بی ایم ڈبلیو کی نئی 5-سیریز بہت جلد آیا چاہتی ہے
پرتعیش گاڑیاں بنانے والے جرمن ادارے بی ایم ڈبلیو (BMW) کی نئی 5-سیریز بہت جلد پیش کی جانے والی ہے۔ 5-سیریز بی ایم ڈبلیو G30 کی بہت سی خفیہ تصاویر انٹرنیٹ کے ذریعے منظر عام پر آچکی ہیں جس سے گاڑیوں کے شوقین افراد بالخصوص بی ایم ڈبلیو کے مداحوں میں نئی پرتعیش سیڈان گاڑیوں کو دیکھنے کا تجسس بڑھتا جارہا ہے۔
بی ایم ڈبلیو 5-سیریز G30 کی تازہ ترین تصاویر جرمنی میں لی گئی ہیں جس میں بی ایم ڈبلیو کی روایتی گردے (kidney) نما گِرلز اور اس سے منسلک ہیڈ لائٹس باآسانی دیکھی جاسکتی ہیں۔ گِرل اور ہیڈلائٹس دونوں ہی کو 5-سیریز میں خاصہ منفرد انداز دیا گیا ہے جس سے گاڑی کا بہت اچھا تاثر ابھر رہا ہے۔ ہیڈلائٹس کے اوپر LED بھی شامل کیے جانے کی توقع ہے۔ ذیل میں موجود ماڈل کی تصویر دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگلے پہیوں کے ساتھ ہوا کا دباؤ ختم کرنے کے لیے air inlet بھی دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گاڑی کے بونٹ پر بھی گہری سطور دیکھی جاسکتی ہیں جو گِرل سے لے اوپر تک موجود ہیں۔ یہ انداز نئی 5-سیریز سیڈان کو 7-سیریز کے مقابلے میں کافی مختلف بنارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی ایم ڈبلیو X1 سے متعلق 10 باتیں جن سے اکثریت لاعلم ہے!
گاڑی کا پچھلا حصہ بھی کافی جذباتی اور اسپورٹی انداز کا حامل ہے۔ خاص کر ڈگی پر موجود اسپائلر اس کی جذبایت مزید ابھر کر سامنے آرہی ہے۔ مجموعی طور پر نئی گاڑی میں کافی کچھ چیزیں مختلف اور اچھی نظر آرہی ہیں جس سے اس کی خوبصورتی میں چار چاند لگ جانے کی توقع ہے۔ ایک اندازے کے مطابق جرمن کار ساز ادارہ آئندہ سال 2017 کے موسم بہاراں سے صارفین کو نئی 5-سیریز کی فراہمی شروع کردے گا۔