پاک سوزوکی نے مبینہ طور پر پاکستان میں اپنی 660cc آلٹو کی پیداوار شرو ع کردی ہے۔
یہ تصویر، جو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر وائرل ہو چکی ہے، گاڑی کو ابتدائی مرحلے میں ظاہر کرتی ہے؛ پھر کوئی بھی دیکھنے والا باآسانی پہچان سکتا ہے کہ یہ گاڑی آلٹو کے سوا کوئی اور نہیں ہو سکتی۔
پاک سوزوکی نے 30 سال بعد اپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی مشہورِ زمانہ 800cc ہیچ بیک مہران کا خاتمہ کردیا ہے اور صارفین کے لیے سوزوکی آلٹو 660cc لا رہا ہے۔
PakWheels.com اکتوبر 2018ء میں ہی با چکا ہے کہ کمپنی کی نظریں اگلے سال پاکستان میں آلٹو متعارف کروانے پر مرکوز ہیں اور اس تصویر سے اب اس خبر کی تصدیق ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ چند افواہوں کے مطابق سوزوکی ٹیسٹنگ کے مقاصد کے لیے نئی آلٹو 2019ء کے 25 یونٹس پہلے ہی تیار کر چکا ہے۔
نئی ہیچ بیک 660cc انجن کی حامل ہوگی اور یہ آٹو اور مینوئل دونوں ٹرانسمیشنز کے ساتھ دستیاب ہوگی۔ آلٹو 2019ء کے تین ویریئنٹس ہوں گے، جس میں ٹاپ آف دی لائن ماڈل میں آٹو گیئربکس ہوگا، لیکن بنیادی ماڈل اور اس سے بہتر ماڈل مینوئل آلٹو کا ہوگا۔ اندازوں کے مطابق قیمت 8 سے 10 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔
سوزوکی آلٹو اس وقت اپنی آٹھویں جنریشن میں ہے اور ہمیں پاکستان میں بھی وہی آٹھویں جنریشن کی صورت ملے گی لیکن فیچرز میں فرق ہو سکتا ہے اور عین ممکن ہے کہ ہمیں JDM آلٹو میں دستیاب وہی فیچرز نہ ملیں جو لوگ پہلے ہی بیرونِ ملک سے درآمد کر رہے ہیں۔ لیکن ابھی اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، انتظار کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ کمپنی اپنی گاڑی میں کون سی خصوصیات پیش کرتی ہے۔ تب تک آئندہ سوزوکی آلٹو کے بارے میں تمام تفصیلات جاننے کے لیے PakWheels.com پر آتے رہیے۔
نئی گاڑی کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے، نیچے تبصروں میں ضرور پیش کیجیے۔
سوزوکی آلٹو تصویر بشکریہ: فضل وہاب