سوزوکی سلیریو – 2017 میں متوقع گاڑیوں میں سے ایک!

0 518

آئند سال پاکستان میں پیش کی جانے والی گاڑیوں میں سوزوکی سلیریو بھی شامل ہے جسے نئی سوزوکی کلٹس کے نام سے متعارف کروایا جائے گا۔ ایک ‘شہری گاڑی’ کے طور پر مشہور سوزوکی سلیریو (Celerio) کو پہلی مرتبہ پڑوسی ملک بھارت میں منعقدہ آٹو ایکسپو 2014 میں دکھایا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے یورپ میں ہونے والے جنیوا موٹر شو میں بھی پیش کیا گیا۔ سلیریو اگلے پہیوں کی قوت سے چلنے (fwd) والی 4 دروازوں کی حامل ہیچ بیک ہے جسے شہر میں سفری ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ایندھن بچانے کی بہترین صلاحیت رکھنے والی سوزوکی گاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دیگر مارکیٹوں میں سوزوکی سلیریو کا براہ راست مقابلہ ہونڈا بریو، شیورلیٹ بیٹ، فورڈ فیگو اور نسان مِکرا ایکٹو سے ہوتا ہے۔

ظاہری انداز (Exterior)

سوزوکی سلیریو کا ظاہری انداز دلچسپ خطوط پر مشتمل ہے جنہیں CICO (Curve in Curve out) کا نام دیا گیا ہے۔ گاڑی کا مجموعی انداز بہت نفیس، قدرے شوخ اور ہوائی حرکیات (aerodynamic) اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ سلیریو میں شامل الائے ویلز کا انداز کافی اسپورٹی ہے اور یہی اسپورٹی ویلز اسے دیگر گاڑیوں سے ممتاز بناتے ہیں۔ اس کی قابل ذکر خصوصیات میں اگلی جانب fog lamps، ORVM انڈکیٹرز اور دیگر گاڑیوں سے منفرد ظاہری انداز شامل ہے۔ اسے مختلف مارکیٹوں میں کئی ایک خوبصورت رنگوں میں پیش کیا جاتا ہے جن میں بھورا، سفید، نقرئی (سلور) ، سرخ اور نیلا رنگ سب سے زیادہ مشہور ہیں۔ سوزوکی سلیریو کی لمبائی 3600 ملی میٹر، چوڑائی 1600 ملی میٹر اور اونچائی 1560 ملی میٹرہے جبکہ ویل بیس 2425 ملی میٹر اور گراؤنڈ کلیئرنس 165 ملی میٹر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کلٹس کا دور ختم؛ سوزوکی سلیریو آیا چاہتی ہے!

rear

اندرونی حصہ (Interior)

سلیریو کے اندر جھانکیں تو یہ حصہ کافی کشادہ اور گنجائش کا حامل محسوس ہوتا ہے۔ اس میں مسافروں کے لیے کشادہ ہیڈروم، لیگ روم اور شولڈر روم سمیت سامان رکھنے کے لیے ڈگی میں بھی کافی زیادہ گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ سیلیرو کے اسٹیئرنگ ویل کو (صرف) اونچائی میں ترتیب دیا جاسکتا ہے اور یہ بات چند ڈرائیور صاحبان کے لیے پریشانی کی بات ہوسکتی ہے۔ اس گاڑی کے ڈیش بورڈ سمیت دیگر تمام حصے سادگی کا قرینہ اور استعمال میں آسان ہونے کے ساتھ ساتھ بہت اعلی معیار کے حامل ہیں۔ بالخصوص بھارت میں تیار کی جانے والی سوزوکی سلیریو کا اندرونی حصہ تو حقیقتاً اپنی مثال آپ ہے۔

interior

انجن (Engine)

سوزوکی سلیریو کو 3-سلینڈر 1000cc پیٹرول انجن کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ K-نیکسٹ کے نام سے مشہور یہ انجن 6000 آرپی ایم پر 67 بریک ہارس پاور اور 3500 آر پی ایم پر 90 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ سوزوکی سلیریو طرز کی گاڑی کے لیے یہ اعداد و شمار بہت اچھے کہے جاسکتے ہیں۔ سلیریو کو 5-اسپیڈ مینوئل اور 5-اسپیڈ AMT (آٹومیٹک مینوئل ٹرانسمیشن) کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ AMT ٹیکنالوجی کو سوزوکی کی جانب سے EZ ڈرائیور کا نام دیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرائیور کلچ پیڈل استعمال کیے بغیر مینوئل گیئر تبدیل کرسکتا ہے۔ سوزوکی کا کہنا ہے کہ سیلیریو ایک لیٹر میں 23.1 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا پاکستان میں مہران کی جگہ نئی آلٹو متعارف کروائی جارہی ہے؟

engine

پاکستان میں ایک طویل عرصے سے سوزوکی سیلیریو کی آمد سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں نئی سوزوکی کلٹس 2017 کی دوسری سہہ ماہی میں پیش کی جائے گی۔ پاکستان میں سوزوکی سلیریو کے دو ماڈلز VXR اور VXL کی پیشکش متوقع ہے جن کی قیمتیں سوزوکی ویگن آر اور سوزوکی سوفٹ کے آس پاس رکھی جاسکتی ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.