جنوری کے آغاز میں پاک وہیلز نے یہ اطلاع دی تھی کہ لاہور کے ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید نے ڈی سی آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے ڈائیوو بس سروس کو ہدایت کی کہ وہ اپنے لاہور کے ٹرمینل کلمہ چوک سے ٹھوکر نیاز بیگ منتقل کرے۔ اس سلسلے میں ڈائیوو بس سروس کے جی ایم نے ڈپٹی کمشنر کو نئے ٹرمینل کے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ اس میٹنگ میں ڈی سی سمیر احمد نے ڈائیوو بس سروس کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ جنوبی پنجاب کو جانے والی 50 ڈائیوو بسوں کی روانگی جتنی جلدی ممکن ہو نئے ٹرمینل سے کرنے کو یقینی بنائیں۔ حالیہ اعلانات اور کاروائیاں کپمنی کی حکمت عملی کے مطابق ہیں اور کمپنی کے پورے آپریشن بیس کو نئی جگہ ٹھوکر نیاز بیگ لاہور منتقل کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کمپنی اپنے سرکاری خط میں لکھتی ہے کہ:
’پاکستان کی سب سے بڑی ٹرانسپورٹ کمپنی، ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لیمیٹڈ اپنے قابل قدر مسافروں اور صارفین کو یہ بتانا چاہتی ہے کہ کمپنی اپنا لاہور کا مین ٹرمینل فیروز پور روڈ کلمہ چوک سے ملتان روڈ ٹھوکر نیاز بیگ منتقل کر رہی ہے جس کا اطلاق بروز جمعہ 31 مارچ 2017 سے ہو گا۔ 31 مارچ 2017 کے بعد کلمہ چوک ٹرمینل سےبسوں کی روانگی یا آمد نہیں ہو گی۔ کلمہ چوک ٹرمینل ایک پک اینڈ ڈراپ پوائنٹ بن جائے گا جہاں ہمارے قابل قدر مسافروں کے لیے شٹل بس یا وین سروس ہوگی۔ مزید یہ کہ ڈائیوو کارگو اور ڈائیوو کیب کلمہ چوک ٹرمینل سے ہمارے قابل قدر صارفین کی خدمت جاری رکھیں گے۔‘