اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جنوری2019ء میں 19 لاکھ روپے مالیت کے 60 ہزار چالان کیے

0 171

اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) نے جنوری 2019ء کے دوران 19 لاکھ روپے مالیت کے 64,835 چالان کیے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) کی ایک دستاویز میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر 64,835 چالان جاری کیے گئے۔ ماحول کو فضائی آلودگی سے بچانے کے 2019ء کے پہلے مہینے میں 9,918 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا بھی چالان کیا گیا۔ مختلف انٹرسیکشنز پر سگنل توڑنے پر 8,935 گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے جرمانے کیے گئے۔ مختلف ٹریفک قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 10,172 گاڑیوں کو بھی ٹکٹ جاری کیے گئے۔ مسافروں کے ساتھ بدتمیزی پر وفاقی دارالحکومت میں 4,105 ڈرائیوروں کو جرمانے کیے گئے۔ دوسروں کے راستے میں آنے پر 6,840 موٹر سائیکل سواروں کو بھی ٹکٹ جاری کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت کی ٹریفک پولیس شور کی آلودگی کم کرنےکا بھی عزم رکھتی ہے جس کے لیے اس نےپریشر ہارنز کے غیر ضروری استعمال پر 2,933 افراد کو ٹکٹ جاری کیے۔ لین کی خلاف ورزی اورخطرناک حد تک مسافر ڈھونے پر بالترتیب 2,969 اور 2,576 چالان کیے گئے۔ خراب لائٹوں کے استعمال پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 2,522 گاڑیوں کو جرمانے ہوئے اور یوں قومی خزانے میں 19 لاکھ روپے کی خطیر رقم جمع ہوئی۔

ITP کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے SSP (ٹریفک پولیس) فرخ رشید نے بتایا کہ محکمے قانون کے نفاذ کے لیے مختلف اسکواڈز ترتیب دیے ہیں۔ ٹریفک پولیس ٹریفک قواعد و ضوابط کی پیروی کرنے کی خاطر شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف مہمات بھی چلا رہا ہے۔ انہوں نے سڑکوں پر ٹریفک سائن لگانے کے لیے مختلف معاملات پر کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) کی سردمہری پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق ITP کی جانب سے 2,000 خطوط مندرجہ بالا اتھارٹی کو لکھے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری موجودہ مسائل کے مستقل حل کا سبب بنے گی۔

اس موقع پر انہوں نے ٹریفک قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں کی مکمل تیاری کو ضرور قرار دیا۔ اس وقت قانون کے نفاذ میں بنیادی رکاوٹ سڑکوں پر وارننگ سائنز کی عدم موجودگی ہے۔ یہ ٹریفک وارڈنز کو خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کرنے سے روکتا ہے کیونکہ موقع پر کوئی وارننگ سائن موجود نہیں ہوتا۔ اس صورت میں گاڑی چلانے والا خلاف ورزی کو چیلنج کر سکتا ہے اور یوں ٹریفک پولیس کی استعداد میں کافی کمی آ جاتی ہے۔

اس وقت دارالحکومت میں مختلف سڑکوں پر نصب کل 83 میں سے 40 فیصد ٹریفک سگنل اچھی حالت میں ہیں۔ اسلام آباد کے شہریوں نے دارالحکومت میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل پر اپنے خدشات کا اظہار بھی کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مختلف مقامات پر سڑکوں کی خراب حالات سنگین حادثات کا سبب بن رہی ہے اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک سگنل کو ٹھیک یا تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ مزید برآں، انہوں نے سڑکوں پر بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے لیے موٹر سائیکلوں کے لیے دو علیحدہ لینز فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

وفاقی دارالحکومت میں موجودہ ٹریفک مسائل کے حوالے سے آپ کی رائے کیا ہے؟ ہمیں تبصروں میں ضرور بتائیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.