جاپانی کار ساز اداروں سوزوکی اور ٹویوٹا میں شراکت داری کا امکان

239

گاڑیوں کے شعبے میں کام کرنے والے دو نامور جاپانی اداروں سوزوکی اور ٹویوٹا نے کاروباری شراکت داری کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ 12 اکتوبر 2016 کو جاری کیے جانے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ادارے مارکیٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے شراکت کے امکانات پر غور کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں مذکورہ اداروں کی طرف سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

Toyota Suzuki CEO

ٹویوٹا موٹرز کا نام اس وقت گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں میں سرفہرست ہے جبکہ سوزوکی موٹرز کو چھوٹی گاڑیوں کے شعبے کا بے تاج بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں دونوں اداروں کے سربراہان نے کاروباری شراکت داری کا مقصد حفاظتی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز رکھنے کو قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی نے گاڑیوں کی جانچ میں غلط طریقہ اختیار کرنے کا اعتراف کرلیا

سوزوکی کے سربراہ اسامو سوزوکی نے کہا کہ ٹویوٹا اپنے شعبے کا بہترین اور قابل بھروسہ ادارہ ہے جو مستقل نئی اور جدید ٹیکنالوجی پر مصروف عمل ہے۔ انہوں نے سوزوکی اور ٹویوٹا کے درمیان شراکت داری کے امکانات پر گفتگو کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ممکنہ شراکت سے متعلق سب سے پہلے ٹویوٹا کے سربراہ شوئی چیرو ٹویوڈا سے بات کی تھی۔ سوزوکی کے سربراہ نے ٹویوٹا کے صدر اکیو ٹویوڈا کی جانب سے اس شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

Toyota Suzuki parntership conference

ممکنہ شراکت داری سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹویوٹا کے صدر اکیو ٹویوڈا نے کہا کہ گاڑیوں کے شعبے میں تبدیلی کے فضا قائم ہونے کے بعد ہمیں اپنی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ہی ادارے اپنی اپنی تحقیق اور ترقی کی کوششوں میں مصروف ہے تاہم موجودہ وقت میں یہ بہت ضروری ہے کہ ہم یکساں ہدف حاصل کرنے کے لیے مل جل کر محنت کریں۔ اکیو ٹویوڈا نے مزید کہا کہ بہتر گاڑیوں کی تیاری اور شعبے کی ترقی کے لیے کوشش کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ شراکت داری کے لیے ٹویوٹا کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کی جانب سے ڈیزل گاڑیوں کی تیاری بند کرنے کا عندیہ

ماہرین کے خیال میں سوزوکی اور ٹویوٹا کی ممکنہ شراکت داری کے پیچھے مختلف مارکیٹوں میں ان اداروں کو درپیش مشکلات کار فرما ہیں۔ اس وقت ٹویوٹا کو شمالی امریکا اور یورپ میں سخت مقابلے کا سامنا ہے جبکہ سوزوکی کو دیگر ترقی یافتہ منڈیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔ یاد رہے کہ ٹویوٹا پوری دنیا میں سالانہ 1 کروڑ سے زائد جبکہ سوزوکی تقریباً 28 لاکھ گاڑیاں فروخت کرتا آرہا ہے۔ جاپان کی مقامی مارکیٹ میں 8 ادارے گاڑیوں کے شعبے سے وابستہ ہیں جن میں سوزوکی کا شمار چوتھے بڑے کار ساز ادارے کے طور پر کیا جاتا ہے۔

Google App Store App Store

تبصرے بند ہیں.