ڈاٹسن گو: چھوٹے خاندان کے لیے بہترین گاڑی

0 208

یہ تو آپ کے علم میں ہوگا ہی نسان ایک بار پھر پاکستان میں اپنی گاڑیاں متعارف کروانے کی تیاریاں کر رہا ہے اور سلسلے میں ہم گندھارا نسان لمیٹڈ کو چند تجاویز بھی دے چکے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ بہت جلد نسان کی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں گی اور بغیر ڈگی والی چھوٹی گاڑی (ہیچ بیک) ڈاٹسن گو بھی ان میں سے ایک ہوگی۔

ڈاٹسن گو ایک ایسی گاڑی ہے جو نسان کو پاکستان میں بہت جلد مقبول کرسکتی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ اس کی قیمت ہے۔ بھارت میں ڈاٹسن گو 5.14 لاکھ پاکستانی روپے میں دستیاب ہے جبکہ اس کا MPV ورژن یعنی گو+ تقریباً 6.9 لاکھ پاکستانی روپے میں فروخت ہوتی ہے۔ اگر تمام ڈیوٹیز، ٹیکس وغیرہ کو ملا لیا جائے اور اس کی قیمت 10 لاکھ تک بھی ہو تو اسے پاکستان میں دستیاب مقامی گاڑیوں سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔

ڈاٹسن گو میں 1200 سی سی 3 سلینڈر انجن شامل ہے جس کے ساتھ 5 گیئر ہیں۔ 21 کلومیٹر فی لیٹر چلنے والی ڈاٹسن گو صرف 14 سیکنڈز میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار چھو سکتی ہے۔ اس میں 5 افراد بہت آرام سے بیٹھ سکتے ہیں اور اگر آپ اپنے سفر کو مزید پُرسکون بنانا چاہیں تو ائیر کنڈیشن، پاور اسٹیئرنگ، مرکزی لاک سسٹم اور موبائل ڈاکنگ اسٹیشن جیسی خصوصیات بھی شامل کرسکتے ہیں۔

اگر آپ نے کبھی ڈاٹسن گو کے بارے میں گوگل کیا ہو تو بہت سے جگہ اس کی تعریفوں کے پل نظر آئیں گے مثلاً یہ کہ ڈاٹسن گو کم قیمت گاڑی ہونے کے باوجود خوبصورت ہے اور اس میں دوران سفر آپ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ ڈاٹسن گو کا اندرونی حصہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ گو کہ اس میں ریڈیو نہیں لیکن آپ یو ایس بی یا اے یو ایکس پورٹ سے اپنا اسمارٹ فون منسلک کر کے پسندیدہ نغموں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اگر بیرونی حصے کی بات کریں تو اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ڈیزائن اور معیار میں اپنی ہم عصر گاڑیوں سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔

اس وقت مختصر گاڑیوں کی مارکیٹ میں مہران، سوفٹ اور ویگن آر جیسی گاڑیوں کے ساتھ پاک سوزوکی کی اجارہ داری ہے۔ لوگوں کے پاس زیادہ آپشنز بھی نہیں اس لیے انہیں پاک سوزوکی کا انتخاب کرنا ہے یا پھر برآمد کی گئی استعمال شدہ وٹز یا پاسو وغیرہ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ نسان کے پاس مختصر گاڑیوں کی مارکیٹ میں شامل ہونے کا بہترین موقع ہے۔

پاکستان میں نسان کی گاڑیاں اچھی سمجھی جاتی ہیں اور لوگ اس پر بھروسہ بھی کرتے ہیں۔ گوکہ ماضی میں نسان کی طرف سے پاکستان سرگرمیاں ختم کیے جانے سے صارفین کا اعتماد ڈانواڈول ہوا ہے لیکن میں پر امید ہوں کہ لوگ پاکستان میں نسان کو ایک بار پھر خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔ بس اس بار نسان کو اپنے پتے سمجھ داری سے کھیلنے ہوں گے۔

Datsun GO

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.