استعمال شدہ کار خریدنے سے پہلے کن باتوں کو مد نظر رکھنا بہت ضروری ہے؟

0 218

بہت سی وجوہات آپ کو نئی گاڑی کے بجائے استعمال شدہ کار خریدنے پر مجبور کر سکتی ہیں۔ عام طور پر اس کی وجہ بہت محدود وسائل میں گاڑی خریدنا ہوتا ہے مگر اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہے کہ آپ کوئی خراب گاڑی خرید لیں کیونکہ مارکیٹ میں آپ کے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں۔ استعمال شدہ گاڑی خریدنے سے پہلے آپ کو درج زیل باتوں کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔

خریداری کا پلان

کوئی بھی گاڑی خریدنے سے پہلے آپ کو اپنی ضروریات اور وسائل کا علم ہونا چاہیے۔ باقی آپ کا بجٹ ہی اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ آپ کون سی گاڑی خریدیں گے۔ جب آپ کو اپنی ضروریات کا صحیح سے علم ہوجائے کہ آپ کون سا ماڈل، انجن اور خصوصیات کی حامل گاڑی خریدنا چاہتے ہیں تو آپ ان تمام گاڑیوں کی ایک لسٹ بنا لیں۔ گاڑی خریدنے سے پہلے آپ اس بات کا بھی تعین کرلیں کہ آپ گاڑی کے لیے پیسہ کس طرح سے ادا کریں گے۔ نقد رقم، بینک ٹرانسفر اور بینک لون چند آپشنز ہیں۔ جب یہ سب کام مکمل ہوجائے تو پھر آپ مارکیٹ میں وہ گاڑیاں تلاش کرنا شروع کردیں۔

بیرونی حصہ کی جانچ

فرض کر لیتے ہیں کہ آپ کو آپ کی من چاہی گاڑی مل گئی ہے۔ تو سب سے پہلا اور بنیادی کام یہ ہے کہ آپ گاڑی پر ایک نظر ڈالیں اور اس کے بیرونی حصہ پر کسی بھی قسم کے نقصان، دوبارہ سے پینٹ کیے گئے حصہ کو ڈھونڈنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ پر یہ بات واضع ہوجائے گی کہ گاڑی کی حالت کیسی ہے۔ اگر اس گاڑی کی بیرونی حالت خراب ہے تو سمجھ جائیں کہ اس گاڑی کو بہت بری طرح سے استعمال کیا گیا ہے اور یہ وہ گاڑی بالکل نہیں ہے جو آپ ڈھونڈ رہے ہیں۔ خراب حصوں کو ڈھونڈنا بہت آسان کام ہے اور یہ کوئی بھی کرسکتا ہے۔ گاڑی کی باڈی کا کلر مختلف ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ گاڑی یا تو ہیٹ سے متاثر ہوئی ہے یا دوبارہ سے پینٹ کی گئی ہے۔

اندرونی حصہ کی جانچ

بیرونی حالت کو ایک طرف کرتے ہیں، کار کا اندرونی حصہ وہ جگہ ہے جہاں آپ اپنا زیادہ تر وقت صرف کریں گے۔ ایک صاف ستھرا اندرونی حصہ نہ صرف آنکھوں کو بھلا لگتا ہے بلکہ یہ آپ کی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ گاڑی کی سیٹس کی حالت، فلور کارپٹ، فلور میٹ اور الیکٹرونک چیزوں کو چیک کریں۔ ایک گندی گاڑی میں اتنے بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں جو آپ کو اور آپ کے پیاروں کو بیمار کردینے کے لیے کافی ہیں۔ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ گاڑی کی تمام الیکٹرونک اشیاء ٹھیک سے کام کر رہی ہیں۔ خصوصی طور پر گاڑی کے اے سی، ہیٹر، لائٹس، اور انسٹرومنٹ کلسٹر کو چیک کریں۔ خراب سیٹس، پینل پر سے اترا ہوا پینٹ، اور خراب بٹن اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ گاڑی کو ٹھیک سے نہیں رکھا گیا۔

