ویل کوور واپس لگائیں۔ اگر انہیں پیج کس کی مدد سے نکالا تھا تو دوبارہ پیج ہی مدد سے واپس لگائیں۔ اس کے بعد دیگر پہیوں کے نیچے رکاوٹ کے لیے رکھے گئے پتھر یا اینٹ کو ہٹا دیں اور اب اپنے سفر پر روانہ ہوجائیں۔