ٹائر میں ہوا کا درست تناسب کیوں ضروری ہے؟ چار اہم وجوہات جانیے!

0 1,117

گاڑی کے ٹائر میں بھری جانے والی ہوا کا تناسب کئی اعتبار سے آپ کی گاڑی اور اس کی کارکردگی پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ اس مضمون میں ہم ان چار اہم اور بنیادی نکات کے بارے میں بتارہے ہیں کہ جن کا براہ راست تعلق ٹائر میں ہوا کے درست تناسب سے ہے۔ امید ہے کہ قارئین یہاں پیش کی جانے والی تجویز پر عمل کرتے ہوئے گاڑی کے ٹائر کو لمبے عرصے تک قابل استعمال رکھ سکیں گے۔

general-tyres-pakistan

درجہ حرارت سے تعلق
ترقی یافتہ ممالک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں کے اندر ٹائر میں ہوا کی مقدار پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی سسٹم لگایا جارہا ہے۔ چونکہ پاکستان میں اس قسم کا کوئی نظام گاڑیوں میں شامل نہیں لہٰذا اپنی گاڑی کے ٹائروں میں ہوا کا تناسب جانچنے کے لیے ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم خرید سکتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق درجہ حرارت میں 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ تبدیلی پر ٹائر میں بھری ہوا کی مقدار میں 1 پاؤنڈ فی مربع انچ تبدیلی ہوتی ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ٹائر میں ہوا کے تناسب اور درجہ حرارت کے مابین براہ راست تعلق ہے۔

tire_pressure_monitor

بہتر گرفت پائیں
خشک اور ریتیلی شاہراہوں پر سفر کرتے ہوئے ٹائر میں ہوا کی مقدار کم کرنے کی تجویز دی جاتی ہے۔ اس سے پہیہ زیادہ ہموار رہتا ہے اور سڑک پر اس کی گرفت بہتر ہوجاتی ہے۔ جبکہ نمی اور زیر آب شاہراہوں پر سفر کے لیے اس کے بالکل متضاد تجویز دی جاتی ہے۔ ایسی شاہراہوں پر سفر کے دوران ہوا کی مقدار بڑھانے کے فوائد سمجھنے سے پہلے ہائیڈروپلاننگ کو سمجھنا ضروری ہے۔ ایکوا پلاننگ یا ہائیڈروپلاننگ دراصل پانی کی وہ تہہ ہے جو سفر کے دوران گاڑی، ہوائی جہاز یا کسی اور حرکت کرنے والی چیز کے پہیوں اور سڑک کے درمیان حائل ہوجاتی ہے۔ اس سے گاڑی کی سڑک گرفت کمزور پڑجاتی ہے اور اسٹیئرنگ ویل بے قابو ہوجانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسی صورت میں اگر ہوا کی مقدار بڑھادی جائے تو ٹائر پھول جاتے ہیں اور پانی کی تہہ کو چیر کر سڑک پر بہتر گرفت بناسکتے ہیں۔ یوں ہائیڈروپلاننگ کے خطرات سے بخوبی نمٹا جاسکتا ہے۔ ٹائر میں ہوا کی مقدار بڑھانے یا گھٹانے سے پہلے ضروری ہے کہ آپ گاڑی کے ساتھ دیئے گئے کتابچے میں درج ٹائر کی حدود سے واقف ہوں۔

Tyre pressure hydroplaning

ایندھن بچانے میں معاون
ٹائر میں ہوا کی مقدار سے ایندھن کی کھپت بڑھنے یا گھٹنے کا معاملہ سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ قوت مدافعت (جسے انگریزی میں resistance کہا جاتا ہے) سے متعلق جانتے ہوں۔ سفر کے دوران پہیے کو گھومنے کے لیے ہموار سطح درکار ہوتی ہے۔ کسی ہموار سطح پر پہیوں کو گھومنے سے روکنے والی چیز کو مدافعتی قوت (rolling resistance) کہتے ہیں۔ گاڑی کو بہتر انداز میں سفر کرنے کے لیے سطح اور پہیے پر کم از کم مدافعتی قوت ہونی چاہیے۔ٹائر میں موجود ہوا کی مقدار اور مدافعتی قوت میں براہ راست تعلق ہے۔ اگرہوا کی مقدار کم ہوجائے تو مدافعتی قوت بڑھ جاتی ہے اورانجن کو زیادہ قوت صرف کرنا پڑتی ہے جس سے ایندھن کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے۔ لہٰذا پہیے کو گھومنے سے روکنے والی مدافعتی قوت کو کم رکھنے کے لیے ٹائر میں ہوا کا درست تناسب رکھا جانا چاہیے۔

Tyre pressure Fuel economy

ٹائر خراب ہونے کا امکان
گاڑی کے ٹائر میں بھری گئی ہوا کا درست تناسب لمبے عرصے تک پہیوں کو قابل استعمال رکھنے میں بہت مددگار ہے۔ اگر ہوا کا تناسب کم ہوجائے تو اس سے گاڑی کے دائیں اور بائیں کونے گھس جانے کا امکان رہتا ہے جبکہ ہوا کی مقدار زیادہ رکے جانے سے ٹائر کا درمیانی حصہ رگڑ جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ لہٰذا گاڑی کے ٹائر میں ہوا کا تناسب درست رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور ٹائر کو جلد خراب ہونے سے محفوظ رکھیں۔

Tyre wear pressure

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.