پاک سوزوکی موٹر کمپنی آئندہ مہینوں میں اپنی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہونے والی ہیچ بیک ویگن آر کا آٹومیٹک ویرینٹ لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ہمارے قابلِ اعتماد ذرائع کے مطابق جاپانی آٹو ادارہ اپنی ویگن آر کی لائن اَپ میں ایک اور ویرینٹ کا اضافہ کر رہا ہے اور یہ 1000cc ہیچ بیک کا آٹو گیئر-شفٹ (AGS) ورژن ہوگا۔ آٹومینوفیکچرر لوکل مارکیٹ میں اس وقت ویگن آر کے دو مینوئل ویرینٹس پیش کرتا ہے VXR اور VXL۔ VXR اس ہیچ بیک کا بنیادی ویرینٹ ہے جبکہ VXL ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ ہے۔ AGS ویرینٹ کی شمولیت صارفین کو اپنی پسندیدہ ہیچ بیک گاڑی میں آٹومیٹک ڈرائیونگ کے مزے دے گی۔ تفصیلات کے مطابق یہ VXL کا ویرینٹ ہی ہوگا جس میں واحد تبدیلی گاڑی کی ٹرانسمیشن میں تبدیلی ہے۔ باقی تمام فیچرز وہی ہوں گے۔
پاک سوزو کی دوسری 1000cc کیٹیگری کی کار کلٹس تین ویرینٹس میں آتی ہے VXR، VXL اور AGS۔ ابتدائی طور پر اس میں بھی صرف مینوئل ورژنز تھے، لیکن آٹو مینوفیکچرر نے گزشتہ سال لائن اَپ میں AGS ویرینٹ شامل کیا۔ اور یہی حکمت عملی اب ویگن آر کے لیے اپنائی گئی ہے۔ بلاشبہ یہ صارفین کے یلے اچھی خبر ہے کہ انہیں مقامی طور پر بننے والی گاڑیوں کے انٹری-لیول سیگمنٹ میں پسند کے لیے ایک اور انتخاب ملے گا۔ سوزوکی ویگن آر گزشتہ چند سالوں نے کمپنی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ہے۔ اسے پاکستان کے رائیڈ ہیلنگ کاروبار میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ کمپنی نے اپنی مشہور زمانہ 800cc مہران کے خاتمے کا اعلان بھی کیا، جس کے بعد یہ نئی 660cc آلٹو کے لانچ ہونے سے پہلے پاک سوزوکی کی انٹری-لیول کار بھی بن گئی۔
ویگن آر VXL کے اہم فیچرز یہ ہیں:
پاور ونڈوز (فرنٹ)
پاور اسٹیئرنگ
انفوٹینمنٹ سسٹم USB اور AUX کنیکٹیوٹی کے ساتھ
باڈی کے رنگ کے سائیڈ مررز
ریئر کروم گارنش
الائے ویلز
اموبیلائزر
کی لیس انٹری
یہی فیچرز ہیچ بیک کے AGS ورژن میں بھی متوقع ہیں۔ کمپنی پچھلے دروازوں میں پاور ونڈوز بھی شامل کر سکتی ہے، لیکن ہو سکتا ہے کہ قیمت اسے یہ فیچر فراہم کرنے سے روکے۔ ویگن آر کے VXR اور VXL ورژنز موجودہ (ایکس-فیکٹری) قیمت کچھ یوں ہیں:
سوزوکی ویگن آر VXR (15.40 لاکھ روپے)
سوزوکی ویگن آر VXL (16.25 لاکھ روپے)
ذرائع کے مطابق اگلے چند مہینوں میں اس گاڑی کی مارکیٹ میں آمد متوقع ہے۔
اس خبر پر آپ کی رائے کیا ہے؟ ہمیں ضرور بتائیں اور سوزوکی ویگن آر AGS کی لانچ کے بارے میں مزید خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیں۔