لیکسز CT 200h – پاکستان درآمد کی جانے والی گاڑیوں میں قابل ذکر اضافہ

0 193

لیکسز CT 200h کا شمار دنیا میں دستیاب چھوٹی اور سستی ترین لیکسز ہائبرڈ گاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ اس کے مضبوط ترین حریفوں میں آوڈی A3، بی ایم ڈبلیو 1-سیریز اور مرسڈیز بینز A کلاس شامل ہیں۔ گو کہ جرمن ادارے اپنی گاڑیوں کے کئی ماڈل متعارف کرواتے ہیں تاہم لیکسز CT کے محدود ماڈلز یکساں انجن کے علاوہ چند معمولی تبدیلیوں کے ساتھ دستیاب ہیں۔ لیکسز CT 200h کو پہلی مرتبہ جنیوا آٹو شو 2010 میں دکھایا گیا تھا۔ بعض لوگ CT کو انگریزی لفظ Creative Touring کا مخفف قرار دیتے ہیں جبکہ کچھ کے خیال میں یہ Compact Touring کو ظاہر کرتا ہے۔ 200h کی خاص بات جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی کا استعمال ہے جو 2000cc انجن کے مساوی کارکردگی پیش کرتی ہے۔ پاکستان میں یہ گاڑی 25 سے 30 لاکھ روپے میں خریدی جاسکتی ہے۔

2011-Lexus-CT-200h-Engine

انجن (Engine)
لیکسز CT 200h ہائبرڈ میں 4-سلینڈر 1800cc پیٹرول VVT-i انجن شامل ہے جو پرایوس (Prius) میں استعمال کیے جانے والے انجن جیسا ہی ہے۔ یہ انجن برقی موٹر اور جنریٹر کی مدد سے 134 ہارس پاور اور 207 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انجن کے ساتھ CVT ٹرانسمیشن منسلک ہے جو گاڑی کے اگلے پہیوں کو قوت منتقل کرتا ہے۔ یہ گاڑی 10.3 سیکنڈز میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرسکتی ہے۔ کار ساز ادارے کا کہنا ہے کہ لیکسز CT 200h ایک لیٹر پیٹرول پر 24.39 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔

لیکسز CT 200h کے چیسز ٹویوٹا کرولا اور ٹویوٹا میٹرکس کے پلیٹ فارم پر بنائے گئے ہیں۔ اس میں چار ڈرائیونگ موڈز ہیں: نارمل، اسپورٹس، اکانومی اور EV۔ اسپورٹس موڈ میں گاڑی کا زیادہ انحصار انجن پر ہوتا ہے جس سے گاڑی پر گرفت اور رفتار دونوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ جبکہ EV موڈ میں گاڑی صرف برقی موٹرز کی مدد سے چلتی ہے اور یوں ایندھن کا خرچ اور دھویں کا اخراج تقریباً نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی میں کنورٹ ایبل لیکسز LX570 صرف 3.7 کروڑ روپے میں دستیاب!

lexus-ct-2014-gallery-CT-0051_1024 576

اندرونی حصہ (Interior) اور حفاظتی سہولیات (Safety Features)
لیکسز CT 200h میں 7 انچ کی LCD، ہموار سفر کی سہولت، 8-ایئر بیگز، اسٹیئرنگ اور گیئر لیور پر چمڑے کے غلاف جیسی منفرد خصوصیات پیش کی جاتی ہیں۔ تفریحی نظام کی بات کریں تو مختلف ماڈلز کے اعتبار سے6 یا 10 اسپیکرز پر مشتمل آڈیو سسٹم بھی دیا جاتا ہے۔ مجموعی طور پر اس گاڑی میں وہ تمام خصوصیات شامل ہیں کہ جو کسی بھی پرتعیش ہائبرڈ ہیچ بیک میں شامل کی جاسکتی ہیں۔ جذباتی انداز کے باوجود اسے پرتعیش ہیچ بیکس میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ سیاہ اور خاکی رنگ سے مزین اندرونی حصے اور باہر موجود نئے بمپر اور اگلی جانب نئی LED ہیڈلائٹس بھی اسے اپنے حریفوں سے ممتاز بناتی ہیں۔

Lexus-CT-hybrid-200h-exterior-eminent-white-pearl-gallery-overlay-1204x677-LEX-CTH-MY14-003901

سفری تجربہ
لیکسز کی جانب سے سسپشن کو بہتر بنانے اور شاک آبزرور کے نئے ڈیزائن کی بدولت گاڑی کا سفر بہت آرامدہ محسوس ہوتا ہے۔ کار ساز ادارے نے کوائل اسپرنگز میں تبدیلی کرتے ہوئے اگلی اور پچھلی اسٹیبلائرز بارز کو لمبا کیا ہے۔ لیکسز کے انجینئرز نے گاڑی کی باڈی کو بہتر بنانے کے لیے بھی خاصی محنت کی اور یہی وجہ ہے کہ سفر کے دوران باہر کا شور اور گاڑی میں لرزش کا احساس نہیں ہوتا۔ اگر آپ کے خیال میں تمام ہی ہائبرڈ گاڑیوں میں آرامدے اور پرسکون سفر کیا جاسکتا ہے تو یہ سمجھیے کہ CT 200h بہت زیادہ آرامدے اور پرسکون سفری تجربہ فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں: ٹوکیو آٹو سلون 2016 میں V8 انجن کی حامل لیکسز LFA کا دھمال

غرض یہ کہ لیکسز CT 200h ایک بہترین ہائبرڈ ہے جو ٹویوٹا پرایوس کا متبادل بھی ثابت ہوسکتی ہے۔ گو کہ ان دونوں ہی گاڑیوں میں یکساں انجن استعمال کیا گیا ہے لیکن اگر آپ لیکسز کے L والے نشان کی گاڑی رکھنا چاہتے ہیں تو پھر یہ ہائبرڈ بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.