دوران سفر ریڈیو لگائیں اور پاکستان سپر لیگ کا لطف اٹھائیں

1 210

پاکستان کی سب سے بڑی ٹی ٹوینٹی لیگ متحدہ عرب امارات میں شروع ہوا چاہتی ہے۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں اس کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا لیکن پھر بھی پاکستانیوں کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ بچے، بوڑھے، جوان، خواتین سب ہی اپنی اپنی ٹیموں کے حمایت میں کمر بستہ ہوچکے ہیں۔ اپنے پسندیدہ اسٹار کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیےسب ہی بے تاب ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (PSL 2016) کا پہلا میچ آج، 4 فروری بروز جمعرات اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ زیادہ تر مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلے جائیں گے البتہ جس روز 2 میچز شیڈول ہوں، اس روز ایک میچ شام 4 بجے بھی کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2016 کے پانچ مشہور کھلاڑی اور ان کی پرتعیش گاڑیاں

پاکستان میں تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس، جیو سوپر اور ٹین اسپورٹس پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ انٹرنیٹ صارفین یوٹیوب کے ذریعے براہ راست میچ سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ امید ہے کہ یوٹیوب پر دکھائی جانے والی لائیو اسٹریمنگ اشتہارات سے پاک ہوگی اور شائقین کرکٹ کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گی۔

لیکن اگر آپ گاڑی ڈرائیو کر رہے ہیں یا کسی اور کے ساتھ محو سفر ہیں تو پھر ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ پر میچ دیکھنا ممکن نہیں۔ گھبرائیے مت! اس مسئلہ کا آسان حل ریڈیو کی صورت میں موجود ہے کہ جس سے آپ PSL 2016 کے ہر مقابلے کی براہ راست کمنٹری سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلی کرکٹ کا بڑھتا ہوا رجحان خطرناک حادثات کی وجہ بن سکتا ہے

پاکستان، متحدہ عرب امارات اور انگلستان میں پاکستان سپر لیگ کی براہ راست کمنٹری کا ذمہ ہم ایف ایم 106.2 نے اٹھایا ہے۔ متحدہ عرب امارات سے میچ کی اپڈیٹس پہنچانے کے لیے انگریزی تجزیہ کار ایرک گاؤڈر اور اردو تبصرہ کار طارق سعید کے علاوہ ہارون رشید اور عقیل ثمر کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ تو آپ کہیں جا رہے ہوں یا کہیں سے آرہے ہوں، ٹریفک میں پھنسے ہوں یا کسی جگہ سیر و تفریح کر رہے ہوں، ہم ایف ایم کی خصوصی نشریات آپ کے ساتھ رہے گی۔

انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے میں بس چند ہی گھنٹے باقی ہیں۔ہمیں امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا شاندار انعقاد پاکستان اور کرکٹ دونوں کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔ اس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں مدد ملنے کے ساتھ نئے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھی موقع ملے گا۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.