گاڑی کے انجن کو دیکھیں

ایکسیڈینٹ زدہ گاڑی کے بہت سے حصے یا تو تبدیل کر دیے جاتے ہیں یا ان کی مرمت کی جاتی ہے۔ پرزوں کا بدل دینا بالکل بھی بری بات نہیں ہے کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہت سے حصے تبدیل کرنا پڑتے ہیں مگر یہ دیکھنا بہت ضروری ہے کہ گاڑی میں گھٹیا کوالٹی کے پارٹس تو استعمال نہیں کیے گئے۔ گاڑ ی کی خراب آوازیں، سفید دھواں، گاڑی کے خراب انجن کو ظاہر کرتا ہے جو آگے چل کر آپ کے لیے بہت زیادہ مسئلہ کا باعث بن سکتا ہے۔ گھٹیا کوالٹی کے پارٹس سے گاڑی کی عمر بھی کم ہوجاتی ہے اور اس لیے یقینی بنائیں کہ گاڑی میں تمام معیاری پرزے استعمال کیے گئے ہیں۔ ان پرزوں میں بیٹری، سپارک پلگ، اور تاریں چند اشیاء ہیں جن کو دیکھنا بہت ضروری ہے۔

ٹیسٹ ڈرائیو

جب آپ گاڑی کے انجن، بیرونی اور اندرونی حالت کو دیکھ لیں تو اس کے بعد آپ کو گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو لینی چاہیے۔ یہ ایک انتہائی اہم مرحلہ ہوتا ہے جو کہ گاڑی کی ڈیل بنانے یا ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے کیونکہ گاڑی چلانے سے ہی آپ بہتر طور پر دیکھ سکتے ہیں کہ گاڑی چلنے میں کیسی ہے اور بہت سے مسائل ٹیسٹ ڈرائیو میں ہی سامنے آ جاتے ہیں۔ اندرونی حصہ کا کانپنا، سٹئیرنگ، انجن اور بریک چیک کرنے کے لیے بھی ٹیسٹ ڈرائیو لازمی ہے۔ اگر گاڑی ہموار سڑک پر بھی ٹھیک سے نہیں چلتی تو آپ سمجھ جائیں کہ اس کے شاکس یا ٹائر خراب ہو چکے ہیں یا اس کی الائنمنٹ ہونے والی ہے۔ اگر چہ ٹائروں کی الائنمنٹ زیادہ بڑا کام نہیں ہے لیکن اگر گاڑی کا سسپینشن سسٹم خراب ہے تو یہ ایک بہت مہنگا کام ہوسکتا ہے۔ اگر ٹائروں کی بات کریں تو عام طور پر استعمال شدہ گاڑی کے ٹائر اچھی حالت میں نہیں ہوتے اور انہیں جلد ہی تبدیل کروانا پڑتا ہے مگر یہ اصول ہر گاڑی پر لاگو نہیں ہوتا۔ اگر آپ اس بارے میں یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ گاڑی کے ٹائر خراب ہیں یا نہیں تو آپ نیچے لنک پر کلک کرکے ٹائروں کے متعلق مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

سیکیورٹی چیک

اگر آپ اس گاڑی سے ہر طرح سے مطمئن ہیں اور اس گاڑی کو خریدنا چاہتے ہیں تب بھی گاڑی خریدنے میں جلدی نہ کریں بلکہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گاڑی بیچنے والا ہی اس گاڑی کا حقیقی مالک ہے۔ یہ مرحلہ اس صورت میں مزید اہم ہو جاتا ہے اگر آپ کسی اجنبی سے گاڑی خرید رہے ہوں اور اس سب میں کوئی ڈیلر شامل نہ ہو۔ آپ گاڑی کے مالک کا شناختی کارڈ نمبر اور گاڑی کا رجسٹریشن نمبر مانگ سکتے ہیں اور متعلقہ حکام کو یہ معلومات دے کر آپ گاڑی کی مکمل تفصیل حاصل کرلیں گے۔ کسی بھی جرم کے مرتکب شخص سے گاڑی ہرگز نہ خریدیں۔ اس سے آپ بہت زیادہ مشکلات سے بچ سکتے ہیں جن کا آپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔ اگر سب کچھ ٹھیک ہے تو مبارک ہو آپ کو اپنی اگلی زبردست گاڑی مل گئی ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.