پاکستان کے زیادہ تر شہروں میں محکمہ ٹریفک پولیس اچھی شہرت کا حامل نہیں رہا، اور ہو سکتا ہے کچھ لوگوں کو اختلاف ہو لیکن اسلام آباد ٹریفک پولیس بھی انہی میں سے ایک ہے۔ البتہ گزشتہ چند سالوں میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے زبردست بہتری ظاہر کی ہے۔
اس وقت اسلام آباد ٹریفک پولیس کے گاڑیوں کے بیڑے میں روزمرہ امور کو نمٹانے کے لیے ٹویوٹا پرایئس، نئی ہیوی بائیکس، ٹویوٹا کرولا جی ایل آئی، فوٹون ٹون لینڈ اور چند دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔
ان کی پیش کردہ موجودہ خدمات میں جدید لائسنس، 24 گھنٹے 7 دن لائسنس کی تجدید، سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے منصوبے، ریڈیو پر براہ راست ٹریفک اپڈیٹس، لائسنس کی تصدیق، ای-ٹکٹنگ کا نظام اور ان کی خدمات میں تازہ ترین اضافہ ہے پارک سکیور۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نیا پارکنگ حل ’پارک سکیور‘ متعارف کروایا جو ایک مقامی بینک کے ساتھ تعاون سے ایک QR کوڈ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔
پارک سکیور ایک ڈجیٹل کیو آر کوڈ استعمال کرتا ہے جو کسی بھی گاڑی کی کسی بھی پبلک پارکنگ مقام میں آمد پر موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئےتخلیق کیا جاتا ہے۔ کیو آر کوڈ گاڑی کے حوالے سے تمام متعلقہ معلومات کے ساتھ ٹیگ کیا جاتا ہے بشمول داخلے کا وقت، رجسٹریشن نمبر وغیرہ۔ نکلتے ہوئے ہر شہری کو تصدیق کے لیے موقع پر موجود پولیس افسر کو دیا گیا کیو آر کوڈ فراہم کرنا ہوگا، یہ کریڈنشلز میچ ہونے پر ہی گاڑی کو باہر لے جانے کی اجازت ہوگی۔
مقام پر موجود پولیس افسر کو گاڑی کے نمبر، داخلے کے وقت، نکلنے کے وقت کے براہ راست اعداد و شمار فراہم کیے جائیں گے تاکہ گاڑیوں کے داخلے اور نکلنے کو ہموار بنایا جا سکے اور پارکنگ لاٹس کی منصوبہ بندی اور انتظام کو بھی آسان کیا جا سکے۔
آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے یہ رائے دی:
عوام اور ان کی املاک کی حفاظت ہمارے لیے نہایت اہم ہے اور ہم اس کو یقینی بنانے کے لیے شبانہ روز کوشش کر رہے ہیں۔ اس کو جاری رکھتے ہوئے ہم نے اسلام آباد میں کیو آر بیسڈ ڈجیٹل سکیور پارکنگ سسٹم متعارف کروایا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ نظام عوامی سہولت کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیار اور جاری کیا گیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ بڑے پیمانے پرعوام کو فائدہ پہنچائے گا۔ ہم اسلام آباد میں ڈجیٹل پولیسنگ متعارف کروانے سے وابستہ ہیں، اور ابھی بہت سے ٹیکنالوجی بیسڈ منصوبے جاری کیے جانے ہیں۔”
ابتدائی طور پر یہ نظام اسلام آباد سنڈے بازار میں شروع کیا گیا ہے اور اس کی توسیع جلد ہوگی۔