حکومت اور آٹو مینوفیکچررز جلد ہی گاڑیوں کی قیمتوں پر ‘نظرثانی’ کریں گے!

1 7,718

وفاقی حکومت اور لوکل کار مینوفیکچررز سال کے اختتام پر دسمبر میں ملک میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بات کریں گے۔ دونوں نئی آٹو پالیسی پر گفتگو سے پہلے مذاکرات کریں گے۔

پاکستان کی پہلی آٹو ڈیولپمنٹ پالیسی (ADP) 2016-2021ء کی میعاد 30 جون 2021ء کو ختم ہو جائے گی؛ اس لیے دونوں مل بیٹھیں گے نئی پالیسی پر بات کریں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی (IMC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی نے کہا ہے کہ کمپنیوں نے زیادہ ٹیکسز کی وجہ سے قیمتیں بڑھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ٹیکس میں رعایت سے گاڑیوں کی قیمتوں میں بالآخر کمی آئے گی۔”

جمالی نے مزید کہا کہ آٹو سیکٹر نے ٹیکس کو معقول حد تک لانے کے لیے حکومت کو اپنی تجاویز دی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ “اگر حکومت فیڈرل ایکسائز اور ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹیز ختم کر دے تو مینوفیکچررز گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کریں گے۔”

IMC کے سی ای او نے مزید کہا کہ حکومت دسمبر میں ٹیکسز پر نظرثانی پر رضامند ہے، جب حکومت اور آٹو انڈسٹری آٹو پالیسی پر دوبارہ مذاکرات کریں گے۔

گاڑیوں کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ:

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی آنے کے باوجود IMC اور پاک سوزوکی نے اپنے مختلف ماڈلز کی قیمتیں بڑھائی ہیں۔ پچھلے ہفتے IMC نے اپنے جدید ماڈل یارِس کی قیمت میں 40,000 روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔ کمپنی نے کار کے تمام ویرینٹس کی قیمت بڑھائی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمپنی نے نئی قیمتیں 13 اکتوبر 2020ء سے نافذ کی ہیں۔

نوٹیفکیشن کہتا ہے کہ یارِس 1.3L MT کا بَیس ویرینٹ اب 25,09,000 روپے کا ہوگا جبکہ پرانی قیمت 24,69,000 روپے تھی۔ اس کے علاوہ 1.3GLI CVT کی نئی قیمت 26,89,000 روپے ہے، جو 26,49,000روپے پر 40,000 روپے اضافے کے ساتھ یہاں پہنچی ہے۔

اس کے علاوہ 1.3 ATIV MT کی نئی قیمت 26,19,000 روپے ہے جو پہلے 25,79,000 روپے تھی۔ نوٹیفکیشن یہ بھی کہتا ہے کہ 1.3 ATIV CVT اب 27,69,000 روپے کی اور 1.5 ATIV X MT اب 28,29,000 روپے کی پڑے گی۔

اس کےساتھ ساتھ ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ 1.5 ATIV X CVTکی قیمت تقریباً 30 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو 29,59,000 روپے کے بجائے اب 29,99,000 روپے کی ہے۔

ادھر پاک سوزوکی نے بھی اس ہفتے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں 42,000 روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔ کمپنی نے آلٹو ویگن آر اور سوئفٹ کی قیمتوں میں تبدیلی کی ہے۔ کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق آلٹو VXR اورآلٹو AGS کی نئی قیمت میں 35,000 روپے کا اضافہ ہوا ہے جو اب بالترتیب 14,33,000 روپے اور 16,33,000روپے کی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ویگن آر VXR کی نئی قیمت 42,000 روپے کے اضافے کے بعد 16,40,000 روپے  ہے جو پہلے 15,98,000 روپے تھی۔ اس کے علاوہ ویگن آر VXL کی قیمت اب 16,95,000 روپے کے بجائے 17,30,000 روپے ہوگی۔

سوئفٹ MT کی قیمت میں بھی 35,000 کا اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب یہ 20,30,000 روپے کی ہے، جبکہ سوئفٹ AT کی نئی قیمت 35,000 روپے کے اضافے کے بعد 21,40,000 روپے ہے۔

 

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.