کِیا پکانٹو 2019ء کا جائزہ، اُس کے مالک کی نظر سے: قیمت، تفصیلات اور خصوصیات
اپنے قارئین کے لیے خاص تحاریر پیش کرے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اِس مرتبہ ہم آپ کے لیے کِیا پکانٹو 2019ء کے مینوئل ویرینٹ کا جائزہ لائے ہیں، خود اُس کے ایک مالک کی نظر سے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ یہ گاڑی چلانے والے ایک شخص کی کیا رائے ہے؟
انٹیریئر اور ایکسٹیریئر
اس کار کے انٹیریئر اور ایکسٹیریئر دونوں کی بِلڈ کوالٹی یعنی تعمیراتی معیار بہترین ہے۔ انٹیریئر میں گنجائش بھی عمدہ ہے لیکن پھر بھی اسے مزید بہتر بنایا جا سکتا تھا۔ اگر زیادہ سامان ڈالنا ہو تو پچھلی سیٹوں کو تہہ کیا جا سکتا ہے۔ ڈیک کنیکٹیوِٹی اچھی ہے۔ انٹیریئر میں بلوٹوتھ کنیکٹیوِٹی،AUX، USB پورٹ اور 12 وولٹ چارجر بھی دستیاب ہیں۔ انفارمیشن کلسٹر گیئر کی تبدیلی اور فیول ایوریج جیسی تفصیلات فراہم کرتا ہے۔
کار کے اندر پائے جانے والے چند فیچرز میں ٹلٹ اسٹیئرنگ، ہائیٹ ایڈجسٹ ایبل ڈرائیونگ سیٹ، ایڈجسٹ ایبل سائیڈ مررز، اسٹیئرنگ کنٹرولز، ABS بریکس اور الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ شامل ہیں۔ ایک اور فیچر جو انوکھا اور بہت کارآمد ہے، وہ ریئر وائپرز کی موجودگی ہے۔ فرنٹ وائپرز کی رفتار تیز اور کم رکھنے کا آپشن بھی ہے اور اُن کا درمیانی وقفہ بھی طے کیا جا سکتا ہے۔
کیا پکانٹو کا بس یہ مسئلہ ہے کہ اس میں آرم ریسٹ اور فوگ لیمپس نہیں ہیں۔ لوگ کار کی DRLs کو ہی فوگ لیمپس سمجھ لیتے ہیں اور اس کی وجہ غالباً یہ ہے کہ ان میں LEDs نہیں ہیں۔ ہیڈلائٹس کھولتے ہی یہ DRLs بند ہو جاتی ہیں۔ البتہ روڈ گرِپ، سسپنشن اور گراؤنڈ کلیئرنس سب بہترین ہیں۔
ISO چائلڈ فِکس:
کِیا پکانٹو ایک بین الاقوامی سیفٹی اسٹینڈرڈ سے لیس ہے جو ISO چائلڈ فِکس کہلاتا ہے۔ یہ پاکستان میں بننے والی کسی مقامی ہیچ بیک میں نہیں ہے۔ ISO چائلڈ فِکس کار کے پچھلے حصے میں بچے کی سیفٹی سیٹ کے لیے اٹیچمنٹ پوائنٹس رکھتا ہے۔ یہ بلاشبہ ایک انوکھا فیچر ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ادارہ کاروں کی سیفٹی کو ترجیح دیتا ہے۔
ایئر بیگز:
یہ مِڈ رینج 1000cc ہیچ بیک دو ایئربیگز سے بھی لیس ہے جو ڈرائیور اور آگے بیٹھے مسافر کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔ اِن میں سے ایک ڈرائیور کے اسٹیئرنگ ویل میں لگا ہوا ہے جبکہ مسافر کے لیے لگایا گیا دوسرا ایئر بیگ ڈیش بورڈ میں ہے۔
کار کے بارے میں مالک کا جائزہ اِس وڈیو میں دیکھیں:
ڈِگی کی گنجائش
کِیا پکانٹو کی ڈِگی میں کافی مناسب گنجائش ہے اور بطور اسٹینڈرڈ بُوٹ سیپریٹر بھی موجود ہے۔ ڈِگی کے نیچے آپ کو فرسٹ ایڈ کِٹ اور اسپیئر ویل بھی ملے گا۔ اس کے ساتھ ایک بہت اچھی ٹول کٹ بھی ہے۔ ویل کے معاملے میں بڑی باریک بینی سے کام کیا گیا ہے کیونکہ بیشتر نئی گاڑیاں الیکٹرک ایئر پمپ کے ساتھ آتی ہیں اور ان میں کوئی اسپیئر وِیل نہیں ہوتا۔
وارنٹی
پکانٹو، کِیا کی تمام گاڑیوں کی طرح، صارفین کو عام طور پر رائج وارنٹی سے بڑھ کر 1,00,000 کلومیٹرز یا چار سال کی وارنٹی دیتی ہے۔
قیمت
مالک نے یہ گاڑی 28 اکتوبر 2019ء کو 19 لاکھ روپے میں خریدی۔ اس گاڑی کی رجسٹریشن لاگت 52,000 روپے تھی۔
ہماری طرف سے اتنا ہی، اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