اسپیس X کے تیار کردہ فیلکن 9 راکٹ کی سمندر میں پہلی کامیاب لینڈنگ
ایک وقت تھا کہ خلائی جہازوں تک سامان پہنچانے کے لیے بھیجا جانے والا راکٹ محض ایک ہی بار استعمال ہوپاتا تھا۔ لیکن پھر امریکی ہوا پیمائی اور خلائی انتظامیہ (ناسا) نے اسپیس X کی مدد سے ایسے راکٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا جنہیں ایک سے زائد بار استعمال کیا جاسکے۔ اسپیس X مشہور کار ساز ادارے ٹیسلا کے سربراہ ایلون مُسک کی ذہنی اختراع ہے۔ پہلے راکٹ کو خلائی جہازتک بھیجنے کے بعد خلا ہی میں تباہ کردیا جاتا تھا کیوں کہ ناسا کے پاس راکٹ کی زمین پر کامیاب نزول (لینڈنگ) کا کوئی طریقہ موجود نہ تھا۔
اب اسپیس X نے ایک ناقابل یقین کارنامہ انجام دیتے ہوئے پہلی بار فیلکن 9 راکٹ کی سمندر میں لینڈنگ ممکن بنائی ہے۔ ماضی میں اس کے لیے متعدد کوششیں کی جاچکی ہیں لیکن ہر بار ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ فیلکن 9 کو ایک خلائی جہاز تک رسد پہنچانے کے لیے روانہ کیا گیا تھا جس کے بعد سمندر میں موجود ایک ڈرون پر اس کی کامیاب لینڈنگ کا تجربہ کیا گیا۔ اس سے قبل فیلکن راکٹس کو زمین پر کامیابی سے اتارا جاچکا ہے تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کسی راکٹ کو سمندر کے بیچوں بیچ کسی ڈرون پر کامیابی سے اتارا گیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کی برقی گاڑیوں کا منصوبہ ٹیسلا کا کوڑا دان ہے: ایلون مُسک
یہ سال اسپیس X کے روح رواں اور ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک کے لیے کافی خوش گوار رہا ہے۔ ٹیسلا ماڈل 3 کے کامیاب اجرا سے بھی اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے جس کی فروخت تیزی سی بڑھ رہی ہے۔ اور اب راکٹ کی کامیاب لینڈنگ نے ثابت کیا ہے کہ قسمت ایلن پر پوری طرح مہربان ہے۔
ذیل میں آپ فیلکن 9 کی کامیاب لینڈنگ کا شاندار نظارہ ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ میں اسے اب تک دیکھی گئی یاد گار ترین ویڈیوز میں سے ایک شمار کرتا ہوں۔